لاہور: چوہنگ کے علاقے میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 1st, March 2025 GMT
لاہور:
چوہنگ کے علاقے میں فائرنگ کے واقعے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی شناخت قربان علی کے نام سے ہوئی ہے جو کہ ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر تعینات تھا۔
پولیس کے مطابق قربان علی کو سفاری پارک کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ واقعے کے بعد زخمی اہلکار کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات جاننے کے لیے قریبی علاقوں میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد لی جا رہی ہے اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لاہور، رکشہ ڈرائیور کی جان بچانے والا پولیس اہلکار ٹرک کے ٹائر تلے آ کر شدید زخمی ہو گیا
لاہور:شاہدرہ فلائی اوور پر ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں پولیس کانسٹیبل حامد نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر رکشہ ڈرائیور کی زندگی بچائی، مگر بدقسمتی سے خود شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق شاہدرہ فلائی اوور پر ٹرک کی چڑھائی پر بریک فیل ہوگئیں جس کے بعد ٹرک بے قابو ہوکر رکشہ کی طرف آنا شروع ہوگیا۔
ناکے پر کھڑے پولیس اہلکار کانسٹیبل حامد نے فوراً صورتحال کو بھانپتے ہوئے رکشہ ڈرائیور کو پیچھے دھکیل دیا تاکہ وہ محفوظ رہ سکے، تاہم ٹرک کانسٹیبل حامد پر چڑھ گیا اور اس کی دونوں ٹانگیں کچل گئیں۔
کانسٹیبل حامد کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت ابھی بھی نازک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے کر ٹرک کو قبضے میں لے لیا ہے جبکہ اس افسوسناک واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔