باجوڑ؛ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 14th, March 2025 GMT
باجوڑ: نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہل کار جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ تحصیل سالار زئی کے علاقے چوترہ میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح ملزمان نے اچانک فائرنگ کرکے پولیس اہل کار 40 سالہ ملک ریحان آف متہ شاہ کو قتل کردیا۔
فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہو گئے جب کہ اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے لاش کو اسپتال منتقل کیا۔
حکام کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ ذاتی دشمنی کا لگتا ہے۔
پولیس نے شواہد اور بیانات کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، ملیر میں منگنی کی تقریب کے دوران فائرنگ سے باپ بیٹا زخمی
کراچی:شہر قائد کے علاقے ملیر میمن گوٹھ میں منگنی کی تقریب کے دوران فائرنگ سے باپ بیٹا زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق میمن گوٹھ کے علاقے ملیر در محمد گوٹھ میں فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے ، زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں 55 سالہ محمد خان ولد یار محمد اور اس کا بیٹا 25 سالہ حزیب ولد محمد خان شامل ہیں۔
واقعہ منگنی کی رسم کے دوران اتفاقیہ گولی چلنے سے پیش آیا ، علاقہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔