پی ٹی آئی انسداد دہشت گردی پر قومی اتفاق رائے کا حصہ بننے کیلئے تیار
اشاعت کی تاریخ: 18th, March 2025 GMT
اسلام آباد (نیوز ڈیسک)دہشت گردی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے منگل (آج) کو ہونے والا پارلیمانی رہنمائوں کا ان کیمرہ اجلاس پاکستان تحریک انصاف کیلئے ایک اہم موقع ہوگا کہ یہ جماعت محاذ آرائی سے آگے بڑھ کر قومی دھارے میں شرکت کرکے اپنا کردار ادا کرے۔ پارٹی کے دیگر رہنمائوں کے ساتھ آج اس اہم اجلاس میں شرکت کرنے والے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ پی ٹی آئی انسداد دہشت گردی پر قومی اتفاق رائے کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمیں انسداد دہشت گردی کے حوالے سے قوم کے متحدہ موقف کا حصہ سمجھا جائے، پارٹی کے اندر موجود معتدل مزاج رہنمائوں نے قیادت کو اس اہم اجلاس میں شرکت کیلئے قائل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ پارٹی کے کچھ رہنمائوں پہلے تو اس بات پر اصرار کیا کہ اجلاس میں شرکت سے قبل جیل میں قید بانی چیئرمین عمران خان کی منظوری لی جائے۔ تاہم، ان رہنمائوں کے خیال کو مسترد کر دیا گیا کیونکہ ڈر تھا کہ یہ نہ سمجھ لیا جائے کہ یہ انتہائی اہمیت کے حامل قومی معاملے پر ہونے والے اجلاس سے جان چھڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے اعتراف کیا کہ پارٹی کو اپنے حد سے زیادہ محاذ آرائی کے امیج کو ختم کرنا ہوگا اور اس اہم موقع کو دہشت گردی کیخلاف قوم کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کیلئے استعمال کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان سب کے باوجود پی ٹی آئی رہنما پارٹی کو درپیش مبینہ نا انصافیوں اور ان کے وسیع تر اثرات کے حوالے سے اپنی شکایات اجاگر کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب اندرونی طور پر ایک اہم پیشرفت یہ ہوئی ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی مرتبہ سخت گیر موقف رکھنے والے عناصر کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔ جیسا کہ اس اخبار میں خبر شائع ہوئی تھی کہ سیاسی کمیٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پارٹی کے موقف اور بیانات کی مانیٹرنگ اور انہیں ضابطے میں لانے کا فیصلہ کیا ہے اور ساتھ ہی پارٹی کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کیے جانے والے غیر ذمہ دارانہ بیانات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی رہنمائوں کا ایک وفد بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کرے گا اور انہیں تجویز دے گا کہ ایک ایسی کمیٹی تشکیل دی جائے جو پارٹی کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی نگرانی کرے تاکہ منظم اور اسٹریٹجک آن لائن موجودگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انصار عباسی
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: پی ٹی ا ئی میں شرکت پارٹی کے
پڑھیں:
بدقسمتی سے اسمبلی فورمز کو احتجاج کا گڑھ بنا دیا گیا : ملک محمد احمد خان
لاہور(این این آئی)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے اسمبلی فورمز کو احتجاج کا گڑھ بنا دیا گیا ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ معاملات ایسے ہیں جن پر آپ کو متفق ہونا پڑے گا، سیاست کو ایک رستہ ملنا چاہیے۔ملک محمد احمد خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے بڑی اچھی بات کی ہے کہ انہوں نے بات چیت کے دروازے کو کھولا ہے، بات چیت ہی واحد حل ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں، ہم اکنامک گروتھ چاہتے ہیں۔ صوبوں میں بیٹھے لوگ وفاق سے نہ بات کریں تو بنیادیں ہل جاتی ہیں، جنگوں یا قتل کے بعد بھی بات چیت سے ہی مسئلہ حل کیا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی دہشت گردی کے ثبوت دنیا کے سامنے رکھے ہیں، پاکستان نے اپنی سفارتی و جنگی برتری دونوں ثابت کیں، پاکستانی انٹیلی جنس کی برتری کو بھی دنیا نے تسلیم کر لیا، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کرتا ہے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں پیسے دے کر لوگوں کو خرید کر پاکستان میں دہشت گردی کرواتا ہے، پاکستان میں پراکسی کا لبادہ اوڑھ کر بھارتی سرمایہ کاری ہوتی ہے، بھارتی جاسوس کلبھوشن اور جہلم کے اسٹیشن سے بھارتی جاسوس پکڑے، پہلگام واقعے کو بہانہ بنا کر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، پہلگام واقعے کو چار پانچ ماہ ہو گئے، 150 دنوں میں ثبوت نہ دیا تو الزام کی کیا حیثیت رہ جاتی ہے۔