نیو کراچی میں فائرنگ سے 1شخص جاں بحق 2 زخمی، پولیس کو بھتہ خوری کا شبہ
اشاعت کی تاریخ: 21st, March 2025 GMT
کراچی کے علاقے نیو کراچی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ بھتہ خوری کا شاخسانہ ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہے۔
نیو کراچی میں 5 نمبر پر افطار کے وقت فائرنگ کی گئی جس سے ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی اور دیگر افسران موقع پر پہنچ گئے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ذیشان صدیقی کے مطابق مقتول جبار اپنے دیگر ساتھیوں احتشام اور بابو کے ساتھ افطار کر رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان پہنچے اور فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ بھتہ خوری کا شاخسانہ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی فائرنگ کی گئی تھی جس پر پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن یونٹ کو منتقل کردی تھی اور اس سلسلے میں ایک ملزم گرفتار بھی ہوا تھا۔
ایس ایس پی ذیشان صدیقی کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے جبکہ آس پاس لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ بھی حاصل کی جارہی ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
چارسدہ میں ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل شہید، سب انسپکٹر زخمی
خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ کی تحصیل پڑانگ میں چھاپے کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل شہید ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تحصیل پڑانگ میں پولیس پارٹی پر چھاپے کے دوران نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس میں پولیس کانسٹیبل اور ایس ایچ او کے گن مین شہید جبکہ سب انسپکٹر زخمی ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ کے مطابق شہید اہلکار کی لاش اور زخمی پولیس اہلکار کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چارسدہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس اطلاع پر اشتہاری ملزمان کے خلاف چھاپے مارنے گئی تھی۔
فائرنگ کے واقعہ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ شہید ہیڈ کانسٹیبل فصیح الدین کی میت کو ضابطے کی کارروائی کے بعد پولیس لائنز چارسدہ منتقل کر دیا گیا جہاں رات کو 12 بجے نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد جسد خاکی آبائی گاؤں درگئی روانہ کیا جائے گا۔