پاکستان اور روس کا تجارت و صنعتی شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے پر زور
اشاعت کی تاریخ: 27th, March 2025 GMT
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور روس کے نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچک کی ملاقات ہوئی ہے۔ یہ ملاقات باؤ فورم برائے ایشیا کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے توانائی، تجارت اور صنعتی شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران پن بجلی کے شعبے میں تعاون کے مواقع پر بھی بات چیت کی گئی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان روس فریٹ پائلٹ ٹرین منصوبے کو اہم قرار دیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان روس فریٹ پائلٹ ٹرین منصوبہ 31 مارچ 2025 کو شروع ہوگا۔
وزیر خزانہ نے روس کے تعاون سے پاکستان میں ایک نئی اسٹیل مل کے قیام پر گفتگو کی، ملاقات کے دوران اس حوالے سے فزیبلٹی اسٹڈی اور لاگت کے تخمینے کا جائزہ لیا گیا۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے قصر الیمامہ میں ملاقات، دوطرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے ریاض میں واقع قصرِ الیمامہ میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی سرکاری ٹی وی کے مطابق، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے قصرِ الیمامہ کے شاہی دیوان میں وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کے اعزاز میں سرکاری استقبالیہ تقریب بھی منعقد کی گئی۔
قصرِ الیمامہ ریاض میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس سے قبل بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ریاض پہنچے تھے، جہاں ان کا استقبال ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمان بن عبدالعزیز نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کیا۔
استقبال کرنے والوں میں وزیر سرمایہ کاری انجینیئر خالد الفالح، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور ریاض میں پاکستان سفیر احمد فاروق بھی شامل تھے۔
اس موقع پر وزیرِاعظم کو 21 توپوں کی سلامی اور سعودی عرب کی افواج کے چاق چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
اس سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف کے طیارے کو سعودی عرب کی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی سعودی ایئر فورس کے ایف 15 جہازوں نے اپنے حفاظتی حصار میں لے کر استقبال کیا۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق توقع ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں تعاون کو باضابطہ شکل دی جائے گی جو دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید بڑھانے اور گہرا کرنے کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
بیان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں جس کی جڑیں مشترکہ مذہبی اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔