Express News:
2025-07-25@01:28:53 GMT

ڈالر کے مقابل روپیہ بتدریج استحکام کی جانب گامزن

اشاعت کی تاریخ: 28th, March 2025 GMT

کراچی:

چین کو ایک ارب ڈالر مالیت کے تجارتی قرض واپس کرنے کے بعد ادائیگیوں کے بوجھ میں کمی اور آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول کا معاہدہ طے پانے سے ڈالر کے مقابلے میں روپیہ بتدریج استحکام کی جانب گامزن ہوگیا۔

زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں جمعرات کو ڈالر کی بہ نسبت روپیہ تگڑا رہا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ طے پانے کے نتیجے میں انفلوز کی امیدوں، رواں سال کے اختتام تک 300ملین ڈالر کے پانڈا بانڈز متعارف کرائے جانے اور پانڈا بانڈز تجربہ کامیاب ہونے کی صورت میں مزید بانڈز متعارف کرانے کی حکمت عملی، رمضان المبارک اور عیدالفطر کی وجہ سے اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر کی آمد بڑھنے جیسے عوامل کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیئے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا۔

ایک موقع پر ڈالر کی قدر 21پیسے کی کمی سے 280روپے کی سطح پر آگئی تھی تاہم وقفے وقفے سے درآمدی نوعیت کی ڈیمانڈ بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 05پیسے کی کمی سے 280روپے 16پیسے کی سطح پر بند ہوئی، اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 09پیسے کی کمی سے 281روپے 85پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اسٹاف لیول معاہدے کے نتیجے میں آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سے قرض پروگرام کی ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط اور ایک ارب 30کروڑ ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ کے اجراء جیسے عوامل روپے کی قدر میں استحکام کا باعث بن گئے ہیں۔

.

ذریعہ: Express News

کلیدی لفظ: ڈالر کی کی قدر

پڑھیں:

ڈالر کی قمت میں بڑی کمی کا امکان ہے، ذخیرہ اندوزی نہ کریں، ملک بوستان

کراچی:

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان نے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اب مزید اضافہ نہیں ہوگا اور عوام ڈالر کی ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں کیونکہ ڈالر کی قیمت 270 روپے تک واپس آنے کا امکان ہے۔

ملک بوستان نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ڈالر کی قدر میں اضافے کی ایک بڑی وجہ افغانستان اور ایران میں اسمگلنگ ہے، جہاں اسمگلرز کے ایجنٹس قانونی منی چینجرز سے زیادہ نرخ کی پیش کش کر کے مارکیٹ سے ڈالر خرید رہے ہیں اور اس وجہ سے لیگل منی چینجرز کے کاؤنٹرز پر ڈالر کی سپلائی کم ہوگئی ہے اور ڈالر گرے اور بلیک مارکیٹ میں فروخت ہو رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے حالیہ قانون کے تحت دو لاکھ روپے سے زائد کیش ٹرانزیکشن پر ٹیکس کے نفاذ کے بعد نان فائلرز بلیک مارکیٹ سے ڈالر خرید کر اپنی شناخت چھپا رہے ہیں، جس سے ڈالر کی طلب میں اضافہ ہوا۔

ملک بوستان نے بتایا کہ حکومت کو تجویز دی ہے کہ اسٹیٹ بینک کے سرکلر کے مطابق دو ہزار ڈالر تک کی کیش خریداری پر ٹیکس عائد نہ کیا جائے تاکہ عوام قانونی چینلز سے ڈالر خریدیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان تجاویز پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کی ہے اور ایف آئی اے نے کرنسی اسمگلرز کے خلاف چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کے مثبت اثرات آنا شروع ہو گئے ہیں اور آج اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 60 پیسے کمی کے بعد 288 روپے پر آ گئی ہے جبکہ انٹر بینک میں ڈالر 285 روپے سے کم ہو کر 284 روپے 76 پیسے پر بند ہوا۔

ملک بوستان نے اُمید ظاہر کی کہ اگر ہنڈی حوالہ کے خلاف اسی طرح کریک ڈاؤن جاری رہا تو ڈالر کی قیمت 280، 270 اور حتیٰ کہ 250 روپے تک بھی گر سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک نے گزشتہ 9 ماہ کے دوران انٹر بینک سے 9 ارب ڈالر خرید کر اپنے ذخائر 20 ارب ڈالر تک پہنچا دیے ہیں اور اب انٹر بینک سے ڈالر خریدنا بند کر دیا ہے، جس کے بعد ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ نہیں ہوگا بلکہ کمی متوقع ہے۔

ملک بوستان نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، ڈالر کی ذخیرہ اندوزی سے بچیں اور قانونی ذرائع سے لین دین کو ترجیح دیں کیونکہ روپیہ اس وقت انڈر ویلیو ہے اور ڈالر کی اصل ویلیو 250 روپے بنتی ہے۔

متعلقہ مضامین

  • سعودی نیول چیف کی جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز آمد، دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
  • سعودی عرب کا شام میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان
  • ڈالر کی قمت میں بڑی کمی کا امکان ہے، ذخیرہ اندوزی نہ کریں، ملک بوستان
  • جنرل ساحر شمشاد مرزا کی 17 ویں بین الاقوامی دفاعی صنعتی میلے میں شرکت
  • اسلام آباد ٹریفک پولیس کے انسپکٹر کی ایمبولینس اسٹاف کے ساتھ بدسلوکی؛ ویڈیو وائرل
  • 5 اگست کی تیاریاں جاری، گلی محلے یونین کونسل لیول تک احتجاج کرینگے،پی ٹی آئی رہنما
  • عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں استحکام، چاندی مہنگی ہوگئی
  • اگر شام ٹکڑے ٹکڑے ہوا تو ہم میدان میں کود پڑیں گے، ترکیہ
  • زر مبادلہ ذخائر میں بہتری، لیکن ڈالر ندارد
  • پاکستان میں بلیو اکانومی کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت، کراچی میں ایکوا کلچر پارک کے قیام کا منصوبہ