کراچی: فائرنگ کے مختلف واقعات میں دو افراد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 2nd, April 2025 GMT
کراچی میں عیدالفطر کے دوسرے روز فائرنگ کے واقعات میں دو افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق قائد آباد کے علاقے یونس چورنگی ٹائر والی گلی فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا۔
قائد آباد پولیس کے مطابق مضروب کی شناخت 50 سالہ دوست محمد کے نام سے کی گئی جو کہ چوکیدار بتایا جاتا ہے جبکہ فائرنگ کا واقعہ نامعلوم ملزمان کے فائرنگ سے پیش آیا ہے جس کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔
دریں اثنا سپر ہائی وے احسن آباد خادم سولنگی گوٹھ روٹ ڈی سیون بس اسٹاپ کے قریب فائرنگ سے 25 سالہ ابوبکر زخمی ہوگیا جسے ایدھی کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال پہنچایا ۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران ٹانگ پر گولی لگنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
راولپنڈی کی عدالت میں قتل کا ملزم اور پولیس کانسٹیبل فائرنگ سے زخمی
راولپنڈی کی عدالت میں پیشی پر آیا قتل کا ملزم اور پولیس کانسٹیبل فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کی ٹیکسلا کچہری کے احاطے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں پیشی پر آئے ملزم قدیر سمیت پولیس کانسٹیبل عابد زخمی ہوگئے، پولیس نے فائرنگ کرنے والے کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق کانسٹیبل عابد نے جان پر کھیلتے ہوئے پیشی پر آئے ہوئے ملزم کو بچانے کی کوشش کی اس دوران کانسٹیبل عابد کو بھی گولی لگی، دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ٹیکسلا پولیس کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کی شناخت امین شاہ کے نام سے ہوئی ہے، واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ بتایا جارہا ہے، پولیس نے موقع سے شواہد جمع کرلیے۔
پولیس کے مطابق ملزم قدیر کو 2019ء کے قتل اور ضرر کے مقدمہ میں پیشی کے لئے عدالت لایا گیا تھا۔
فائرنگ کے واقعہ پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لے لیا اور ایس پی پوٹھوہار کو فوری انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔