ملک کو بھٹو ویژن کے مطابق خودمختار اور ترقی یافتہ بنائیں گے، صدر مملکت
اشاعت کی تاریخ: 3rd, April 2025 GMT
اسلام آباد:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو جاری رکھیں گے اور پاکستان کو اُن کے وژن کے مطابق ترقی یافتہ، خودمختار و عوام دوست ملک بنائیں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر پیغام میں کہا کہ پاکستان کے عظیم رہنما شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر ان کی خدمات، جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو ایک عظیم مدبر، جرات مند رہنما، اور عوام کے حقیقی نمائندہ تھے، جنہوں نے پاکستان کو ترقی، خودمختاری اور عوامی فلاح کے راستے پر گامزن کیا اور قوم کو پہلا متفقہ آئین دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، ملک کی خارجہ پالیسی کو ایک آزاد اور خودمختار تشخص دیا جبکہ اُن کی قیادت میں پاکستان نے اسلامی سربراہی کانفرنس کی میزبانی کی۔
آصف زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مسلم امہ کے اتحاد کی راہ ہموار کی، مزدوروں، کسانوں، اور پسے ہوئے طبقے کو حقوق دیے ، انہیں بااختیار بنایا، اُن کے اقدامات کی بدولت تعلیم، صنعت، اور دفاعی شعبے میں نمایاں پیش رفت ہوئی۔
صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو جاری رکھیں گے، پاکستان کی خودمختاری، جمہوریت، اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے جبکہ بھٹو کے وژن کے مطابق ملک کو ترقی یافتہ، خود مختار اور عوام دوست ملک بنائیں گے‘۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: شہید ذوالفقار علی بھٹو صدر مملکت کے مطابق
پڑھیں:
کوہاٹ ٹول پلازہ کے قریب دہشت گردوں کا کسٹمز حکام پر حملہ، 2 اہلکار شہید، ایک زخمی
کوہاٹ ٹول پلازہ کے قریب دہشت گردوں نے کسٹمز انفورسمنٹ اسکواڈ پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں سپاہی جاوید احمد اور اے ایس آئی ساجد الاسلام جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ پاکستان کسٹمز کا ایک سپاہی زخمی ہوا، جسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کسٹمز کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔
پاکستان کسٹمز کے مطابق دہشت گرد حملے کے بعد سرکاری انفورسمنٹ گاڑی کو آگ لگا دی گئی، جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کسٹمز نے شہید سپاہی جاوید احمد اور شہید اے ایس آئی ساجد الاسلام کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے اسمگلنگ کے خلاف جنگ اور وطن کی معاشی سرحدوں کے تحفظ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
پاکستان کسٹمز نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت، زخمی اہلکار کی جلد صحت یابی کے لیے دعا اور اسمگلنگ، دہشت گردی و جرائم کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شہداء کی لازوال قربانیاں قوم کا سرمایہ ہیں، ان کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا، جبکہ پاکستان کسٹمز ملک کی معاشی سرحدوں کے تحفظ اور اسمگلنگ کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔