بھارت کے لیجنڈری اداکار منوج کمار چل بسے
اشاعت کی تاریخ: 4th, April 2025 GMT
بھارت(نیوز ڈیسک)بالی ووڈ انڈسٹری کے ماضی کے معروف اداکار منوج کمار 87 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پورب پچھم اور کرانتی جیسی حب الوطنی پر مبنی فلموں میں اپنے کرداروں کے لیے مشہور اداکار منوج کمار کو ممبئی کے کوکیلا بین دھیرو بائی امبانی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ جہاں دل سے متعلق پیچیدگیوں کی وجہ سے جمعہ کی صبح 3:30 بجے ان کا انتقال ہوگیا۔
اسپتال کی طرف سے جاری کیے گئے میڈیکل سرٹیفکیٹ کے مطابق موت کی ثانوی وجہ جگر کی خرابی تھی۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر ’لیجنڈری اداکار اور فلم ساز‘ کی موت کی خبر شیئر کی۔
سینئر اداکار کے ساتھ دو تصویریں شیئر کرتے ہوئے مودی نے لکھا، ’لیجنڈری اداکار اور فلم ساز شری منوج کمار جی کے انتقال پر گہرا دکھ ہوا ہے۔ وہ ہندوستانی سنیما کے ایک آئکن تھے، جنہیں خاص طور پر ان کے حب الوطنی کے جذبے کے لیے یاد کیا جاتا تھا، جس کی عکاسی ان کی فلموں میں بھی ہوتی تھی۔ منوج جی کے کاموں نے قومی فخر اور عزم کا جذبہ جگایا اور نسلوں کو متاثر کرتے رہیں گے۔ میرے خیالات اس گھڑی میں ان کے خاندان اور مداحوں کے ساتھ ہیں۔‘
منوج کمار کے بیٹے کنال گوسوامی نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ مسٹر کمار طویل عرصے سے صحت کے مسائل سے لڑ رہے تھے۔ ان کے بیٹے کا کہنا تھا کہ ’یہ خدا کا کرم ہے کہ انہوں نے اس دنیا کو پرامن طریقے سے الوداع کیا۔ ان کا جنازہ کل صبح ہو گا‘۔
یاد رہے کہ منوج کمار 1937 میں ایبٹ آباد، (اب خیبر پختونخواہ، پاکستان) میں پیدا ہوئے تھے جو اس وقت برصغیر کا حصہ تھا اور ان کا نام ہری کرشنن گوسوامی تھا۔
مسٹر کمار نے بالی ووڈ میں 1957 میں فلم فیشن سے ڈیبیو کیا تھا اس کے بعد انہیں کانچ کی گڑیا (1961) میں رول ملا جہاں انہوں نے سعیدہ خان کے ساتھ اداکاری کی۔ اپکار (1967)، پورب اور پچھم (1970) اور کرانتی (1981) جیسی حب الوطنی پر مبنی فلموں میں ان کے کرداروں نے انہیں ‘بھارت کمار’ کا لقب دیا۔ انہوں نے شور (1972) میں ہدایت کاری اور اداکاری بھی کی۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
پڑھیں:
اداکار زاہد احمد نے سوشل میڈیا کو شیطان کا کام قرار دے دیا
معروف اداکار زاہد احمد نے سوشل میڈیا اور اس کے اثرات پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے اسے شیطان کا کام قرار دے دیا۔حال ہی میں اداکار زاہد احمد نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے سوشل میڈیا اور جدید طرزِ زندگی پر سخت مؤقف اپنایا۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا شیطان کا کام ہے اور جو لوگ اس پر مواد تخلیق کر رہے ہیں، وہ جہنم میں جائیں گے، انہوں نے تسلیم کیا کہ میرے اس بیان پر تنقید ہو سکتی ہے کیونکہ میں خود بھی سوشل میڈیا پر موجود ہوں، مگر میں محض اپنا ذاتی مؤقف پیش کر رہا ہوں۔اداکار نے کہا کہ اپنی نجی زندگی، بچوں اور روزمرہ کے معمولات کو عوامی سطح پر دکھانا درست عمل نہیں، سوشل میڈیا وہ ایجاد ہے جس نے انسان کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔زاہد احمد کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں کچھ صارفین ان کے خیالات سے اتفاق کر رہے ہیں وہیں کئی لوگ انہیں حد سے زیادہ سخت مؤقف اختیار کرنے پر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔یاد رہے کہ زاہد احمد اپنی ہمہ جہت اداکاری اور گہرے کرداروں کے باعث شہرت رکھتے ہیں، انہوں نے متعدد معروف ڈراموں میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا، ریڈیو سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے زاہد احمد نے تھیٹر اور پھر ٹیلی وژن تک کا کامیاب سفر طے کیا۔