پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہ دینے کا معاملہ؛ اہم کیس سماعت کے لیے مقرر
اشاعت کی تاریخ: 5th, April 2025 GMT
لاہور:
پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہ دینے اور الیکشن ایکٹ میں ترامیم سے متعلق اہم کیس کو سماعت کے لیے مقرر کرلیا گیاہے۔
پاکستان تحریک انصاف کو مخصوص نشستیں نہ دینے اور الیکشن ایکٹ میں کی گئی ترامیم کے خلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ 7 اپریل کو سماعت کرے گی۔ جسٹس خالد اسحاق، ایڈووکیٹ منیر احمد کی دائر کردہ درخواست پر سماعت کریں گے۔
درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن ایکٹ میں کی گئی ترامیم آئین کے منافی ہیں، جن کی وجہ سے پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہیں دی گئیں، حالانکہ سپریم کورٹ ان نشستوں کی فراہمی کے حوالے سے واضح فیصلہ دے چکی ہے۔
عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کو آئین کے آرٹیکل 27-اے کے تحت نوٹ جمع کرانے کی ہدایت کر رکھی ہے، جب کہ امریکی نژاد سید اقتدار حیدر کی فریق بننے کی درخواست بھی منظور کر لی گئی ہے۔
سید اقتدار حیدر کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فریق نمبر 12، یعنی پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین، الیکشن کمیشن میں کوما کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں، بلکہ پاکستان پارلیمنٹیرینز کے طور پر رجسٹرڈ ہے، اس لیے اسے غلط فریق بنایا گیا ہے۔
عدالت نے رجسٹرار آفس کو سید اقتدار حیدر کے تحریری دلائل کو مرکزی درخواست کا حصہ بنانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ علاوہ ازیں وکیل اظہر صدیق نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرایا جائے اور الیکشن ایکٹ میں کی گئی ترامیم کو کالعدم قرار دیا جائے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کو مخصوص نشستیں
پڑھیں:
ڈمپر جلانے کا مقدمہ: آفاق احمد اور ساتھیوں پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر
کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد اور دیگر ملزمان کے خلاف اشتعال انگیزی اور ڈمپر جلانے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ آفاق احمد سمیت بارہ ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے مقدمے کی تفتیشی فائل عدالت میں پیش نہ کی گئی جس پر عدالت نے تفتیشی افسر پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے آفاق احمد اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے جون کے پہلے ہفتے کی تاریخ مقرر کر دی۔
پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آفاق احمد نے آڈیو میسج کے ذریعے کارکنان کو اشتعال دلایا اور اکسایا، جس کے بعد ان کی ایما پر کنٹینر کو نذر آتش کیا گیا۔ پولیس کے مطابق جلائے گئے کنٹینر سے چینی کی بوریاں بھی چوری کی گئیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ کنٹینر جلانے کا حکم آفاق احمد نے دیا تھا۔ پولیس کے مطابق آفاق احمد و دیگر ملزمان کے خلاف لانڈھی تھانے میں مقدمہ درج ہے اور آفاق احمد اس مقدمے میں ضمانت پر رہا ہیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
Post Views: 3