بدعنوانی اور بلیک میلنگ، محکمہ اینٹی کرپشن گلگت بلتستان کے دو افسران کیخلاف مقدمہ درج
اشاعت کی تاریخ: 9th, April 2025 GMT
ادارے نے ایف آئی آر درج کرانے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں اور جلد ہی انہیں عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اسلام ٹائمز۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (اے سی ای) گلگت بلتستان نے اپنے محکمے کے ہی دو افسران کے خلاف بلیک میلنگ اور بدعنوانی کے سنگین الزامات کی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق گلگت کے ایک شہری نے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے نام درخواست دائر کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ محکمے کے دو افسران نے دھونس دھمکی کے ذریعے ان سے بھاری رقم کا مطالبہ کیا، جس کا ایک حصہ ادا بھی کر دیا گیا۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نے فوری طور پر ایک تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی، جس نے مختصر عرصے میں تفتیش مکمل کرتے ہوئے دونوں افسران کے خلاف الزامات کو درست قرار دیتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی۔ ادارے نے ایف آئی آر درج کرانے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں اور جلد ہی انہیں عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ادارے پر بھروسہ رکھتے ہوئے کسی بھی قسم کی بدعنوانی کی شکایت بلا خوف و خطر درج کرائیں اور معاشرے سے اس لعنت کے خاتمے کے لیے اے سی ای کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: اینٹی کرپشن
پڑھیں:
اسلام آباد، وفاقی وزیر امیر مقام سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی ملاقات
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے ڈیم متاثرین کے حقوق کے لیے اپنی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ان کی ترقی کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شمار کرتے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران، انجینئر امیر مقام سے گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نے بدھ کے روز صوبائی وزراء کے ہمراہ وزارت میں ملاقات کی۔ وفد میں وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن گلگت بلتستان رحمت خالق، وزیر زراعت گلگت بلتستان انجینئر محمد انور، وزیر جنگلات گلگت بلتستان حاجی شاہ بیگ، و دیگر شامل تھے۔ ملاقات کے دوران دیامر بھاشا ڈیم کے متاثرہ افراد کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے ڈیم متاثرین کے حقوق کے لیے اپنی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ان کی ترقی کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شمار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ گلگت بلتستان کے وزراء نے انجینئر امیر مقام پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو گلگت بلتستان کے عوام کا وفاقی سطح پر حقیقی نمائندہ سمجھتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نے گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوششوں اور خلوص نیت پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔