ایرانی وزیرخارجہ کا 8 پاکستانی شہریوں کے قتل پر انصاف یقینی بنانے کا وعدہ
اشاعت کی تاریخ: 16th, April 2025 GMT
اسلام آباد:
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے رابطہ کرکے 8 پاکستانی شہریوں کے قتل کے واقعے میں انصاف یقینی بنانے کا وعدہ کیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کیا اور مقتول پاکستانیوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے 8 پاکستانی شہریوں کے الم ناک قتل پر تعزیت کی اور انصاف یقینی بنانے کا وعدہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستانیوں کے قاتلوں کو سزا دلانے اور لاشیں واپس بھیجنے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایران اور امریکا کے درمیان 12 اپریل کو عمان میں منعقدہ مذاکرات کو سراہا۔
خیال رہے کہ رواں ہفتے ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے 8 افراد کو قتل کیا گیا تھا، جن کا تعلق پنجاب سے ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
اسحاق ڈار واشنگٹن پہنچ گئے
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار دورہ امریکا کے دوران امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کریں گے جو آج محکمہ خارجہ میں ہو گی۔ اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے، جہاں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ اور سفارتخانے کے سینئر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار دورہ امریکا کے دوران امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کریں گے جو آج محکمہ خارجہ میں ہو گی۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی جائے گی، خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔ اس موقع پر دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ اسحاق ڈار اپنے دورہ واشنگٹن کے دوران معروف امریکی تھنک ٹینک دی اٹلانٹک کونسل میں بھی خطاب کریں گے، جہاں وہ پاکستان کا مؤقف، خطے کی صورتحال اور پاک امریکہ تعلقات کے مستقبل پر روشنی ڈالیں گے۔