Express News:
2025-09-18@13:49:55 GMT

ماہ رمضان کے ثمرات کو محفوظ رکھیے۔۔۔۔ !

اشاعت کی تاریخ: 18th, April 2025 GMT

 الحمدﷲ! ہم پر رمضان کا بابرکت مہینا سایہ فگن رہا، اﷲ تعالیٰ ہمیں اپنی بے شمار نعمتوں اور رحمتوں سے نوازتا رہا، ہم سب ماہ رمضان کی فضیلتوں سے فیض یاب ہوتے رہے۔ اﷲ سبحان و تعالیٰ کی توفیق سے رمضان کے روزے رکھے، نماز، تراویح، قیام لیل، ذکر و اذکار کی کثرت، تہجد اور طاق راتوں میں شب قدر کے حصول کے لیے شب بیداری کا بھی اہتمام کیا۔ مخلوق خدا کے ساتھ ہم دردی و غم گساری کا برتاؤ کیا۔

صدقہ و خیرات اور انفاق فی سبیل اﷲ کا موقع بھی ہاتھ سے نہیں جانے دیا۔ الحمدﷲ! ہم میں سے بہت سے لوگوں کو بہ توفیق الٰہی اعتکاف کی سعادت بھی نصیب ہوئی، بلاشبہ! اعتکاف افضل ترین عبادات میں سے ہے۔ اعتکاف کا ذکر قرآن کریم کی سورۃ بقرہ میں آیا ہے، مفہوم پیش خدمت ہے: ’’اور ہم نے ابراہیمؑ اور اسمٰعیلؑ کو تاکید فرمائی کہ میرے گھر کو طواف کرنے والوں اور اعتکاف کرنے والوں اور رکوع و سجود کرنے والوں کے لیے پاک کر دو۔‘‘

اعتکاف کا ذکر احادیث مبارکہ میں بھی ملتا ہے کہ اعتکاف رسول کریم ﷺ کی سنّت ہے۔ حضرت علی (زین العابدین) بن حسینؓ اپنے والد امام حسینؓ سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’جس شخص نے رمضان المبارک میں دس دن کا اعتکاف کیا اس کا ثواب دو حج اور دو عمرے کے برابر ہے۔‘‘

(بہیقی، شعب الایمان)

یہ ایک حقیقت ہے کہ جس کے پاس جتنا قیمتی سرمایہ ہوتا ہے وہ اس کی حفاظت کے لیے بھی اتنا ہی فکر مند اور چوکس رہتا ہے۔ اس کی حفاظت ہی اس کی زندگی کا نصب العین بن جاتا ہے۔ رمضان کے روزوں، شب بیداری اور تمام عبادات کا اولین مقصد تقویٰ کا حصول ہوتا ہے۔ یہ بات بھی عیاں ہے کہ رمضان میں شیاطین قید کر دیے جاتے ہیں لیکن رمضان کے اختتام پر شیاطین آزاد ہو جاتے ہیں اور ان تمام اعمالِ قبیح اور اخلاقِ رزیلہ جن کو ہم نے رمضان میں ترک کیا ہُوا تھا، مائل کرنے پر اکساتا اور آمادہ کرتا ہے۔ لہٰذا رمضان کی ان نیکیوں اور تقویٰ کو شیطان کے ہاتھوں ضایع ہونے سے اپنے آپ کو بچانا ہماری زندگی کا اولین مقصد ہونا چاہیے۔

عالم اسلام کے مشہور عالم و دانش ور مولانا ابوالحسن ندویؒ نے ’’دو روزے‘‘ کے خوب صورت عنوان پر چھوٹا اور بڑا روزہ کے دل نشیں استعارے کو استعمال کرتے ہوئے جو گفت گُو کی ہے اس کا مختصر خلاصہ پیش خدمت ہے:

’’روزے دو طرح کے ہیں ایک چھوٹا اور ایک بڑا۔ چھوٹا روزہ 12 یا 13 گھنٹے کا ہوتا ہے، چھوٹے روزے کا قانونی ضابطہ یہ ہے کہ اس روزے کی پابندیاں محدود ہیں۔ یہ رمضان المبارک کا روزہ ہے۔ یہ روزہ طلوع فجر سے شروع ہو کر غروب آفتاب پر ختم ہو جاتا ہے۔ اس چھوٹے روزے کی افطاری لذیذ کھانوں اور عمدہ مشروب ہیں۔ یہ روزہ کھجور اور ٹھنڈے پانی سے کھلتا ہے۔ اس چھوٹے روزے کے احکامات اور پابندیاں سب کو معلوم ہیں۔ بڑا روزہ اسلام کا روزہ ہے۔ اسلام خود ایک روزہ ہے۔

یہ اس وقت شروع ہوتا ہے جب کوئی بچہ مسلمان گھرانے میں پیدا ہوتا ہے اس کی سحری پہلی سانس سے شروع ہوتی ہے۔ یہ بڑا روزہ مومن کے آفتابِ عمر کے غروب ہونے پر ختم ہوگا۔ یہ بڑا روزہ ایمان والے کی پوری زندگی پر محیط ہے۔ اس کا دورانیہ معین نہیں ہے، تقریباً 60 سال، 70 سال،80 سال یا اس سے بھی زیادہ ہو سکتا ہے۔ زندگی کا یہ طویل روزہ کس چیز سے کھلے گا۔۔۔ ؟ حضرت رسول کریم ﷺ کے دست مبارک سے جامِ کوثر سے کھلے گا۔

اگر وہ روزہ پکا ہے اور اس روزے کی شرائط پر پورے اترے تو یہ محض اﷲ کی توفیق اور اس کا فضل و کرم ہے کہ ہم دنیا سے کلمہ پڑھتے ہوئے گئے، یہ بڑا روزہ اسی وقت ختم ہو جاتا ہے، اس کا افطار اس کی ضیافت یہی کلمۂ طیّبہ ہے۔ یہ بڑا روزہ ہر اس کام سے ٹوٹ جاتا ہے جس کے کرنے سے اﷲ سبحان و تعالیٰ نے منع کیا، جیسے چھوٹے روزے میں غیبت منع ہے ایسے ہی بڑے روزے میں بھی غیبت منع ہے۔ اسی طرح جھوٹ بولنا، فحش بولنا، رشوت کا لین دین، سود خوری، اسراف، فضول خرچی ممنوع ہے، اس چھوٹے روزے کے اختتام پر ہم ہرگز آزاد نہیں ہیں، وہ بڑا روزہ برابر چلتا رہے گا، وہ بڑا روزہ اس چھوٹے روزے پر بھی سایہ فگن ہے۔

یہ چھوٹا روزہ اس بڑے روزے کا جُز ہے۔ وہ بڑا روزہ چلتا رہے گا، رمضان ختم ہونے کے بعد یہ نہ سمجھیں کہ چلو چھٹی ہوئی، اب ہم آزاد ہیں۔ ایسا ہرگز نہیں، ہم بالکل آزاد نہیں، ہمارے گلے میں اسلام کے بڑے روزے کا طوق پڑا ہے۔ ہم مسلمان ہیں، اﷲ کے ہاں اس روزے کا حساب کتاب ہوگا جو چیز حرام ہے، قیامت تک حرام رہے گی۔

کوشش یہ کیجیے کہ آپ کا یہ بڑا روزہ کا صحیح طریقے پر افطار ہو۔ جیسے کوئی روزہ دار سورج ڈوبتے ہوئے، کسی کے کہنے پر بھی ایک سیکنڈ پہلے روزہ نہیں توڑتا، اسی طرح جب آفتابِ عمر ڈوبنے کے قریب ہو تو اب کوئی جتنا بھی کہے یہ حرام چیز لے لو، یہ حرام دوا کھا لو، تو آپ کو زندگی کا بڑا روزہ زندگی کی آخری سانس تک نہیں کھولنا، پوری زندگی اﷲ کے حکم کی اطاعت کرنی ہے، اس کے حکم کی خلاف ورزی سے بچنا ہے، جیسے ہم رمضان کے روزے میں آخر وقت تک اجتناب کرتے رہے۔

ہم رمضان کو رخصت کرتے وقت اس تصور سے خوش ہیں کہ اﷲ کا شُکر یہ روزہ تو ختم ہوگیا، اگر زندگی رہی تو پھر اگلا رمضان ہوگا۔ لیکن ہم اور ہماری زندگی کا کوئی بھروسا نہیں۔ البتہ وہ طویل اور مسلسل روزہ رہے گا۔ وہ بڑا روزہ مبارک ہو، اس روزے کا خیال رکھیے گا، یہ روزہ نہ توڑیے گا، یہ روزہ ٹوٹا تو سب کچھ ٹوٹ جائے گا۔ دین اسلام، ایمان سب بگڑ جائے گا، بس یہی دو روزے ہیں، ایک روزہ قریب المیعاد ہے وہ رمضان کا دن بھر کا روزہ ہے۔ ایک روزہ وہ ہے جو زندگی کے ساتھ رہے گا، جب تک مومن کی سانس اور جان میں جان ہے اس وقت تک ہے۔‘‘

ماہِ رمضان کے گزر جانے کے بعد ہمیں خود شیطانی وسوسوں سے محفوظ رکھتے ہوئے رمضان کی نیکیوں، عبادات اور اعمال صالحہ کی حفاظت کرنی ہے اور اﷲ کی بارگاہ میں اس پر استقامت کی دعا مانگنی ہے اور اپنی زندگی کے معمولات، مخلوقِ خدا کے ساتھ ہم دردی و غم گساری اور تعلقات کو قانون خداوندی کی اطاعت و فرماں برداری اور تقویٰ کے راستے پر گام زن کرنے کی کوشش و سعی میں مصروف رہنا ہے، ذکر و اذکار کی پابندی کرنا ہے تاکہ اﷲ سبحان و تعالیٰ ہم سے راضی ہو جائے۔ سورۃ النساء کی ایک آیت کا مفہوم پیشِ خدمت ہے:

’’اٹھتے بیٹھتے اور لیٹے اﷲ کا ذکر کرتے رہو۔‘‘

ماہ رمضان کی عبادات مقبول و منظور ہونے کی علامت یہی ہے کہ ہم ماہ صیام کے بعد بھی اعمالِ صالحہ اور عبادات کو جاری رکھیں۔

اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں ان تمام عبادات اور اعمال صالحہ کو جاری رکھنے کی اور برائیوں سے اجتناب کرنے کی توفیق مرحمت فرمائے۔ آمین

.

ذریعہ: Express News

پڑھیں:

’اب خود کو انسان سمجھنے لگا ہوں‘، تیز ترین ایتھلیٹ یوسین بولٹ نے خود سے متعلق ایسا کیوں کہا؟

8 مرتبہ اولمپک چیمپئن یوسین بولٹ نے اعتراف کیا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ خود کو دوبارہ ’انسان‘ محسوس کرنے لگے ہیں، یہاں تک کہ چند سیڑھیاں چڑھنے سے بھی ان کی سانس پھول جاتی ہے۔

دنیا کے تیز ترین انسان کہلانے والے جمیکن اسپرنٹر 2017 میں ایتھلیٹکس سے ریٹائر ہوئے تھے، اب 39 سالہ بولٹ ایڑی کے پٹھے کے زخم کی وجہ سے دوڑ نہیں سکتے اور زیادہ تر ورزش جِم تک محدود رکھتے ہیں۔

میدان سے ہٹنے کے بعد کی زندگی

ٹوکیو میں ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گفتگو کرتے ہوئے یوسین بولٹ نے بتایا کہ اب ان کی روزمرہ زندگی ان کے کیریئر کی شدت سے بالکل مختلف ہے۔

’عام طور پر میں اس وقت اٹھتا ہوں جب بچوں کو اسکول بھیجنا ہوتا ہے، اگر کرنے کو کچھ نہ ہو تو آرام کرتا ہوں۔ کبھی کبھار اگر موڈ ہو تو ورزش کر لیتا ہوں۔‘

بولٹ کے مطابق باقی وقت وہ سیریز دیکھتے ہیں یا بچوں کے آنے تک وقت گزارتےہیں، ان دنوں وہ لیگو کھیلنے میں بھی دلچسپی لے رہے ہیں۔

اگرچہ بولٹ اس سست رفتار زندگی کو پسند کرتے ہیں، لیکن ان کا کہنا ہے کہ باقاعدہ تربیت نہ کرنے سے ان کی برداشت متاثر ہوئی ہے۔

’جب میں سیڑھیاں چڑھتا ہوں تو سانس پھول جاتی ہے، لگتا ہے مجھے دوبارہ کچھ لیپ دوڑنے پڑیں گے تاکہ سانس درست رہے۔‘

ریکارڈز اب بھی قائم

میدان سے ہٹنے کے باوجود یوسین بولٹ کا نام اب بھی ایتھلیٹکس پر چھایا ہوا ہے۔ اسٹیڈیم کی باکس سیٹ سے کھیل دیکھنے والے بولٹ اب بھی سب سے بڑے ستارے سمجھے جاتے ہیں۔

موجودہ عالمی چیمپئن اوبلیق سیول کو جمیکا کی نئی امید ضرور کہا جا رہا ہے، لیکن تاحال کوئی بھی یوسین بولٹ کے وقت اور ان کی شہرت کو نہیں چھو سکا۔

ریٹائرمنٹ کے 8 سال بعد بھی یوسین بولٹ کے پاس 100 میٹر، 200 میٹر اور 4×100 میٹر ریلے کے عالمی ریکارڈز موجود ہیں۔

وقت کا اثر

جمیکا میں بولٹ اب اپنی بیٹی اولمپیا لائٹننگ اور جڑواں بیٹوں سینٹ لیو اور تھنڈر کے ساتھ بطور ایک فل ٹائم والد کے طور پر زندگی گزار رہے ہیں۔

بچوں کو اس بات کا زیادہ علم نہیں کہ ان کے والد کتنے بڑے اسٹار تھے، لیکن بولٹ چاہتے ہیں کہ انہیں آئندہ ورلڈ چیمپئن شپ بیجنگ لے جائیں، وہی شہر جہاں سے ان کے کیریئر نے اڑان بھری تھی، تاکہ انہیں اپنی وراثت دکھا سکیں۔

تاہم بولٹ نے تسلیم کیا کہ وقت کا اثر ان پر غالب آ چکا ہے۔ ’میں کافی عرصے سے میدان سے باہر ہوں، لگتا ہے مجھے پھر سے دوڑ شروع کرنا ہوگی تاکہ سانس بحال رہے۔‘

دوڑنا چھوڑ دیں تو کیا ہوتا ہے؟

ماہرین کے مطابق دوڑ ایک ہائی انٹینسٹی ورزش ہے جو دل، پھیپھڑوں، پٹھوں اور ہڈیوں کو مضبوط بناتی ہے لیکن جب اسے طویل عرصے کے لیے چھوڑ دیا جائے تو فٹنس لیول تیزی سے گرنا لگتا ہے۔

صرف ایک ہفتے میں خون کے پلازما کی مقدار کم ہو جاتی ہے، جس سے دل کا پمپ کرنے کی صلاحیت اور پٹھوں کو آکسیجن کی فراہمی متاثر ہوتی ہے۔

وقت گزرنے کے ساتھ پٹھوں کے ریشے بھی کمزور ہو جاتے ہیں اور جسم ’زنگ آلود‘ محسوس کرنے لگتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

ایتھلیٹ تیز ترین یوسین بولٹ

متعلقہ مضامین

  • یوٹیوب پر نماز روزے کی بات کرتی ہوں تو لوگ حمائمہ کا نام لیتے ہیں، دعا ملک
  • ماں کا سایہ زندگی کی بڑی نعمت‘ اس کا نعم البدل کوئی نہیں: عظمیٰ بخاری
  • آن لائن گیم کی لت 14 سالہ بچے کی زندگی نگل گئی
  • ’اب خود کو انسان سمجھنے لگا ہوں‘، تیز ترین ایتھلیٹ یوسین بولٹ نے خود سے متعلق ایسا کیوں کہا؟
  • صبا قمر کی شادی ہونے والی ہے؟
  • کینیڈین شخص کی 20 سال بعد بینائی بحال، نایاب ’ٹوٹھ اِن آئی‘ سرجری کیا ہے؟
  • کیا ہم اگلی دہائی میں خلائی مخلوق کا سراغ پا لیں گے؟
  • پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف جنگ اپنے لئے نہیں، دنیا کو محفوظ بنانے کیلئے ہے. عطا تارڑ
  • پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف جنگ اپنے لیے نہیں، دنیا کو محفوظ بنانے کیلیے ہے، عطا تارڑ
  • 82 سالہ امیتابھ بچن 75 فیصد ناکارہ جگر کے باوجود موت کو کیسے شکست دے رہے ہیں؟