بھارتی فلمساز انوراگ کشیپ کیخلاف متنازع بیان پر مقدمہ درج
اشاعت کی تاریخ: 21st, April 2025 GMT
بھارتی فلم ساز انوراگ کشیپ ایک متنازع بیان کے باعث قانونی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انوراگ کیخلاف پولیس میں ایک شکایت درج کروائی گئی ہے جس میں ان پر برہمن برادری کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کرنے کا الزام دیا گیا ہے۔
شکایت اشوتوش جے دوبے نے دائر کی، جو بی جے پی مہاراشٹرا کے سوشل میڈیا لیگل اینڈ ایڈوائزری ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کہا کہ فلمساز کا تبصرہ نفرت انگیز تقریر کے زمرے میں آتا ہے اور انہوں نے ممبئی پولیس سے ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب انوراگ کشیپ نے ایک صارف کے اشتعال انگیز تبصرے کے جواب میں لکھا: ’برہمن پہ میں موتوں گا، کوئی مسئلہ؟‘۔ اس توہین آمیز بیان کے بعد انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ مرکزی وزیر ستیِش چندر دوبے نے انہیں سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا۔
اس کے بعد انوراگ کشیپ نے انسٹاگرام پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، اور ان کے اہل خانہ کو جان سے مارنے اور جنسی زیادتی کی دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان پر معافی مانگتے ہوئے اپیل کی کہ ان کے اہل خانہ کو نشانہ نہ بنایا جائے۔
یاد رہے کہ یہ تنازع فلم ’پھولے‘ کی ریلیز سے قبل سامنے آیا ہے، جس پر بھی کچھ حلقوں کی جانب سے اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کم عمر لڑکوں کے ساتھ متنازع ویڈیوز؛ فضا علی نے شو میں وینا ملک کی کلاس لے لی
سوشل میڈیا پر فضا علی کے ایک پروگرام کا ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں وینا ملک مہمان کے طور پر شریک تھیں۔ شو کے دوران میزبان فضا علی نے وینا ملک کے کم عمر لڑکے کے ساتھ متنازع ویڈیوز بنانے پر سخت تنقید کی۔
پاکستانی شوبز کی دو باصلاحیت اداکارائیں فضا علی اور وینا ملک نے تقریباً بیس سال قبل اپنے فنی کیریئر کا آغاز کم عمری میں کیا۔ دونوں ہی کامیاب ڈراموں میں جلوہ گر ہوچکی ہیں اور میزبانی کے میدان میں بھی اپنی شناخت بنا چکی ہیں۔ حالیہ دنوں میں وینا ملک کم عمر لڑکوں کے ساتھ اپنے بولڈ گانے اور ڈانس کی ویڈیوز کے باعث خبروں میں ہیں۔
فضا علی نے اپنے پروگرام میں وینا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں تم سے بہت ناراض ہوں، وینا۔ میں تمہیں ٹک ٹاک پر اجنبی لڑکوں کے ساتھ ڈانس کرتے نہیں دیکھ سکتی۔ تم وینا ملک ہو، جو بھی تمہارے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، وہ ایک برانڈ بن جاتا ہے۔ کبھی بھی ایسے لوگوں کے ساتھ کام نہ کرو جنہیں کوئی نہیں جانتا۔ تم اپنے میوزک سے کما سکتی ہو کیونکہ تم وینا ہو، پھر یہ ریلز بنانے کی ضرورت کیوں؟‘‘
فضا علی نے مزید کہا کہ ’’کسی کے ساتھ بھی یونہی ویڈیوز نہ بناؤ۔ تم ایک برانڈ ہو۔ یہ محبت نہیں ہے۔ نوجوان لڑکوں کے ساتھ ویڈیوز بنانا محبت نہیں ہے۔ میں یہ کبھی وینا ملک کےلیے نہیں چاہوں گی، اور میں تمہاری اہمیت جانتی ہوں۔ میں نہیں چاہتی کہ تم کسی لڑکے کے ساتھ ریلز بنا رہی ہو، شیشہ پی رہی ہو وغیرہ۔ میں چاہتی ہوں کہ تم چمکو۔‘‘
اس پر وینا ملک نے جواب دیا کہ وہ انہی لوگوں کے ساتھ ویڈیو بناتی ہیں جن سے وہ محبت کرتی ہیں۔ لیکن فضا کے بار بار اصرار کے باوجود وینا نے اس نوجوان کے ساتھ ’’خاص تعلقات‘‘ کا اعتراف نہیں کیا۔
یاد رہے کہ وینا ملک اپنے مختلف اسکینڈلز اور بے باک باتوں کی وجہ سے بھی خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں۔ اور آج کل اپنے منیجر کے ساتھ معاشقے کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔