پی ایس ایل: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 رنز سے شکست دے دی
اشاعت کی تاریخ: 26th, April 2025 GMT
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 15ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 رنز سے شکست دے دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اس سیزن میں یہ دوسری فتح ہے، قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں فاتح ٹیم نے 143 رنز کے ہدف کا کامیاب دفاع کیا۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پوری ٹیم 19 اعشاریہ 3 اوورز میں 142 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کپتان سمیت کئی بڑے کھلاڑی خاطر خواہ پرفارمنس دینے میں ناکام دکھائی دیے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے فہیم اشرف 43، کوشل مینڈس 36، حسن نواز 35 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے جبکہ رائلی روسو 10، سعود شکیل 6، مارک چیمپین 4، خرم شہزاد 1، محمد وسیم 1 اور فن ایلن اور محمد عامر بغیر کوئی رنز بنائے ہی پویلین لوٹ گئے جبکہ ابرار احمد 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کنگز کی جانب سے حسن علی نے 3، میر حمزہ اور عباس آفریدی نے 2، 2 اور محمد نبی اور فواد علی نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز نے بیٹنگ شروع کی، کپتان ڈیوڈ وارنر 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی وکٹ محمد عامر کے حصے میں آئی۔
دوسری وکٹ پر ٹم سائفرٹ اور جیمز ونس نے 73 رنز کی شراکت قائم کی، جیمز ونس کو محمد وسیم نے میدان بدر کیا۔
93 کے مجموعے پر ٹم سائفرٹ 47 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، اسکور میں 3 رنز ہی کا اضافہ ہوا تھا کہ شان مسعود 9 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔
97 کے اسکور پر خوشدل شاہ کی وکٹ ملی تو کراچی کنگز کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی اور میچ پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی گرفت مضبوط ہوگئی تھی۔
محمد نبی 4 اور عباس آفریدی کوئی رنز بنائے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد حسن علی اور میر حمزہ نے ٹیم کی فتح کی کوششیں کی لیکن کامیابی نہ مل سکی۔
حسن علی 13 گیندو ں پر 24 اور میر حمزہ 3 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، یوں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 137 رنز تک محدود رہی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے محمد عامر، خرم شہزاد اور محمد وسیم نے 2،2 جبکہ ابرار احمد اور سعود شکیل نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
میچ میں کراچی کنگز کی قیادت ڈیوڈ وارنر جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سعود شکیل نے کی۔
کراچی کنگز کے دیگر کھلاڑیوں میں ٹم سائفرٹ، جیمز ونس، عمیر بن یوسف، خوشدل شاہ، عباس آفریدی، شان مسعود، محمد نبی، فواد علی، میر حمزہ اور حسن علی شامل تھے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں رائلی روسو، کوشل مینڈس، حسن نواز، فن ایلن، مارک چیپمین، فہیم اشرف، محمد وسیم، محمد عامر، خرم شہزاد اور ابرار احمد شامل تھے۔
Post Views: 1.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کراچی کنگز کنگز کی حسن علی میچ میں
پڑھیں:
خیبرپختونخوا؛ کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
فیصلے کے مطابق نیب خیبرپختونخوا اپرکوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔
احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔
فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم چیئرمین نیب کے نیشنل بینک آف پاکستان، پی ایم سیکریٹریٹ برانچ اسلام آباد کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ضبط شدہ رقم ملزم کی پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔