پشاور؛ گاڑی پر فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق، شہر میں 24 گھنٹوں کے دوران 10 افراد قتل
اشاعت کی تاریخ: 27th, April 2025 GMT
پشاور:
جمیل چوک میں مسلح افراد نے گاڑی پر اندھادھند فائرنگ کرکے 6 افراد کو قتل اور ایک کو زخمی کردیا جبکہ شہر میں 24 گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے واقعات میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پشاور کے تھانہ پھندو پولیس کے مطابق 6 افراد کے قتل کا واقعہ جمیل چوک رنگ روڈ پر پیش آیا ہے جب وہ شادی کی تقریب کے بعد واپس گاڑی میں جا رہے تھے اسی دوران ان کی گاڑی پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی گئی۔
نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 5 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے، جن کی شناخت عبد اللہ ولد بادام گل، طاہر ولد نواب، اسامہ ولد حمایت اللہ، اویس ولد سید بادشاہ اور وقاص کے نام سے ہوئی۔
پشاور میں فائرنگ کے مذکورہ واقعے میں ایک راہگیر یحییٰ ولد سرکار بھی گولیاں لگنے سے جاں بحق ہوا اور ثاقب ولد سید احمد شاہ زخمی ہوا ہے۔
واقعے کے حوالے سے بتایا گیا کہ افسوس ناک واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں تین دوست شامل ہیں، جن میں سے ایک کا تعلق ہزار خوانی اور دوسرے کا صوابی سے بتایا جا رہا ہے۔
گاڑی پر فائرنگ کی اطلاع پر ایس پی فقیر آباد محمد ارشد خان اور ڈی ایس پی عمر آفریدی بھی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں کو پوسٹمارٹم اور زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ سابقہ دشمنی کا شاخسانہ ہے تاہم مقتولین کے لواحقین کی شکایت پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق پھندو میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے میں ہزار خوانی کے سابق ناظم حمایت خان کے جوان سالہ فرزند اسامہ کو بھی قتل کردیا گیا اور پولیس نے بتایا کہ بڈھ بیر سے تعلق رکھنے والے مقتولین کی سابقہ دشمنی چلی آرہی تھی۔
خیال رہے کہ پشاور میں اسلحے کی بھرمار اور گلی گلی اسلحے کی نمائش کے باعث قتل کی بڑھتی وارداتوں پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی سوالات اٹھا دیے ہیں جہاں 24 گھنٹوں کے دوران فقیر آباد، پھندو، شاہ پور سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں 10 افراد کے قتل کےبعد شہر کی فضا سوگوار ہوگئی ہے۔
پشاور کے علاقے فقیر آباد میں اسکول ٹیچر کو قتل کیا گیا تھا اور فقیر آباد میں ہی ٹک ٹاکر خاتون کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، اسی طرح شاہ پور میں لیڈی کانسٹیبل اور پھندو میں گاڑی پر فائرنگ کرکے 6 افراد کے قتل کا واقعہ پیش آیا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ایشیا کپ، اگلے چند گھنٹوں میں پی سی بی اپنا مؤقف دے گا
لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ایشیا کپ کے حوالے سے جلد فیصلہ کرے گا۔
ذرائع کے مطابق اگلے چند گھنٹوں میں پی سی بی ایشیا کپ کے بارے میں اپنا مؤقف دے گا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کا مطالبہ نہ مانا گیا تو ٹیم ایشیا کپ سے دستبردار ہو جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی میں ٹیم انتظامیہ میچ ریفری سے متعلق آئی سی سی کے فیصلے سے لاعلم ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے پی سی بی کو آگاہ کیا جاچکا ہے۔
ذرائع کے مطابق مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے حکومت سے مشاورت کا امکان ہے جس کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی اہم حکومتی عہدیداران سے آج مشاورت ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاک بھارت میچ کے ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کی پاکستان کی درخواست مسترد کردی ہے۔
بھارتی ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی نے گزشتہ رات پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس سے متعلق بتادیا تھا۔
اس سے قبل پاکستان نے ہینڈ شیک کے معاملے میں آئی سی سی کو میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ 15 ستمبر کو پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ میں اپنائے جانے والے رویے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ریفری تبدیل نہ کرنے کی صورت میں ایشیا کپ کے مزید میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔
Post Views: 2