کراچی میں پولیس مقابلے، زخمی سمیت 4 ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 27th, April 2025 GMT
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 پستول اور 2 موبائل فونز برآمد ہوئے۔ اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے دوران زخمی سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پہلا واقعہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کے نارتھ کراچی سیکٹر ون اے شاہ نواز بھٹو کالونی میں وادی اسلام قبرستان کے قریب پیش آیا، جہاں خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدود میں پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس حکام کے مطابق، اس مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ملزمان گرفتار کیے گئے، جن میں سے ایک ملزم حبیب اللہ زخمی ہوگیا۔ زخمی ملزم کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ اس کے ساتھی قاسم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 پستول اور 2 موبائل فونز برآمد ہوئے۔
ڈسٹرکٹ سٹی کے علاقے لیاری میں بغدادی تھانے کی حدود میں دبئی چوک پر بھی ایک مبینہ پولیس مقابلہ پیش آیا، جس میں 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔ ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت ارشد اور سجاد کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی ملزم ارشد کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ دوسرے ملزم سجاد سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ان کے قبضے سے ایک پستول اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
زمین اور گھر خریدنے و بیچنے والوں سے بھتہ طلب کرنے والے لیاری گینگ کے 3 کارندے گرفتار
کراچی:ایس آئی یو پولیس نے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے جائیداد، زمین اور گھر خریدنے و بیچنے والوں سے بھتہ طلب کرنے والے لیاری گینگ کے بھتہ خور گروہ کے 3 اہم کارندوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (سی آئی اے) پولیس نے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ کے بھتہ خورشکیل بادشاہ گروہ کے 3 اہم کارندوں تنویر، شکیل اور وقاص کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے تین 9 ایم ایم پستول اور گولیاں برآمد کرلی۔
ایس ایس پی ایس آئی یو امجد شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان نے فرار ہونے کی نیت سے پولیس پر فائرنگ بھی کی لیکن ایس آئی یو نے حکمت عملی سے تینوں مسلح ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کے ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان سے اہم انکشافات سامنے آگئے۔
امجد شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان پراپرٹی خریدنے اور بیچنے والوں کی ریکی کرتے تھے، ملزمان ایجنٹ بن کر پراپرٹی کے مالک کی تفصیلات حاصل کرتے تھے، غیر ملکی نمبروں سے مالکان کو بھتے کے فون اور دھمکیاں دی جاتی تھی۔
ایس ایس پی کے مطابق گروہ کا سرغنہ شہریوں سے اب تک لاکھوں روپے بھتہ طلب کر چکا ہے، گرفتار ملزمان کو ریکی کرنے پر 90 ہزار سے 2 لاکھ کی رقم ملتی تھی، رقم آن لائن جاز کیش اکاؤنٹ کے ذریعے بھیجی جاتی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کار لفٹنگ، پولیس پر فائرنگ اور غیر قانونی اسلحہ کے جرائم میں بھی ملوث ہیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف ایس آئی یو میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور گرفتار ملزمان سے مزید انٹیروگیشن کا عمل جاری ہے۔