Islam Times:
2025-05-06@16:03:09 GMT

خطہ میں کشیدگی، ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان

اشاعت کی تاریخ: 6th, May 2025 GMT

خطہ میں کشیدگی، ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان

اسلام ٹائمز: سید عباس عراقچی نے ایک وفد کے ہمراہ گذشتہ روز پاکستان کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کی صدر مملکت آصف علی زرادری، وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور اپنے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ اپنے اس دورہ میں سید عباس عراقچی نے پاکستان اور بھارت کے مابین بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے قیام امن کی کوششوں کو خطہ کیلئے ناگزیر قرار دیا۔ ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کو خطہ کے بدلتے حالات کے تناظر میں خاصی اہمیت دی جارہی ہے۔ رپورٹ: سید عدیل عباس

پاکستان اور بھارت کے مابین بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ہمسائیہ برادر ملک ایران نے بروقت اور مثبت اقدام اٹھاتے ہوئے خطہ میں قیام امن کیلئے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو بہتر بنانے کی سفارتی کوششوں کا آغاز کیا ہے، جس کے تناظر میں ایرانی وزیر خارجہ سید محمد عباس عراقچی نے ایک وفد کے ہمراہ گذشتہ روز پاکستان کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کی صدر مملکت آصف علی زرادری، وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور اپنے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ اپنے اس دورہ میں سید عباس عراقچی نے پاکستان اور بھارت کے مابین بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے قیام امن کی کوششوں کو خطہ کیلئے ناگزیر قرار دیا۔ ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کو خطہ کے بدلتے حالات کے تناظر میں خاصی اہمیت دی جا رہی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ اپنے مشن کے دوسرے مرحلہ میں بھارت جانے کا ارادہ رکھتے ہیں، جہاں وہ ہندوستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے ساتھ اسی تناظر میں ملاقاتیں کریں گے۔

سید عباس عراقچی کے دورہ پاکستان کی تفصیلات کے حوالے سے بات کی جائے تو وہ وفد کے ہمراہ ایک روز قبل سرکاری اور سفارتی دورے پر اسلام آباد پہنچے۔ ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی تھا۔ صدر پاکستان آصف علی زرداری سے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور ان کے ساتھ موجود اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر آصف علی زرداری اور ایرانی وزیر خارجہ نے ایران و پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں وسعت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ صدر پاکستان نے سید عباس عراقچی کے ساتھ ملاقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تاریخی و برادرانہ تعلقات ہیں، انہوں نے اس نازک مرحلے پر پاکستان کا دورہ کرنے پر سید عباس عراقچی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خطے میں امن اور خوشحالی کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے بھارت کے جارحانہ موقف پر تشویش کا اظہار کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان ہر مسئلے کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

اس ملاقات میں صدر مملکت نے کہا کہ باہمی مفادات کے لیے ایران کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو مضبوط بنایا جائے، اس دوران دونوں رہنماوں نے غزہ کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں اور جرائم کی مذمت کی۔ دوسری جانب سید عباس عراقچی نے اس ملاقات میں انڈیا و پاکستان سے جنوبی ایشیاء میں کشیدگی میں کمی کے لئے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران، اسلام آباد کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔ اس موقع پر سید عباس عراقچی نے کہا کہ دو برادر ممالک کی عوام کے مفاد کے لئے ایران، دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کا خواہاں ہے، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے پر زور دیا۔ افغانستان کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے سید عباس عراقچی نے علاقائی مسائل پر پاکستان کے ساتھ تعاون پر اعتماد کا اظہار کیا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں وزیراعظم نے ایران کے شہر بندر عباس میں ہونے والے المناک دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور سینکڑوں افراد کے زخمی اور شہید ہونے پر ایرانی وزیر خارجہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے لیے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔ شہباز شریف نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تاریخی، گہرے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ صدر پزشکیان کے ساتھ اپنی متعدد ملاقاتوں اور حالیہ ٹیلی فون کال کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان ایران دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت، توانائی، سرحدی انتظام اور علاقائی رابطوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم پاکستان نے پہلگام واقعے کے بعد سے ہندوستان کے اشتعال انگیز رویئے کے نتیجے میں جنوبی ایشیاء میں موجودہ کشیدگی پر پاکستان کی شدید تشویش کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان کو واقعے سے جوڑنے کی کسی بھی کوشش کو واضح طور پر مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پیشکش کی ہے کہ پہلگام واقعے کے پس پردہ حقائق کا پتہ لگانے کے لیے بین الاقوامی شفاف، غیر جانبدار اور معتبر تحقیقات کرائی جائیں۔ اس تمام صورتحال میں پاکستان نے انتہائی ذمہ داری سے کام لیا ہے، جبکہ دوسری طرف بھارت نے جموں و کشمیر کے تنازعہ سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے میڈیا کے ذریعے پراپیگنڈا شروع کر رکھا ہے، جو کہ جنوبی ایشیاء میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا اور اسے آبی جارحیت کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے، کیونکہ پانی پاکستانی عوام کے لیے ریڈ لائن کی حیثیت رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے ایران کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ سید عباس عراقچی نے ایرانی قیادت کی طرف سے وزیراعظم کو تہنیتی پیغام پہنچایا اور پاکستان کیساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے اور جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے ایران کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے صدر مسعود پزشکیان کی طرف سے وزیراعظم کو اس سال کے دوران ایران کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔

علاوہ ازیں ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے وفد کے ہمراہ پاکستان کے سپاہ سالار جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ملاقات کی، جس میں جیو اسٹریٹیجک ماحول پر تعمیری بات چیت ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں سکیورٹی کے شعبے میں دونوں ممالک کو درپیش چیلنجز پر توجہ مرکوز کی گئی، پاک ایران بارڈر سکیورٹی میکنزم کا جائزہ لیا گیا، تاکہ دو طرفہ تعاون مزید مؤثر بنایا جاسکے۔ آرمی چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ایران برادر ہمسایہ ممالک ہیں، دونوں ممالک کو تاریخ، ثقافت اور مذہب کے گہرے رشتے آپس میں جوڑتے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے دوطرفہ تعاون کے فروغ، خطے کے امور میں مثبت پیشرفت کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

سید عباس عراقچی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ پاکستان اسحٰق ڈار سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے تہران کے کردار کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ قبل ازیں دفتر خارجہ میں وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے ایرانی ہم منصب کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان دفتر خارجہ میں اہم ملاقات ہوئی، جس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان میں اسحٰق ڈار سے ملاقات مفید رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ میری پاکستانی ہم منصب سے 3 بنیادی نکات پر بات ہوئی، خطے کی صورتحال اور پاک بھارت تعلقات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر اسحٰق ڈار نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ سے موجود صورتحال پر بات ہوئی اور انہیں پہلگام واقعے پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ پاکستان کا پہلگام واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔

.

ذریعہ: Islam Times

کلیدی لفظ: وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سید عباس عراقچی نے ایرانی وزیر خارجہ جنوبی ایشیاء میں اس ملاقات میں پہلگام واقعے دورہ پاکستان وفد کے ہمراہ کے تناظر میں کا اظہار کیا پاکستان اور دونوں ممالک پاکستان کے نے پاکستان پاکستان نے پاکستان کا شہباز شریف کہ پاکستان پاکستان کی ان کے ساتھ کے درمیان اعادہ کیا تعلقات کو ملاقات کی اسح ق ڈار نے کہا کہ ایران کے نے ایران انہوں نے کے مطابق کے مابین خارجہ کے بھارت کے ق ڈار سے کرنے کی کا کہنا کرنے کے زور دیا کا دورہ کو خطہ کے لیے

پڑھیں:

پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کی کوشش، ایرانی وزیرخارجہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے

ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی سرکاری دورےپرپاکستان پہنچ گئے۔پہلگام حملے کے بعد پاک بھارت بڑھتی کشیدگی میں کمی کے لیے ایران نے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد ائیرپورٹ پر وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام اور ایرانی سفیر نے وزیرخارجہ عباس عراقچی کا استقبال کیا۔ترجمان کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ صدر، وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے اور دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔دورہ پاکستان کےبعد ایرانی وزیرخارجہ اسی ہفتے بھارت  کے دورے پر بھی جائیں گے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں ملکوں کے دورےکا مقصد پہلگام واقعے کے بعد ہونے والی کشیدگی میں کمی لانا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے ثالثی کی پیشکش کی تھی۔

متعلقہ مضامین

  • بھارت پاک کشیدگی کے درمیان ایرانی وزیر خارجہ پاکستان میں
  • ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اسلام آباد پہنچ گئے
  • پاک بھارت کشیدگی:ایرانی وزیر خارجہ پاکستان پہنچ گئے۔
  • پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کی کوشش، ایرانی وزیرخارجہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے
  • پاک بھارت کشیدگی میں کمی کیلئے کوششیں تیز، ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کل پاکستان پہنچیں گے
  • پاک بھارت کشیدگی، ایرانی وزیر خارجہ کل پاکستان آئیں گے
  • ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی پیر کو پاکستان کا دورہ کریں گے
  • ایران کےوزیر خارجہ عباس عراقچی کا پیر کو پاکستان کا دورہ متوقع 
  • پاک، بھارت کشیدگی، ایرانی وزیر خارجہ کل پاکستان کا دورۂ کرینگے