عسکری قیادت، افواج کو مبارکباد، نام نہاد بھارتی قوت کو سخت ٹھیس پہنچائی: زرداری
اشاعت کی تاریخ: 11th, May 2025 GMT
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر زرداری نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور تمام افواج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بہادری اور انتھک محنت نے اس جنگ میں ہمیں فتح سے ہمکنار کیا۔ کشیدگی جنگ بندی پر صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ مجھے پاکستان کی مسلح افواج، پاک بحریہ اور فضائیہ پر ہمیشہ سے یقین رہا ہے، ہم نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، ہم نے بھارت کی نام نہاد فوجی قوت کو سخت ٹھیس پہنچائی ہے۔ آج ہماری قوم کا عزم بے مثال ہے۔ یہی عزم ہمارے آباؤ اجداد کے دو قومی نظریہ کو تقویت بخشتا ہے۔ بحیثیت اسلامی ریاست اور اللہ پر ہمارے ایمان نے ہمیں اپنے حجم سے پانچ گنا زیادہ ملک کے خلاف کھڑے ہونے کی طاقت اور ہمت عطا کی۔ قوم کو خوشی منانی چاہیے اور شہادت پانے والوں کے لیے دعا بھی کرنی چاہئے۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام تنازعہ جموں و کشمیر کے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل اور دیگر مرکزی مسائل بالخصوص سندھ طاس معاہدہ کے حل میں ہے۔ میں ان تمام دوست ممالک بشمول چین، امریکہ، ترکیہ، سعودی عرب اور ایران کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو اس مْشکل گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے۔ پاکستان اشتعال انگیزی نہیں چاہتا، امن کا خواہاں ہے لیکن ہم اپنی خود مختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
اگر بھارت نے مزید جارحیت دکھائی تو ٹارگٹ ہائی ویلیو ہوگا، سیاسی و عسکری قیادت میں فیصلہ
پاکستان نے بھارت کی حالیہ جارحیت کے جواب میں فیصلہ کن اقدام اٹھاتے ہوئے ’آپریشن بنیان المرصوص‘ کا آغاز کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان کی عسکری قیادت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اگر بھارت نے مزید جارحیت دکھائی تو ٹارگٹ ہائی ویلیو ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستانی ردعمل کے جواب میں مزید جارحیت کی تو پاکستان کی جوابی کارروائی کہیں زیادہ شدید اور نشانہ ’ہائی ویلیو اہداف‘ ہوں گے۔
قیادت کا کہنا ہے کہ آئندہ کسی بھی بھارتی حملے کی صورت میں نہ صرف عسکری بلکہ بھارت کے معاشی مراکز بھی پاکستان کے ردعمل کی زد میں ہوں گے۔
قیادت نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور دشمن کی ہر مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ قیادت نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی اشتعال انگیزی کی صورت میں اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
’آپریشن بنیان المرصوص‘ نہ صرف پاکستان کی عسکری تیاری کا مظہر ہے بلکہ یہ واضح پیغام بھی ہے کہ پاکستان اپنی سلامتی کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں کرتا۔
واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان میں 3 ایئر بیسز پر میزائل داغے ہیں، تاہم پاکستان کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے ان میزائل حملوں کو ناکام بنا دیا۔
اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بھارت ہمارے جواب کا انتظار کرو۔