بھارت: پاکستان کے لیے جاسوسی کے الزام میں گیارہ شہری گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 20th, May 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 20 مئی 2025ء) بھارت میں پاکستان کے لیے جاسوسی کے الزام میں گیارہ افراد گرفتار
پاکستان کے لیے جاسوسی کا الزام، بھارت میں گیارہ افراد گرفتاربھارتی حکام نے پاکستان کے لیے مبینہ طور پر جاسوسی کے الزام میں کم از کم 11 بھارتی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ گرفتاریاں بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ برسوں کی شدید ترین کشیدگی کے بعد عمل میں آئی ہیں۔
مقامی میڈیا نے پولیس ذرائع کے حوالے سے ان گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے۔رواں ماہ کے اوائل میں دونوں ممالک کے مابین جھڑپوں میں کم از کم 60 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یہ لڑائی 22 اپریل کو بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کے بعد شروع ہوئی تھی، جس کا الزام نئی دہلی نے اسلام آباد پر عائد کیا، تاہم پاکستان نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے۔
(جاری ہے)
بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق پنجاب، ہریانہ اور اتر پردیش کی ریاستوں سے نو مبینہ ’’جاسوسوں‘‘ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل پولیس گورو یادیو نے پیر کے روز بتایا کہ ان کی ٹیم نے دو افراد کو حساس فوجی معلومات افشاء کرنے کے الزام میں حراست میں لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ان دونوں افراد کے خلاف خفیہ معلومات پر کارروائی کی گئی۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ دونوں افراد پاکستانی انٹیلی جنس ادارے آئی ایس آئی کے اہلکاروں سے براہِ راست رابطے میں تھے اور انہوں نے بھارتی مسلح افواج سے متعلق اہم معلومات پاکستان منتقل کیں۔ ان میں خاص طور پر چھ اور سات مئی کی درمیانی شب نئی دہلی کی جانب سے پاکستان کے اندر کیے گئے مبینہ فضائی حملوں سے متعلق معلومات شامل تھیں۔ہریانہ میں پولیس نے گزشتہ ہفتے ایک خاتون ٹریول بلاگر کو بھی گرفتار کیا ہے، جس پر بھی اسی نوعیت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق مذکورہ خاتون کم از کم دو بار پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں اور وہاں پاکستانی سفارتخانے کے ایک اہلکار سے ان کے رابطے رہے ہیں۔
گرفتار ہونے والوں میں ایک طالبعلم، ایک سکیورٹی گارڈ اور ایک تاجر بھی شامل ہے۔
’’انڈیا ٹوڈے‘‘ کے مطابق اب تک 11 افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان افراد کو سوشل میڈیا، مالی فوائد، جھوٹے وعدوں، میسیجنگ ایپس اور ذاتی دوروں کے ذریعے جاسوسی کے نیٹ ورک میں شامل کیا گیا۔یہ گرفتاریاں بھارت اور پاکستان کے درمیان 1999 کے بعد سب سے سنگین کشیدگی کے فوراً بعد عمل میں آئی ہیں۔ دونوں ایٹمی طاقتوں کے مابین میزائل، ڈرون اور توپ خانے کے حملوں پر مشتمل چار روزہ شدید جھڑپوں کے بعد جنگ کے خطرے کو بھانپتے ہوئے جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا۔
شکور رحیم اے ایف پی کے ساتھ
ادارت: کشور مصطفیٰ
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے پاکستان کے لیے کے الزام میں جاسوسی کے کے مطابق کے بعد
پڑھیں:
کراچی میں داماد کو زندہ جلانے کے الزام میں سسر اور بھائی گرفتار
کراچی:شہر قائد کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں انویسٹی گیشن پولیس نے داماد کو زندہ جلانے کے الزام میں سسر اور اس کے بھائی کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایس ایس پی انویسٹی گیشن اظہر جاوید کے مطابق سعید آباد کے علاقے سیکٹر نائن بی میں آرتھر مسیح نامی شخص کو آگ لگا کر شدید زخمی کرنے کا واقعہ پیش آیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
اتحاد ٹاؤن پولیس نے واقعے کا مقدمہ نمبر 276 سال 2025 بجرم دفعہ 302 چونتیس کے تحت مقتول کی بہن کی مدعیت میں درج کیا تھا جس میں مدعیہ نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ آرتھر مسیح نے دم توڑنے سے قبل انکشاف کیا تھا کہ اسے سسرالیوں نے پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی تھی۔
ترجمان کے مطابق واقعے کی سنگینی کے پیش نظر خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے سخت جدوجہد کے بعد واقعے کا معمہ حل کرتے ہوئے مقتول کے سسر چاند سجاد مسیح اور اس کے بھائی چچا سسر امانت انجم مسیح کو گرفتار کرلیا جبکہ مقدمے میں نامزد دیگر کی تلاش میں انویسٹی گیشن پولیس چھاپے مار رہی ہے جنھیں جلد گرفتار کرلیا جائیگا۔