پی ایس ایل 10 کے فائنل میں پاک بحریہ کو شاندار خراجِ تحسین، اعلیٰ شخصیات کی شرکت
اشاعت کی تاریخ: 25th, May 2025 GMT
ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے فائنل میچ کے دوران ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاک بحریہ کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اس تقریب میں پاک بحریہ کے سربراہ، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی اس یادگار موقع پر اسٹیڈیم میں موجود تھے، تقریب میں سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے دوران معروف سنگر ندیم عباس نے اپنی آواز کا جادو جگا کر شائقین کو محظوظ کیا۔ اسٹیڈیم "پاک فوج زندہ باد" کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا۔
تقریب کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جس نے آسمان کو رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا دیا۔پی ایس ایل 10 کا یہ فائنل نہ صرف کرکٹ کے جذبے کا جشن تھا بلکہ ایک قومی یکجہتی کا مظاہرہ بھی ثابت ہوا۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پاک بحریہ کے سربراہ کا عسکری حکمت عملی میں تبدیلی کی ضرورت پر زور
راولپنڈی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ غیر ریاستی عناصر کے کردار اور غیر روایتی جنگی طریقہ کار کے تناظر میں روایتی عسکری حکمت عملیوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے بیان کے مطابق پاکستان نیوی وار کالج کے 54ویں کانووکیشن کی تقریب کا لاہور میں انعقاد ہوا جہاں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
نیوی وار کالج کے کانووکیشن میں 118 افسران کو ڈگریاں تفویض کی گئیں، فارغ التحصیل افسران میں دوست ممالک کے 44 افسران بھی شامل ہیں۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے خطاب میں جنگی نوعیت میں تبدیلی اور سمندری سلامتی کو درپیش نئے خطرات کو سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین حالیہ کشیدگی جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت کا واضح ثبوت ہے، غیر ریاستی عناصر کے کردار اور غیر روایتی جنگی طریقہ کار کے تناظر میں روایتی عسکری حکمت عملیوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے کامیاب گریجویٹس میں ڈگریاں تقسیم کیں، تقریب میں اعلیٰ عسکری حکام، سول معززین اور کورس ممبران کے اہل خانہ شریک تھے۔