یوم تکبیر آج بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائیگا، صدر، وزیراعظم، عسکری قیادت کی مبارکباد
اشاعت کی تاریخ: 28th, May 2025 GMT
لاہور؍ اسلام آباد؍ گوجرانوالہ (خبر نگار+ لیڈی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں ) ملک بھر میں آج 28مئی یوم تکبیر بھرپور جوش وخروش سے منایا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ یومِ تکبیر کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات، سیمینارز اور ریلیاں بھی منعقد کی جائیں گی جن میں ایٹمی طاقت کے حصول میں کردار ادا کرنے والے قومی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ یومِ تکبیر پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کے مظہر کے طور پر منایا جاتا ہے، جب پاکستان نے 1998 ء میں چاغی کے پہاڑوں میں کامیابی سے ایٹمی دھماکے کیے اور دنیا کی 7ویں اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بن کر ابھرا۔ پنجاب حکومت نے یوم تکبیر پر سکولز کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا۔ پنجاب کے تمام سکولزکھلے رہیں گے۔ محکمہ سکولز ایجوکیشن نے تمام ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز کو مراسلہ بھجوا دیا۔ مارننگ اسمبلی میں سپیشل پروگرامز، پاک افواج کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔28 مئی یوم تکبیر کی اہمیت پر تقریری مقابلے، آرٹس اور ملی نغموں کے مقابلوں کی ہدایت کی گئی ہے۔ ضلعی سطح پر مقابلے جیتنے والوں کو 50 ہزار انعام دیا جائے گا۔ ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتیں یوم تکبیر کے سلسلہ میں 28 مئی کو بند رہیں گی۔ چیف جسٹس ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم تکبیر پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم یوم تکبیر کی 27 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ آج کے دن ہم نے اپنی جوہری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور تزویراتی دفاعی طاقت حاصل کی۔ ان سائنسدانوں، انجینئرز اور سول و فوجی قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی محنت اور لگن سے یہ کامیابی ممکن ہوئی۔ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیرکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہوئے دل کی گہرائیوں سے پوری قوم، اور پاکستان سے محبت کرنے والوں کو یوم تکبیر کی مبارک دیتا ہوں۔ آج پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور مسلمان ممالک میں پہلی ایٹمی قوت بنے 27 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ مئی 1998ء میں پوکھران میں بھارت نے پانچ ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کی سلامتی، دفاع اور خودمختاری کے لئے چیلنج پیدا کردیا تھا۔ میرے قائد اور اس وقت کے وزیراعظم جناب محمد نوازشریف نے پوری قوم کی امنگوں اور قومی مفادات کی ترجمانی کی۔ اقتصادی پابندیوں، دباؤ، دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے، 1998ء میں آج کے دن، بھارت کے پانچ کے مقابلے میں چھ دھماکے کرکے پاکستان کو ایٹمی ملک بنادیا تھا اور جغرافیائی سرحدوں کو ہمیشہ کے لئے ناقابل تسخیر بنا دیا تھا۔ پاکستانی قوم، ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر نواز شریف تک جنہوں نے اس پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا انہیں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔ ذوالفقارعلی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سائنسدانوں، انجینئرز، افواج پاکستان اور قومی اداروں سمیت اس پروگرام میں اپنا حصہ ڈالنے والے تمام معماروں کو سلام پیش کرتا ہوں۔وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کے سکولز میں گرمیوں کی چھٹیاں شروع ہو گئی ہیں تاہم یوم تکبیر کے حوالے سے تقریبات کیلئے سکول 2 گھنٹے کیلئے کھلیں گے، متعلقہ سکول صبح ساڑھے 7 سے ساڑھے 9 بجے تک لگیں گے۔ پنجاب بھر کے سکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات کا آغاز ہو گیا۔اب تعلیمی ادارے 15اگست سے دوبارہ کھلیں گے۔آخری روزبچوں نے گلے مل کرایک دوسرے کوالودع کیا۔یوم تکبیر کے موقع پر مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے پاکستانی عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع کیلئے مکمل تیار اور پْر عزم ہیں، یومِ تکبیر 1998 کے اْس عظیم لمحے کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان جوہری طاقت کے طور پر اْبھرا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے جنوبی ایشیا میں سٹریٹجک توازن بحال کیا اور اپنے دفاع کے حق کو منوایا، یہ تاریخی کارنامہ قوم کے عزم، باوقار و پْرامن وجود کے حصول کی مسلسل جدوجہد کا مظہر ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے کہا ہے پاکستان کی سٹریٹجک صلاحیت ایک قومی امانت ہے جو عوامی امنگوں کی عکاس ہے، دور اندیشن قیادت، سائنسدانوں اور انیجنئرز نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے یہ دن پاکستان کی اپنی خود مختاری اور جغرافیائی سالمیت کے تحفظ کے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہے، یومِ تکبیر ہمارے موثر اور کم از کم ڈیٹرنس کے نظریے کی توثیق کرتا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق قابلِ اعتبار کم از کم ڈیٹرنس کا نظریہ خطے میں امن اور تزویراتی استحکام کے قیام پر مبنی ہے، پاکستان کی جوہری صلاحیت خالصتاً دفاعی نوعیت کی اور امن کی ضامن ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: پاکستان کی یوم تکبیر تحسین پیش تکبیر کے جائے گا نے کہا
پڑھیں:
پاکستان اور عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے درمیان کنٹری پروگرام فریم ورک پر دستخط
چیئرمین پی اے ای سی کا کہنا تھا کہ کنٹری پروگرام فریم ورک پر دستخط پاکستان کے پُرامن جوہری سائنس و ٹیکنالوجی کے عزم کا اعادہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی اے ای اے کے تعاون سے ملک میں خوراک، صحت، توانائی اور ماحولیات میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال جاری رہے گا۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نے جوہری تعاون کے کنٹری پروگرام فریم ورک پر دستخط کر دیے۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے معاہدے پر دستخط کیے، بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل و سربراہ، محکمہ برائے تکنیکی تعاون نے معاہدے پر دستخط کیے، یہ پانچواں پروگرام ہے جو 2026ء سے 2031ء تک قابلِ عمل رہے گا۔
اِس فریم ورک کے تحت جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی کے ذریعے براہِ راست سماجی و اقتصادی ترقی میں معاونت کی جائے گی، فریم ورک میں خوراک و زراعت، انسانی صحت و غذائیت، ماحولیاتی تبدیلی و آبی وسائل کا انتظام، جوہری توانائی، اور تابکاری و جوہری تحفظ جیسے 5 کلیدی شعبے شامل ہیں۔
چیئرمین پی اے ای سی کا کہنا تھا کہ اِس پروگرام پر دستخط پاکستان کے پُرامن جوہری سائنس و ٹیکنالوجی کے عزم کا اعادہ ہے۔ ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے مزید کہا کہ آئی اے ای اے کے تعاون سے ملک میں خوراک، صحت، توانائی اور ماحولیات میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال جاری رہے گا۔