آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام دوست مثالی ہو گا، فیصل ممتاز راٹھور
اشاعت کی تاریخ: 11th, June 2025 GMT
وزیر بلدیات و دیہی ترقی آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ دفاعی علاقوں میں بنکرز کی تعمیر کے علاوہ بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے عوام خاص کر یوتھ کو تیار کرنے کے لیے خصوصی قانون سازی کریں گے۔ اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی و مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام دوست مثالی ہو گا۔ ریاستی عوام کو صحت کارڈ کی سہولت سمیت بلدیاتی اداروں کو آئین کی اصل روح کے مطابق اختیارات و وسائل کی فراہمی کے علاوہ صحت، علاج معالجہ، تعلیم و ترقی، رسل و رسائل کو جدید اور ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں لانے کے لیے تمام تر وسائل کو استعمال میں لایا جائے گا۔ راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا مزید کہنا تھا کہ اتحادی حکومت نے آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اقربا پروری، کرپشن، میرٹ کی پامالی کو جڑ سے اکھڑتے ہوئے ریاستی فنڈز کو زمین پر لگا کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ اب جھرلو ٹھپہ نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام باشعور ہو چکے ہیں اور کارکردگی کے تناظر میں اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی علاقوں میں بنکرز کی تعمیر کے علاوہ بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے عوام خاص کر یوتھ کو تیار کرنے کے لیے خصوصی قانون سازی کریں گے۔
وزیر بلدیات و دیہی ترقی نے مزید کہا کہ حویلی کو تمام تر سابقہ پسماندگیوں سے نجات دلانے کا عزم کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حویلی کی تمام برادریاں یک جان دو قالب کی مانند ہیں سب کا مجھ پر اعتماد میرے لیے سرمایہ سیاست ہے۔ حویلی کو سیاسی حب بنانا میرا خواب ہے، میرے دفتر کے دروازے سب کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔ حویلی میں یونیورسٹی کیمپس کا قیام تعمیروترقی اور تعلیمی اداروں کی اپگریڈیشن کر کے وطن کی مٹی کا قرض ادا کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم راجہ ممتاز حسین راٹھور نے پیار محبت بانٹنے کا درس دیا تھا، میرا جینا مرنا ریاست اور عوام کے لیے ہے ریاست کے عوام کا خادم بن کر کام کر رہا ہوں اور کرتا رہوں گا۔قوم وہ جو خود دکھائی دے، کارکردگی کی بنیاد پر آمدہ الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے جس طرح دورہ نیویارک کے دوران کشمیر پر موقف اٹھایا اور مقدمہ کشمیر کو مدلل الفاظ میں بیان کرتے ہوئے عالمی دنیا کے سامنے پیش کیا اس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے آمدہ انتخابات کی تیاریوں میں مگن ہو جائیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کا سنہرا مستقبل لوح محفوظ پر لکھا جا چکا ہے، کامیابی پاکستان پیپلز پارٹی کے مقدر میں ہے۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: پاکستان پیپلز پارٹی انہوں نے کہا کہ کرنے کے لیے
پڑھیں:
معاشی سرگرمیوں میں تیزی، کے الیکٹرک صنعتی صارفین کا بجلی استعمال ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا
کراچی: ملک میں معاشی سرگرمیوں میں بہتری کے ساتھ کے الیکٹرک صنعتی صارفین کی جانب سے بجلی کے استعمال نے نئی بلند ترین سطح حاصل کر لی۔ مالی سال 2026 کے دوران کے الیکٹرک کے صنعتی فیڈرز پر بجلی کی مجموعی کھپت 6 ارب 8 کروڑ یونٹس (6.08 ارب یونٹس) ریکارڈ کی گئی، جو ادارے کی تاریخ میں کسی بھی مالی سال کے دوران سب سے زیادہ ہے۔
کے الیکٹرک کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صنعتی بجلی کی طلب میں یہ نمایاں اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 3.7 فیصد رہی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ کراچی کی صنعتوں کو مسلسل، قابل اعتماد اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی نے صنعتی پیداوار اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید محمد طہٰ نے کہا کہ صنعتی بجلی کے استعمال میں ریکارڈ اضافہ حکومت پاکستان، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) اور کراچی کی صنعتی برادری کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق سرمایہ کاری کے بہتر ماحول، صنعتی سرگرمیوں میں تیزی اور کاروباری اعتماد میں اضافے نے اس کامیابی کو ممکن بنایا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے اور کے الیکٹرک 2013 سے صنعتی فیڈرز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ رکھے ہوئے ہے تاکہ صنعتوں کی پیداوار اور برآمدات متاثر نہ ہوں۔
بی تھری کیٹیگری میں سب سے زیادہ بجلی استعمال
اعلامیے کے مطابق سب سے زیادہ بجلی کا استعمال بی تھری (B3) کیٹیگری میں ریکارڈ کیا گیا، جس میں 501 سے 5 ہزار کلوواٹ تک بجلی استعمال کرنے والی صنعتیں شامل ہیں۔ اس زمرے میں سیمنٹ، اسٹیل، ٹیکسٹائل، کیمیکل اور دیگر بڑے صنعتی شعبے شامل ہیں۔
ماہانہ بنیاد پر جون 2026 میں صنعتی بجلی کی کھپت سب سے زیادہ رہی، جبکہ اپریل 2026 دوسرے نمبر پر رہا۔
گزشتہ سال کے مقابلے میں 20 فیصد سے زائد اضافہ
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025 میں صنعتی صارفین نے 5.04 ارب یونٹس بجلی استعمال کی تھی، جبکہ مالی سال 2026 میں یہ مقدار بڑھ کر 6.08 ارب یونٹس تک پہنچ گئی، جو 20 فیصد سے زائد سالانہ اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
اس سے قبل مالی سال 2022 میں صنعتی بجلی کی کھپت 5.84 ارب یونٹس ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم رواں مالی سال میں یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔
349 نئے صنعتی کنکشنز فراہم
کے الیکٹرک کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران 349 نئے صنعتی کنکشنز جاری کیے گئے، جبکہ 273 صنعتی صارفین نے اپنے بجلی کے لوڈ میں اضافہ کیا، جس سے مجموعی طور پر 168 میگاواٹ اضافی طلب قومی گرڈ میں شامل ہوئی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے صنعتوں کو کیپٹو پاور پلانٹس سے قومی گرڈ پر منتقل کرنے کی پالیسی، معاشی بحالی اور صنعتی پیداوار میں اضافے نے بھی بجلی کی طلب بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ صنعتی فیڈرز کی ریکوری کی شرح تمام صارفین کے مختلف زمروں میں سب سے بہتر رہی، جو بروقت بلوں کی ادائیگی اور لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ کے درمیان مضبوط تعلق کو ظاہر کرتی ہے۔
کے الیکٹرک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کراچی کی صنعتوں اور کاروباری سرگرمیوں کو قابل اعتماد اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی آئندہ بھی اس کی اولین ترجیح رہے گی تاکہ ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا کردار جاری رکھا جا سکے۔