26نومبر احتجاج پر درج مقدمات؛ پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں پر توسیع
اشاعت کی تاریخ: 17th, June 2025 GMT
اسلام آباد:
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں کے خلاف 26 نومبر کو دیے گئے احتجاج کے سلسلے میں درج مختلف مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالت نے تمام عبوری ضمانتوں میں توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت 24 جون تک ملتوی کر دی۔
بانی پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، سینیئر وکیل سلمان اکرم راجہ، شیر افضل مروت، عمیر نیازی، علی بخاری اور دیگر رہنماؤں کی مختلف تھانوں میں درج مقدمات میں عبوری ضمانتیں زیر سماعت ہیں۔
عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کی جانب سے دلائل دیے جائیں گے اور تمام ضمانتوں پر ایک ساتھ سماعت کی جائے گی۔
آج کی سماعت میں شیر افضل مروت، عمیر نیازی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ بشریٰ بی بی اور سلمان اکرم راجہ کی جانب سے حاضری سے استثنا کی درخواستیں دائر کی گئیں، جو عدالت نے منظور کر لیں۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ کراچی کمپنی، کوہسار، مارگلہ، آبپارہ، ترنول اور سیکریٹریٹ میں مقدمات درج ہیں۔ بشریٰ بی بی کی تھانہ سیکرٹریٹ کے مقدمے میں ضمانت کی سماعت بھی 24 جون تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ ان ہی مقدمات میں دیگر ملزمان کی ضمانتیں بھی مقرر ہیں، جنہیں ایک ساتھ سنا جانا چاہیے۔ عدالت نے ان دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے تمام ضمانتوں پر آئندہ سماعت 24 جون کو مقرر کر دی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
26 نومبر احتجاج کیس، عدالتی حکم پر پی ٹی آئی 65 رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں کیلیے ٹیمیں تشکیل
راولپنڈی پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے عدالتی وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی۔
پولیس ٹیموں نے سابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعلی کے پی کے، علیمہ خان سمیت دیگر رہنماوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کردئیے۔
ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ 26 نومبر احتجاج کے حوالے سے تھانہ صادق آباد، واہ کینٹ اور نصیر آباد کے مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے پی ٹی آئی کے 65 رہنماؤں و کارکنان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لئے روپوش ہونے پر وارنٹ جاری کئے گئے۔
تھانہ صادق آباد کے مقدمہ میں 28 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے، تھانہ واہ کینٹ کے مقدمہ میں 18 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے، جبکہ نصیر آباد کے مقدمہ میں 19 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے۔
ملزمان میں سابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، علی امین گنڈا پور، علیمہ خان، عمر ایوب، زبیر نیازی، فرخ محمد سیال، حماد اظہر، مطیع اللہ شاہ، کنول شوزف، شیخ وقاص اکرم، اعجاز خان جازی، کرنل اجمل صابر، عامر مغل، سردار منصور، میاں اسلم اقبال بھی شامل ہیں۔
تھانہ صادق آباد کے مقدمہ میں 18 دیگر ملزمان کے عدم حاضری کی بنیاد پر وارنٹ بھی جاری ہوئے، ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل، مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں، عدالتی حکم پر ہر صورت عملدرآمد کیا جائے گا۔