صدرِ مملکت کی کولیشن جوائنٹ کمیٹی کی فعال سفارتی کوششوں کی تعریف
اشاعت کی تاریخ: 19th, June 2025 GMT
اسلام آباد:
پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمٰن نے ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں جاری بجٹ اجلاس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینیٹر شیری رحمٰن نے صدرِ مملکت کو سینیٹ میں بجٹ پر ہونے والی بحث اور قانون سازی کے عمل میں پیپلز پارٹی کے مؤثر کردار سے آگاہ کیا۔
انہوں نے صدرِ مملکت کو حالیہ بھارت پاکستان بحران کے دوران کولیشن جوائنٹ کمیٹی کی جانب سے کی گئی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا۔
سینیٹر شیری رحمٰن نے آگاہ کیا کہ کمیٹی نے پاکستان کا امن پسند اور ذمہ دارانہ اسٹریٹجک مؤقف عالمی برادری کے سامنے پیش کیا، کمیٹی نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مؤقف کے حق میں حمایت حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ کمیٹی اور اس کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری پر مکمل اعتماد اور بھرپور حمایت پر صدرِ مملکت اور وزیرِاعظم پاکستان کا شکریہ ادا کر تے ہیں۔
صدرِ مملکت نے کولیشن جوائنٹ کمیٹی کی فعال سفارتی کوششوں کو سراہا اور عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو مؤثرانداز میں پیش کرنے پر ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
صدر مملکت سے بلوچستان کے صوبائی وزراء کی ملاقات، مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال
کراچی:صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے بلوچستان کے صوبائی وزراء کی بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات ہوئی جس میں بلوچستان میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور صوبے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر ِمملکت نے بلوچستان میں ترقی کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور صوبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی، امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے، عوامی فلاح اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں۔
ملاقات میں صوبائی وزیرِ آبپاشی صادق عُمرانی، وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی ظہور بلیدی، وزیرِ صحت میر بخت کاکڑ، وزیرِ لائیو اسٹاک سردار فیصل جمالی، وزیرِ صنعت و تجارت کویار ڈومکی، وزیرِ محنت غلام رسول عُمرانی اور پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر میر علی حسن زہری شریک تھے۔