ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت اور شیری رحمٰن کی اہم ملاقات، بجٹ و سفارتی امور پر تبادلہ خیال
اشاعت کی تاریخ: 19th, June 2025 GMT
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمٰن نے ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران جاری بجٹ اجلاس سے متعلق امور، سینیٹ میں بحث اور قانون سازی کے عمل میں پیپلز پارٹی کے مؤثر کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینیٹر شیری رحمٰن نے صدرِ مملکت کو بھارت-پاکستان حالیہ بحران کے دوران کوآلیشن جوائنٹ کمیٹی کی جانب سے کی گئی سفارتی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے پاکستان کا امن پسند اور ذمہ دارانہ اسٹریٹجک مؤقف عالمی برادری کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت حاصل کرنے میں کمیٹی اور اس کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کلیدی کردار ادا کیا۔ سینیٹر شیری رحمٰن نے صدرِ مملکت اور وزیرِاعظم پاکستان کی مکمل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کوآلیشن جوائنٹ کمیٹی کی فعال سفارتی کوششوں اور عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی مؤثر نمائندگی پر ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
Post Views: 4.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
قائم مقام صدر کی بین الاقوامی اداروں سے سیلاب متاثرین کیلئے امداد کی اپیل
کراچی:قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے بین الاقوامی فلاحی اداروں سے پاکستان بالخصوص جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کیلئے امداد کی اپیل کردی۔
قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے سیلاب متاثرین کیلئے بروقت امداد پر زور دیا۔
دریں اثنا قائم مقام صدر مملکت سے ایوان صدر میں سینیٹر رانا ثنا الّلہ خان نے بطور سینیٹر پہلی رسمی ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدرِ مملکت سے پیپلز پارٹی کے سینٹرل سیکریٹری جنرل ہمایوں خان نے بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے پارٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی۔