انصاف تک رسائی میں رکاوٹیں
اشاعت کی تاریخ: 31st, October 2025 GMT
یہ بات سو فیصد درست ہے کہ انصاف کی فراہمی میں تاخیر درحقیقت انصاف سے انکار ہی ہوتا ہے،کیونکہ بروقت انصاف ملنے سے متاثرہ فریق کی داد رسی ہوتی ہے اور مخالف فریق کی سرزنش ہوتی ہے جس کی وجہ سے معاشرے میں لوگ قانون توڑنے سے اجتناب کرتے ہیں کیونکہ انھیں یہ احساس ہو جاتا ہے کہ ان کو ان کے غلط کام کی سزا ضرور ملے گی۔
ہمارے ہاں انصاف صرف دیر سے نہیں ملتا بلکہ جب ایک شخص پوری زندگی گزار دیتا ہے تب کہیں کسی مقدمے کا فیصلہ سامنے آتا ہے۔ یہی وہ بنیادی خرابی ہے کہ جس نے ہمارے معاشرے کے امن و امان کو شدید متاثر کیا ہے۔ ہمارے ملک کے تمام ادارے دن بہ دن تباہی کی طرف جا رہے ہیں، ہر آنے والی حکومت اداروں کو نجی تحویل میں دینے کی پالیسی اپنا رہی ہے، اگر ہماری عدالتوں سے بروقت انصاف ملتا تو یہ صورتحال قطعی نہ ہوتی۔
انصاف میں تاخیرکے باعث ہی جرم کرنے والوں کی ہمت بڑھتی رہتی ہے۔ وائٹ کالرکرائم نے تو اسی سبب اس ملک کے اداروں کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ کسی سرکاری ادارے میں رشوت طلب کرنا اور نہ دینے پرکام ہی نہ کرنا ایک کلچر بن چکا ہے۔ اس کلچرکی بنیادی وجہ صرف اور صرف یہی ہے کہ رشوت لینے والے کو یقین ہوتا ہے کہ کوئی اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، اگرکوئی عدالت چلا بھی گیا تو جب تک فیصلہ آئے گا، وہ کب کا ریٹائر ہوچکا ہوگا۔
یہ وہ سنگین مسئلہ ہے کہ جس کے سبب صرف وائٹ کالر جرائم ہی نہیں، اسٹریٹ کرائم اور سنگین قسم کے جرائم میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ عدالتوں سے بروقت انصاف نہ ملنے کی راہ میں ایک دو نہیں بے شمار رکاوٹیں ہیں جن کی جانب ضیاء احمد اعوان ایڈووکیٹ نے تفصیل کے ساتھ توجہ دلاتے ہوئے آواز بلند کی ہے اور ساتھ ہی ان کے حل بھی پیش کیے ہیں۔ ’’ کراچی سٹی کورٹ میں انصاف تک رسائی میں رکاوٹیں‘‘ ایک ایسی کتاب ہے جو مصنف کی انصاف کی رسائی کے سلسلے میں ایک آئینی درخواست کا خلاصہ ہے۔
بقول مصنف، یہ درخواست محض ایک قانونی اقدام نہیں بلکہ ان سب کے لیے عمل کی پکار ہے جو انصاف، برابری اور وقار کو اہمیت دیتے ہیں۔ اس درخواست میں بیان کیے گئے ڈھانچہ جاتی، انتظامی اور سماجی مسائل کو حل کر کے ہم سٹی کورٹس کو کارکردگی، سہولت اور شفافیت کی ایک مثالی عدالت بنا سکتے ہیں۔
اسی طرح اگر آپ وکیل ہیں یا عدالت میں مستقل آنے والے ہیں تو اپنے مشاہدات اور تجربات شئیرکریں۔ آپ کی آراء ان مجوزہ تبدیلیوں کو مزید موثر اور مضبوط بنانے میں مدد گار ثابت ہوںگی، اپنی صلاحیتیں رضاکارانہ طور پر پیش کریں، چاہے آپ ایک قانونی ماہر ہوں، صحافی ہوں یا کارکن، آپ کی صلاحیتیں فرق ڈال سکتی ہیں۔ اپنی مہارت پیش کریں تاکہ معلومات کی ترسیل اور وکالت کی کوششوں کو تقویت ملے۔ ضیاء اعوان اس ضمن میں اپیل بھی کرتے ہیں کہ آئیے مل کر یہ یقینی بنائیں کہ کراچی کی سٹی کورٹس ایک ایسا مقام بنیں کہ جہاں انصاف سب کے لیے قابل رسائی ہو اور ہر شخص کی عزت قائم رکھی جائے۔
ان کے مطابق ان رکاوٹوں میں مرکزی جوڈیشل کمپلیکس کی بھی ضرورت ہے جہاں جدید سہولیات بھی موجود ہوں۔ ان کی یہ بھی تجویز ہے کہ اسی طرح جب تک کوئی ایسا کمپلیکس نہیں بنتا تب تک سٹی کورٹ کے احاطے میں قائم تجاوزات کا فوری خاتمہ بھی ضروری۔ یہ تجویز بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ ان کے سبب سائلین کے آنے جانے میں نہ صرف وقت لگتا ہے بلکہ سخت پریشانی ہوتی ہے، اور ان کی یہ بات قطعی درست ہے کہ ماسٹر پلان کے مطابق تمام تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے، کیونکہ کسی حادثے کی صورتحال میں یہاں ایمولینس اور فائر ٹینڈرکا داخلہ بھی مشکل ہے۔
ضیاء اعوان نے کورٹ کی عمارت کے بہت چھوٹے چھوٹے مگر اہم مسائل پر بھی توجہ دلائی ہے، جن میں عمارت کے لیے مناسب لفٹ جو آنے والوں اور وکلاء کی تعداد کے اعتبار سے ہوں کیونکہ کیسزکے سلسلے میں بار بار اوپر نیچے عدالتوں کے چکر لگانا، ایک دشوارگزار مرحلہ بھی ہوتا ہے اور اس سے وقت بھی ضایع ہوتا ہے جب کہ سائلین میں ہر عمر کے افراد شامل ہوتے ہیں ایسے میں بزرگوں کا سیڑھیوں سے کئی بار اترنا اور چڑھنا دشوار ہی نہیں بعض اوقات ناممکن بھی ہوتا ہے۔ اسی طرح ایک اور چھوٹا مگر اہم مسئلہ پینے کے پانی کا ہے جس سے وکلاء حضرات کو بھی اکثر پریشانی ہوتی ہے جب کہ آنے والے لوگوں کو دستیاب ہی نہیں ہوتا اور وہ غیر میعاری پانی کی بوتلیں خرید کر پینے پر مجبور ہوتے ہیں۔
کتاب کے مصنف نے واش روم جیسے اہم ترین مسئلے کو بھی بیان کیا ہے جس پر عموماً ہمارے ہاں توجہ ہی نہیں جاتی۔ کورٹ میں روزانہ ہزاروں لوگوں کی آمدرورفت ہوتی ہے جس میں مرد، خواتین اور بچے سب ہی شامل ہوتے ہیں اور ان سب کا ایک اچھا خاصہ وقت یہاں گزرتا ہے۔ یہ لوگ اکثر دور دراز علاقوں کا سفر کر کے آتے ہیں، لٰہذا رفع حاجت کی مناسب سہولیات نہ ہونے کے سبب سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پھر جو واش روم یہاں دستیاب ہیں وہاں صفائی ستھرائی بھی نہ ہونے کے برابر دکھائی دیتی ہے۔
مسلسل استعمال سے ماحول بھی آلودہ رہتا ہے۔ کہیں سے محسوس نہیں ہوتا کہ یہ پاکستان کے سب سے بڑے شہرکے کورٹ کے واش رومزہیں۔اسی طرح قیدیوںکے آمدورفت کے مسائل الگ ہیں، ان کے یہاں رکنے کے مسائل الگ ہیں۔ چھوٹے اور تنگ کمرہ عدالتوں میں کیسز سنتے وقت عجیب عالم ہوتا ہے،کمرہ عدالت میں اتنی گنجائش نہیں ہوتی کہ آنے والے ملزمان اور دیگر لوگ اس میں سکون سے سانس لے سکیں، جن عدالتوں میں اے سی کی سہولت ہوتی ہے، وہاں گرمی کے موسم میں اے سی بھی درست طور پر کام نہیں کرتے۔
کشادہ اور ہوا دار یا اے سی والے کمرے ناپید ہی ہیں۔ اسی طرح وکلاء اور پراسیکیوٹروں کے کمروں کی حالت ہے اور ججوں اور اسٹاف کی سہولیات کا بھی فقدان ہے۔مصنف کی یہ کاوش ایک سو دس سے زائد صفحات پر مشتمل ہے، جو ان کی اپنے پیشے سے کمٹمنٹ بھی ظاہرکرتی ہے اور یہ بھی کہ انھیں اپنے ادارے سے مطلق تمام مسائل کا علم بھی ہے اور وہ ان کے حل کو بھی بہتر طور پر جانتے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سٹی کورٹ ہوتا ہے ہوتی ہے ہی نہیں نے والے ہے اور
پڑھیں:
کیا لاہور کو آؤٹ سائیڈرز نے تباہ کیا ہے؟
مراد راس صاحب سابق صوبائی وزیر ہیں، لاہور سے 2 بار رکن اسمبلی رہے۔ پہلے تحریک انصاف سے تعلق تھا، انہی کے دور میں صوبائی وزارت ملی۔ اب تحریک استحکام پاکستان میں شامل ہیں۔ ان کے بارے میں عمومی تاثر یہی تھا کہ پڑھے لکھے آدمی ہیں، نام کےساتھ ڈاکٹر بھی لگتا ہے، معلوم نہیں ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہیں یا پی ایچ ڈی۔
بہرحال ان کے حالیہ ٹوئٹ نے ہر ایک کو حیران کر دیا۔ موصوف نے ٹوئٹ کیا، ‘لاہور ان عید کی چھٹیوں میں بہت پرسکون تھا، خاص کر ٹریفک بہت کم تھی۔ یہ آؤٹ سائیڈرز ہیں جنہوں نےلاہور تباہ کیا ہے‘۔
بات سادہ ہے مگر غلط ہے، بلکہ بہت غلط ہے۔ نرم سے نرم الفاظ میں اس ٹوئٹ کو غیر ذمہ دارانہ، افسوسناک اور تکلیف دہ کہا جا سکتا ہے۔ یوں لگتا ہے جیسے یہ ٹوئٹ کرنے والا شخص پڑھا لکھا نہیں، اسےدنیا کا قطعی علم نہیں، کسی بھی بڑے بین الاقوامی شہر کا تو شاید اس نے نام بھی نہیں سنا۔ سب سےبڑھ کر یہ کہ اسے لاہور کی ہسٹری کا بھی کچھ نہیں پتا۔
یہ بھی پڑھیں: بڑے شہر نگل جاتے ہیں
خاکسار معروف معنوں میں لاہوری نہیں، آبائی شہر احمدپورشرقیہ، ضلع بہاولپور ہے۔ تاہم میں 31،32 برسوں سے لاہور میں مقیم ہوں، میرے بچے یہیں پیدا ہوئے، یہیں پر پلے بڑھے ہیں، الحمدللہ۔ میں کوئی 10، 12 برسوں سےہر عید لاہور ہی میں کرتا ہوں۔ اپنے آپ کو لاہوری تصور کرتا ہوں، اس لیے کہ اس شہر نے مجھے بے پناہ محبت، عزت دی۔ جو تھوڑی بہت پہچان ہے، وہ بھی اسی شہر کی مرہون منت ہے۔ لاہور کی سب سے خوبصورت بات یہاں کے مکین یعنی لاہوری ہیں۔ جتنی اوپن نیس، کشادگی اور کھلا ڈلا پن میں نے لاہوریوں میں دیکھا، اس کی مثالیں کم ملتی ہیں۔ باہر سے آنے والوں کو یہ باہیں پھیلا کر قبول کرتے اور اپنے دل میں سمو لیتےہیں۔
ایسے میں بہت افسوسناک امر ہے کہ ڈاکٹر مراد راس جیسے لوگ جو گجرات میں پیدا ہونے کی وجہ سے گجراتی شناخت بھی رکھتے ہیں، پرانےلاہوریے نہیں ، اپنے ایک نفرت انگیز ، متعصبانہ ٹوئٹ کی وجہ سے پورے لاہور شہر کے مکینوں کی بدنامی کا باعث بنے ہیں۔ مراد راس کا یہ ٹوئٹ لاہور اور لاہوریوں کی ترجمانی نہیں کرتا۔
مزید پڑھیے: نریندر مودی صحافیوں سے کیوں خوفزدہ ہیں؟
چلیں بات شروع ہوئی ہے تو ویسے ہی اس کا بھی جائزہ لے لیتے ہیں کہ لاہور کو وہ لاہور بنایا کس نے ہے جس پر اس کی دنیا بھر میں دھوم ہے۔ سب سےبڑا سہرا تو مغلوں کے سر جاتا ہے جو سمرقند اور کابل سے آئے تھے۔ مقبرہ جہانگیر، کامران کی بارہ دری، شالیمار باغ، مسجد وزیر خان وغیرہ کس نے بنائے؟باہر سے آنے والے مغلوں نے ۔انارکلی بازار کا نام کس کے نام پر ہے؟ ایک ایسی لڑکی کے نام پر جو اس شہر کی اصل باشندہ بھی نہیں تھی۔ لاہور کا مال روڈ، جی پی او، ہائی کورٹ، شہر کا سب سے حسین سرسبز علاقہ ماڈل ٹاؤن، یہ سب ’باہر والوں‘ نے بنائے۔ یہ سب باہر سے آئے اوراس شہر کو اپنے خون پسینے سے تعمیر کر گئے۔ لاہور کے کھانوں، کلچر میں بہت بڑا حصہ کشمیریوں کا ہے۔ یہ کشمیر سے لاہور اور امرتسر میں آ کر آباد ہوئے۔ تقسیم کے بعد امرتسری(امبرسری) کشمیری مسلمان بھی لاہور آ گئے اور آج امبرسریوں کےکھابے ملک بھر میں مشہور ہیں۔
اب ذرا دنیا کو دیکھیں۔
یورپ کے سب سے اہم شہر لندن کا میئر آج صادق خان ہے، پاکستانی نژاد، جنوبی لندن کے ایک بس ڈرائیور کا بیٹا۔ لندن والے اس پر فخر کرتے ہیں کیونکہ ان کا شہر ہمیشہ سے باہر سے آنے والوں کا گھر رہا ہے۔ رومن آئے، نارمن آئے، فرانسیسی آئے، یہودی آئے، ہندوستانی آئے، پاکستانی آئے، ہر آنے والے نے اس شہر میں کچھ جوڑا۔ اگر لندن نے کسی موڑ پر یہ سوچ لیا ہوتا کہ ’باہر والوں نے ہمیں خراب کر دیا‘ تو آج وہ ایک گمنام صوبائی قصبہ ہوتا، دنیا کا مالیاتی مرکز نہیں۔
نیویارک کو دنیا سٹی آف امیگرنٹس کہتی ہے۔ اب تو اس کا میئر ظہران ممدانی بھی ایک امیگرنٹ ہی ہے۔ وہاں ایلس آئی لینڈ پر ایک میوزیم ہے جو ان لاکھوں تارکین وطن کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جو یورپ، ایشیا، افریقہ سے جہاز پر سوار ہو کر آئے اور امریکا کو امریکا بنایا۔ انہیں شرمندگی نہیں دلائی گئی، ان کی قربانی کو سنہری حروف میں لکھا گیا۔ نیویارک کی وہ عمارتیں جنہیں آج دنیا دیکھتی ہے، ان کی ایک ایک اینٹ کے پیچھے کسی ’باہر والے‘ کا پسینہ ہے۔
دبئی کی مثال اور بھی چونکا دینے والی ہے۔ وہاں اصل اماراتی شہری آبادی کا صرف 10 سے 15 فیصد ہیں۔ 85 سے 90 فیصد لوگ ’باہر والے‘ ہیں، پاکستانی، ہندوستانی، فلپینی، بنگلہ دیشی، یورپی۔ دبئی نے انہیں دھتکارا نہیں، خوش آمدید کہا۔ نتیجہ سامنے ہے، ریت کے ایک ٹیلے پر کھڑا ہونے والا شہر آج دنیا کا سب سے چمکدار شہر ہے۔ اگر عرب امارات کے بادشاہوں نے بھی یہ سوچا ہوتا کہ باہر والے ہمیں خراب کریں گے تو دبئی آج وہ ترقی یافتہ دبئی نہ ہوتا۔
واپس لاہور آتے ہیں۔
آج لاہور میں جو کاروبار ہے، جو محنت ہے، جو تعمیر ہے، اس میں گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، جھنگ، ڈیرہ غازی خان سے آنے والوں کا حصہ اتنا ہی ہے جتنا کسی نسل در نسل لاہوری کا۔ وہ مزدور جو ڈیفنس کی کوٹھیاں بناتا ہے، وہ ریڑھی والا جو گلبرگ کو پھل فروخت کرتا ہے، وہ درزی جو اقبال ٹاؤن، ٹاؤن شپ میں سلائی کرتا ہے، یہ سب ’باہر والے‘ ہیں۔ انہیں نکال دیں تو لاہور کی رونق ایک دن میں ختم ہو جائے۔
ایک بات اور۔ لاہور کا ٹریفک اور آلودگی عید پر اس لیے کم ہوئی کہ ’باہر والے‘ اپنے گھروں کو گئے۔ یعنی اصل مسئلہ آنے والوں کا نہیں، شہر کی ناقص منصوبہ بندی کا ہے۔ وہ منصوبہ بندی جو انہی ’اندر والے‘ حکمرانوں کی دین ہے جو دہائیوں سے لاہور پر راج کرتے آئے ہیں۔
آخری بات، مراد راس صاحب خود گجرات میں پیدا ہوئے، تعلیم امریکا میں حاصل کی، ان کی امریکی شہریت کی بات بھی چلتی رہی ہے۔ لاہور کی نشست سے سیاست کی۔ تو پھر وہ ’اندر والے‘ کیسے اور گجرات سے آنے والا مزدور ’باہر والا‘ کیسے؟
مزید پڑھیں: کامیابی کی سب سے بڑی غلط فہمی
شہر اینٹوں سے نہیں، لوگوں سے بنتے ہیں۔ اور لوگ ہر طرف سے آتے ہیں۔ یہی کسی شہر کی اصل دولت ہے۔ درحقیقت اہل دانش کہتےہیں کہ ترقی ہی وہ گلو یا گوند ہے جو باہر سےلوگوں کو، سرمایے کو اور اہل ہنر کو کھینچتی ہے۔ ترقی دراصل وہ گریوٹی ہے جو اپنی کشش اور قوت سے باہروالوں کو اندر لاتی ہے اور ان کی وجہ سے وہ شہر جگمگاتا ہے۔ جس شہر میں باہر سے لوگ جانا بند کر جائیں، وہ کسی کمھلائے ہوئے پھول کی طرح ہوجاتا ہے۔ پھر اسے زوال سے کوئی نہیں روک سکتا۔ کاش مراد راس جیسے لوگ قوت بینا رکھتے، دل کی آنکھیں ہی کھول کر جینا سیکھ لیتے۔ تب ایسی دل آزاری والے ٹوئٹ ہرگز نہ لکھے جاتے۔
ادارے کا کالم نگار کی رائے کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
نیچرل سائنسز میں گریجویشن، قانون کی تعلیم اور پھر کالم لکھنے کا شوق صحافت میں لے آیا۔ میگزین ایڈیٹر، کالم نگار ہونے کے ساتھ ساتھ 4 کتابوں کے مصنف ہیں۔ مختلف پلیٹ فارمز پر اب تک ان گنت تحریریں چھپ چکی ہیں۔
آؤٹ سائیڈرز احمد پور شرقیہ لاہور لاہور کس نے بنایا لاہور کے اندر والے باہر والے لندن کا میئر مراد راس نیویارک کا میئر