فیلڈ مارشل سے اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کی رکن سائمہ سلیم کی ملاقات،اہم معاملات سے آگاہ کیا
اشاعت کی تاریخ: 19th, June 2025 GMT
راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)سے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے نمائندہ مشن کی رکن سائمہ سلیم نے ملاقات کی۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈمارشل نے سائمہ سلیم سے خوشگوار اور حوصلہ افزا ملاقات کی، جو بینائی سے محروم ہونے کے باوجود اپنی غیر معمولی ہمت اور لگن سے بین الاقوامی سفارت کاری میں نمایاں مقام حاصل کر چکی ہیں۔ فیلڈمارشل نے ان کی غیر معمولی صلاحیت، انتھک محنت اور اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مفادات کے فروغ میں ان کی شاندار خدمات کو سراہا۔
فیلڈمارشل نے سائمہ سلیم کے عزم اور حوصلے کی تعریف کی، جو قوم کے لیے، بالخصوص معذور افراد کے لیے، ایک روشن مثال ہیں۔ انہوں نے معذور افراد کی حوصلہ افزائی اور ان کے قومی ترقی میں کردار کو فروغ دینے کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔
سائمہ سلیم نے اقوامِ متحدہ میں اپنے کام کے حوالے سے فیلڈمارشل کو آگاہ کیا اور پاکستان کو درپیش اہم مسائل اور چیلنجز پر بریفنگ دی۔فیلڈمارشل نے علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کے مؤقف کے فروغ، بالخصوص بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی جیسے خطے میں عدم استحکام کے بنیادی سبب کو اجاگر کرنے پر ان کی کوششوں کو سراہا۔
یہ ملاقات اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے شہری، چاہے کسی بھی جسمانی کمی کا شکار ہوں، اپنی غیر معمولی صلاحیتوں اور خلوصِ نیت سے ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سائمہ سلیم نے آرمی چیف کو اپنا ادبی کام بھی پیش کیا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: فیلڈمارشل نے پاکستان کے سائمہ سلیم
پڑھیں:
فیلڈ مارشل کاعہدہ آئینی بنانے کیلئے آرٹیکل243 میں ترمیم کی جائے گی، وفاقی حکومت 27 آئینی ترمیم کیلئے تیار
وفاقی حکومت نے 27 ویں آئینی ترمیم کی تیاری پکڑلی۔27 ویں آئینی ترمیم میں آرٹیکل 243 میں ترمیم ہوگی جس کا مقصد آرمی چیف کو دیے گئے فیلڈ مارشل کے عہدے کو آئین میں شامل کرنا اور اسے تسلیم کرنا ہے۔مجوزہ ترمیم میں آئینی عدالتوں کا معاملہ بھی شامل ہے، ايگزيکٹو کی مجسٹریل پاور کی ڈسٹرکٹ لیول پر ترسیل بھی مجوزہ ترمیم میں شامل ہوگی، اس کے ساتھ پورے ملک میں ایک ہی نصاب کا ہونا بھی ستائيسویں ترمیم کی تیاری میں زیر غور آنے کا امکان ہے۔وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ ستائيسویں ترمیم پر بات چیت چل رہی ہے لیکن باضابطہ کام شروع نہيں ہوا۔بیر سٹر عقیل کہاکہ آرٹیکل 243 میں ترمیم کا مقصد معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کے بعد آرمی چیف کو دیے گئے فیلڈ مارشل کے عہدے کو آئین میں شامل کرنا اور اسے تحفظ دینا ہے۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے 27 ویں ترمیم کی حمایت کی درخواست کی ہے، وزیراعظم نے پیپلز پارٹی سے 27 ویں ترمیم کی حمایت کی درخواست کی، ترمیم میں آئینی عدالت کا قیام، ایگزیکٹو مجسٹریٹس اور ججز کے تبادلے شامل ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید بتایا کہ این ایف سی میں صوبائی حصے کا تحفظ ختم کرنا بھی 27 ویں ترمیم میں شامل ہے، تجاویز میں آرٹیکل 243 میں ترمیم، تعلیم اور آبادی کی منصوبہ بندی وفاق میں واپسی کی ترمیم بھی شامل ہیں۔