سینیئر اداکارہ عائشہ خان انتقال کرگئیں
اشاعت کی تاریخ: 20th, June 2025 GMT
پاکستان کی نامور اور سینیئر ٹی وی اداکارہ عائشہ خان 77 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
اداکارہ کی قریبی دوست تہمینہ خالد نے بتایا کہ عائشہ خان کا انتقال پانچ روز قبل کراچی میں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ مرحومہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھیں اور خاموشی سے دنیا سے رخصت ہو گئیں۔
عائشہ خان کا شمار پاکستان ٹیلی ویژن کے سنہری دور کی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے کئی مشہور ڈراموں میں اپنی جاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے۔ ان کے یادگار ڈراموں میں افشاں، عروسہ، فیملی 93 اور مہندی شامل ہیں، جو آج بھی ناظرین کو یاد ہیں۔
واضح رہے کہ عائشہ خان اداکارہ خالدہ ریاست کی بڑی بہن تھیں۔ عائشہ خان گزشتہ کئی سالوں سے انڈسٹری سے دور تھیں۔
اداکارہ کی وفات پر شوبز انڈسٹری کی متعدد شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ویڈیو لنک پر نکاح جرم بن گیا، بھائی نے فائرنگ کر کے 21 سالہ ڈاکٹر عائشہ کو قتل کردیا
پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ بھائی نے غیرت کے نام پر فائرنگ کر کے 21 سالہ ڈاکٹر عائشہ کو قتل کردیا جب کہ چیئرپرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے معاملے کا سخت نوٹس لے لیا۔
جھنگ میں غیرت کے نام پر قتل 21 سالہ ڈاکٹر عائشہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے نکاح کیا تھا، اہلخانہ ناراض تھے، بھائی نے غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے انہیں قتل کردیا۔
ادھر تیزاب گردی کا واقعہ تھانہ مسن کی حدود میں پیش آیا، نامعلوم شخص رات کے وقت گھر میں گھس آیا، سوئی ہوئی طالبہ پر تیزاب پھینک دیا، متاثرہ طالبہ جھلس گئی جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ دونوں کیسز پر ڈی پی او جھنگ سے رپورٹ طلب کر لی گئی، خواتین کو ان کے گھروں میں بھی تحفظ حاصل نہیں، یہ ریاست کی رٹ کا سوال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سخت نوٹس لیا ہے اور ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی ہے، دونوں کیسز کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہر سطح پر قانونی کارروائی کو یقینی بنائیں گے، انصاف کے حصول تک کوششیں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی، پنجاب حکومت مظلوم عورتوں کے ساتھ کھڑی ہے، خاموش تماشائی نہیں بنے گی۔