راولپنڈی؛ 22 سال تک زیر تکمیل رہنے والا ماں بچہ اسپتال منصوبہ وفاق سے پنجاب منتقل
اشاعت کی تاریخ: 20th, June 2025 GMT
راولپنڈی میں 22 سال تک زیر تکمیل رہنے والا ماں بچہ اسپتال منصوبہ وفاق سے پنجاب کو منتقل کر دیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اب ماں بچہ اسپتال نہیں بلکہ چلڈرن اسپتال بنے گا۔ منصوبے کو پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کر لیا گیا۔
پی سی ون بنانے کے لیے ڈاکٹر حنا ستار پراجیکٹ ڈائریکٹر مقرر کر دی گئیں جبکہ وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز لاہور ڈاکٹر مسعود صادق کو فوکل پرس مقرر کیا گیا ہے۔
سیکریٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ صوبائی حکومت نے 200 بیڈ کا چلڈرن اسپتال کم سے کم وقت میں فنکشنل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واولپنڈی میں اس وقت ایک بھی چلڈرن اسپتال موجود نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ماں بچہ اسپتال کا منصوبہ 2002 میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وفاقی حکومت سے منظور کروایا تھا، 2002 میں میونسپل کارپوریشن افسران کی رہائش گاہیں مسمار کرکے کام شروع کیا گیا۔
ماں بچہ اسپتال کا سنگ بنیاد سابق وزیر اعظم شوکت عزیز نے رکھا جبکہ شوکت عزیز کے بعد سبق وزیراعظم عمران خان نے بھی منصوبے کا افتتاح کیا۔
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے یکم جولائی 2018 کو سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے ہمراہ سائٹ کا وزٹ کیا۔ سابق چیف جسٹس نے الیکشن 2018 سے 23 روز قبل سائٹ کا وزٹ کیا تھا۔ چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کے خصوصی سیل کے تحت پراجیکٹ مکمل کرانے کا اعلان کیا۔
تقریباً 22 سال تک زیر تکمیل رہنے سے پراجیکٹ کی لاگت ڈیڑھ ارب سے بڑھ کر 9 ارب ہوگئی۔ اسپتال کی دو منزلہ بلڈنگ کا سول ورک مکمل ہے جبکہ تزئین و آرائش، مشینری انسٹالیشن اور دیگر کام التوا کا شکار ہے۔ اسپتال کی بلڈنگ ٹوٹ پھوٹ اور رنگ و روغن اترنے سے بیرونی گیٹ خستہ حالی کا شکار ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ماں بچہ اسپتال
پڑھیں:
لاہور؛ مڈوائف کا حاملہ کو سرکاری اسپتال سے گھر لیجا کر آپریشن، خاتون جاں بحق
لاہور:رینالہ خورد میں مڈوائف نے لالچ میں آ کر خاتون کو سرکاری اسپتال سے گھر لے جا کر غیر قانونی آپریشن کیا تاہم حالت بگڑنے پر خاتون جاں بحق جبکہ مڈوائف فرار ہوگئی۔
نجی کلینک میں ارم بی بی کی ہلاکت پر علاقے میں افسوس کی لہر ہے۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مڈوائف منزہ کو گرفتار کر کے ملزمہ کے خلاف مقدمہ بجرم 302 درج کر لیا جس پر مزید تفتیش جاری ہے۔
چیئر پرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کہا کہ واقعے پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سے رپورٹ طلب کر لی گئی، غیر قانونی طبی عمل ناقابلِ برداشت ہے۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ پولیس کو شفاف تحقیقات اور سخت کارروائی کی ہدایت جاری کر دی گئی، متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی مدد فراہم کی جائے گی۔
چیئر پرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے محفوظ پنجاب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا وژن ہے۔
Post Views: 6