کراچی، پولیس کانسٹیبل کے قتل کا معمہ حل، دو ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 29th, June 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں پولیس کانسٹیبل حاجی ولد جمن کے لرزہ خیز قتل کا معمہ حل کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث دو ملزمان کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول کانسٹیبل حاجی تھانہ سرسید کی حدود میں رہائش پذیر تھا، اور 26 جون کو اس کی جلی ہوئی لاش نارتھ کراچی کے علاقے سے ملی تھی۔
ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا گیا تھا کہ پولیس اہلکار آگ لگنے سے جاں بحق ہوا، تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ نے انکشاف کیا کہ مقتول کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔
واقعے کی تفتیش کے لیے پولیس کو تین دن کا وقت دیا گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے نارتھ کراچی فور جے ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان جلال اور یعقوب کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے مقتول پولیس اہلکار کا سرکاری ہتھیار بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کا تعلق مہمند ایجنسی اور سوات سے ہے، اور وہ نشے کے عادی ہیں۔
تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے ذاتی رنجش کی بنا پر کانسٹیبل حاجی کو فائرنگ کرکے قتل کیا، اور بعد ازاں لاش کو جلانے کی غرض سے رات گئے دوبارہ جائے واردات پر پہنچے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کر لیا
پڑھیں:
کراچی، دو مختلف پولیس مقابلے، 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، ایک فرار
کراچی:شہر قائد میں پولیس نے دو مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلوں کے دوران تین اسٹریٹ کریمنلز کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ ایک ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔
گرفتار ملزمان سے اسلحہ، گولیاں اور دیگر مسروقہ سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پہلا واقعہ نارتھ ناظم آباد بلاک ٹی میں پیش آیا جہاں شاہراہ نورجہاں پولیس نے ایک مبینہ مقابلے کے بعد ڈاکو محمد یوسف کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے دوران ملزم کا ساتھی اعظم خان عرف ولی بابر تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مفرور ملزم کی تلاش جاری ہے اور ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دوسرا مقابلہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں جی-23 بس اسٹاپ کے قریب پیش آیا، جہاں پولیس اور اسٹریٹ کریمنلز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
مقابلے کے بعد دو ملزمان راشد بٹ اور اشفاق کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جنہیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔