کراچی؛ ڈمپر جلانے کے کیس میں ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
اشاعت کی تاریخ: 13th, August 2025 GMT
کراچی:
انسداد دہشتگردی کی منتظم عدالت نے راشد منہاس روڈ پر ڈمپر جلانے کے مقدمے میں ملزمان کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
کراچی سینٹرل جیل انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں منتظم عدالت کے روبرو راشد منہاس روڈ پر ڈمپر جلانے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ یوسف پلازہ پولیس نے 5 ملزمان کو منتظم عدالت میں پیش کیا۔ ملزمان میں عمر ایوب، محمد مراد، محمد ولید، ضمن حسین، وسام عابد شامل ہیں۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان نے اپنے جرم کا انکشاف کیا، مخبر خاص کی نشاندہی اور وائرل ویڈیوز میں ملزمان کے چہرے نظر آرہے ہیں۔ گرفتار ضمن کی نشاندہی پر ملزم وسام کو گرفتار کیا گیا ہے اس لیے ملزمان کا 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کس چیز کی تفتیش کرنی ہے اور ایسا کیا معاملہ ہے؟ کوئی خاص کیس تو نہیں تو کیوں چاہیے اتنے دنوں کا ریمانڈ؟
تفتیشی افسر نے بتایا کہ شریک جرم سید بلال سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری عمل میں لانی ہے، ہمیں ملزمان سے متعلق شواہد اکھٹے اور بیان قلمبند کرنے ہیں۔
عدالت نے ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے 20 اگست کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے۔
پولیس کے مطابق ڈمپر کی ٹکر سے بھائی بہن جاں بحق ہوگئے تھے اور ملزمان نے حادثے کے بعد متعدد ڈمپرز کو آگ لگائی تھی، واقعہ کا مقدمہ یوسف پلازہ تھانے میں انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں 555 افراد جاں بحق ہوئے، پولیس
کراچی میں رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں جان گنوا دینے والے افراد کی تعداد سامنے آگئی۔
پولیس کے مطابق کراچی میں رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں 555 افراد جاں بحق ہوئے۔
ویڈیو نے چیئرمین ڈمپرز اونر ایسوسی ایشن کے بیان کی بھی نفی کر دی، چیئرمین ڈمپر ایسوسی ایشن نے حادثے کا ذمہ دار واٹر ٹینکر کو قرار دیا تھا۔
رواں سال ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے 169، ڈمپر کی ٹکر سے 34 اور ٹریلر کی ٹکر سے 63 افراد جاں بحق ہوئے۔
پولیس حکام کے مطابق شہر میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے37 اور بسوں کی ٹکر سے 35 افراد جاں بحق ہوئے۔