دنیا میں 5 جنگیں رکوائیں، نوبل امن انعام کا میں بہترین امیدوار ہوں، صدر ٹرمپ
اشاعت کی تاریخ: 4th, July 2025 GMT
DES MOINES, IOWA:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کے 250 ویں یومِ آزادی کے موقع پر آئیووا اسٹیٹ فیئر گراؤنڈز میں ایک بھرپور عوامی اجتماع سے خطاب کیا، جس میں انہوں نے داخلی اور خارجی پالیسیوں پر اہم اعلانات کیے۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے پانچ بین الاقوامی جنگیں رکوا کر دنیا میں امن قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، اور اسی بنیاد پر انہوں نے کہا کہ میں نوبل امن انعام کے لیے بہترین امیدوار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی تصادم کو میں نے رکوایا ہے، کانگو اور روانڈا کے درمیان خانہ جنگی ختم کرائی جبکہ کوسووو اور سربیا کے مابین جاری کشیدگی کو بھی رکوایا۔
خطاب کے دوران صدر ٹرمپ نے امریکی کسانوں کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کسانوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں جو اپنے فارموں پر موسمی مائیگرنٹ مزدوروں پر انحصار کرتے ہیں۔
انہوں نے عندیہ دیا کہ اگر کسان ان مزدوروں کی ضمانت دیں، تو انہیں ملک میں رہنے دیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی حکومت نے امریکی تاریخ کا سب سے بڑا ڈیپورٹیشن پلان شروع کیا ہے، جس کے تحت لاکھوں غیر قانونی تارکینِ وطن کو تلاش کر کے ملک بدر کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر میں لاس اینجلس میں نیشنل گارڈز نہ بھیجتا، تو وہاں سب کچھ راکھ کا ڈھیر بن جاتا۔
انہوں نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بائیڈن دور میں لاکھوں افراد غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہوئے، لیکن ان کی انتظامیہ اب اس رحجان کو روکنے کے لیے متحرک ہے۔
صدر ٹرمپ نے عالمی سطح پر اپنی پالیسیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پانچ عالمی تنازعات کو میں نے روکا اور ہم نے دنیا کو تباہی سے بچایا ہے، اور دنیا کو یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ ہم امن کے علمبردار ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اپنی حکومت کے جاری معاشی منصوبے بگ بیوٹی فل ایکٹ کو ملک کی ترقی کا ضامن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کے ذریعے تنخواہوں میں اضافہ ہو رہا ہے، مہنگائی میں واضح کمی آ رہی ہے اور غیر قانونی تارکین وطن کی آمد روکی جائے گی۔
صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں امریکی فوج کی طاقت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، ہمارے پاس دنیا کی بہترین فوج، جدید ترین طیارے اور وہ اسلحہ ہے جس کا دنیا میں کوئی مقابلہ نہیں۔
صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ وہ مزید چار سال کے لیے امریکہ کی صدارت جاری رکھنا چاہتے ہیں، کیونکہ ہم نے ملک کو درست سمت پر ڈالا ہے، اور ہم اسے وہ عظمت لوٹائیں گے جس کا یہ مستحق ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
نوبیل امن انعام اکثر ایسے افراد کو دیا جاتا ہے جنہیں عوام جانتے بھی نہیں، صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ نوبیل امن انعام کے حقیقی مستحق ہیں۔ امریکا کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اُن کی قیادت میں دنیا کو متعدد جنگوں سے بچایا گیا، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی تصادم کی روک تھام بھی شامل ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے 5 ممالک کو جنگ میں جانے سے روکا۔ ایٹمی جنگ سے پہلے پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی کرائی، کوسوو اور سربیا کے درمیان تصادم روکا، جبکہ کانگو اور روانڈا کے درمیان 30 سال سے جاری جنگ کا خاتمہ کرایا، جس میں اب تک 60 لاکھ انسان جان سے جا چکے تھے۔
انہوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوبیل امن انعام اکثر ایسے افراد کو دیا جاتا ہے جنہیں شاید عوام جانتے بھی نہیں۔ ایک پروفیسر کو انعام مل جاتا ہے جسے کوئی نہیں جانتا، جبکہ ہم نے دنیا میں امن قائم رکھنے میں عملی کردار ادا کیا۔
ایران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی فوج نے ایرانی جوہری تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے پاس دنیا کی سب سے مضبوط فوج اور جدید ترین عسکری ٹیکنالوجی موجود ہے۔ دنیا نے دیکھا، ہمارے طیاروں نے بغیر رکے 37 گھنٹے مسلسل پرواز کی۔
مزید پڑھیں: غزہ میں جنگ بندی قریب؟ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بڑا دعویٰ
ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکا کی سرحدوں پر غیرقانونی داخلہ روکنے کے لیے سخت ترین اقدامات اٹھائے جا چکے ہیں۔ ہم نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ڈیپورٹیشن پلان شروع کر دیا ہے۔
معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے گزشتہ دور میں امریکا کی معیشت دنیا کی بہترین معیشت تھی۔ آج بھی اسٹاک مارکیٹ عروج پر ہے۔ ہم امریکا کو دوبارہ مضبوط، محفوظ اور عظیم ترین ملک بنائیں گے۔
واضح رہے کہ ریپبلکن جماعت کے ایک رکن کانگریس کی جانب سے صدر ٹرمپ کو اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرنے پر نوبیل امن انعام 2026 کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ دوسری جانب، حکومتِ پاکستان نے بھی پاک بھارت بحران کے دوران صدر ٹرمپ کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے نوبیل کمیٹی ناروے کو ایک خط ارسال کیا ہے، جس میں ٹرمپ کو امن انعام کے لیے نامزد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
ایٹمی طاقت ایران، اسرائیل پاک بھارت جنگ صدر ٹرمپ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نوبیل امن انعام