پنجاب بھر میں غیرقانونی طور پر رکھے گئے شیروں اور دیگر خطرناک جانوروں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی خصوصی ہدایت پرپنجاب وائلڈ لائف رینجر نے صوبہ بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کارروائی کرتے ہوئے 13 شیر بازیاب کر لیے جب کہ مختلف شہروں سے 5 افراد کو گرفتار کیا گیا، 5 مقدمات درج کیے گئے اور 2 کیسز زیرِ تفتیش ہیں۔

وائلڈ لائف رینجرز حکام کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران  صوبے بھر میں 22 مختلف مقامات پر انسپکشن کی گئی۔

لاہور میں 4 شیر تحویل میں لیے گئے، 4 افراد گرفتار ہوئے، ایک احاطہ سیل اور 3 مقدمات درج کیے گئے۔

گوجرانوالہ سے 4 شیر برآمد کیے گئے، ایک ایف آئی آر زیرِ کارروائی ہے، فیصل آباد میں 2 شیر تحویل میں لیے گئے، ایک احاطہ سیل کیا گیا اور ایک مقدمہ زیرِ تکمیل ہے، ملتان سے 3 شیر بازیاب کرائے گئے، ایک شخص گرفتار اور دو ایف آئی آرز درج کی گئیں۔

وائلڈ لائف رینجرز کے مطابق پنجاب میں اس وقت 587 "بِگ کیٹس" (ببر شیر، چیتے، ٹائیگر وغیرہ) کی موجودگی ظاہر کی گئی ہے، تاہم حکام کا خیال ہے کہ اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے، کیونکہ بہت سے جانور غیرقانونی طور پر شہری یا دیہی علاقوں میں پالے جا رہے ہیں۔

سینئر وزیر اطلاعات و جنگلات مریم اورنگزیب نے خبردار کیا ہے کہ جنگلی حیات کا غیرقانونی کاروبار ناقابلِ برداشت ہے اور عوامی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ غیرقانونی طور پر شیر رکھنا نہ صرف سنگین جرم ہے بلکہ معاشرتی خطرہ بھی ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، اور وائلڈ لائف قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ "قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں،" انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا۔

وائلڈ لائف رینجرز  نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں غیرقانونی طور پر شیر یا دیگر خطرناک جانور رکھے جانے کی اطلاع ہو تو فوری طور پر ہیلپ لائن 1107 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

 

.

ذریعہ: Express News

کلیدی لفظ: وائلڈ لائف

پڑھیں:

لاہور کے فارم ہاؤس کا شیر دیوار پھلانگ کر گلی میں آگیا، حملے میں 2 بچوں سمیت 3 زخمی

لاہور کے علاقے جوہرٹاؤن میں واقع شاہ دی کھوئی کے فارم ہاؤس میں موجود شیر دیوار پھلانگ کر گلی میں کودا اور حملہ کردیا جس میں 2 بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جوہر ٹاؤن میں قائم فارم ہاؤس میں موجود شیر دیوار پھلانگ کر گلی میں کودا اور پھر راہ گیر خاتون و دو بچوں پر حملہ کیا۔

حملے کی زد میں آنے والے دو بچوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے، تینوں زخمیوں کو طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق فارم ہاؤس میں رکھے شیر کا جنگلہ کھلا رہ گیا تھا۔

دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وائلڈ لائف حکام سے رابطے کی ہدایت کی جس پر پولیس نے رابطہ کیا تو وائلڈ لائف حکام نے پالتو شیر کو قابو کر لیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز کا ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، کسی بھی فرد کو شہریوں کی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کسی کے شوق شہریوں کی جان کے لیے خطرہ  بنے ہرگز قبول نہیں۔

ترجمان محکمہ وائلڈ لائف اینڈ پارکس نے بتایا ہے کہ لاہور کے علاقہ شاہ دی کھوئی میں ملک اعظم مرتضی عرف شانی نامی ایک شخص نے غیر قانونی اور بنا لائسنس شیر کو اپنے ڈیرے پر رکھا ہوا تھا۔

وائلڈ لائف حکام کے مطابق اچانک شیر ڈیرے سے  باہر آگیا، جس کو وہ لیکر موقع پر فرار ہوگیا ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کی  اسپیشل ٹیمیں شیر کی  برآمدگی اور اس کے مالک کی گرفتاری کے لیے شاہ دی کھوئی اور دیگر مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں جبکہ  ایف آئی آر کے اندراج کے لیے کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ترجمان وائلڈ لائف آیند پارکس پنجاب نے مزید بتایا کہ نئے قوانین کے مطابق کوئی بھی شخص شیر کو بنا لائسنس، مطلوبہ پنجرے کے سائز اور دیگر ایس او پیز پر عمل کیے  بغیر نہیں رکھ سکتا، غیر قانونی اور بغیر لائسنس  شیر کو رکھنا ناقابل ضمانت جرم ہے اور اس کی سزا سات سال قید جبکہ 50 لاکھ روپے جرمانہ ہے۔

ترجمان نے اپیل کی کہ عوام الناس سے اپنے اردگرد کسی کے پاس شیر موجود ہے تو اسکی اطلاع  محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کی ہیلپ لائن 1107 پر فوری طور پر دیں۔

متعلقہ مضامین

  • بغیر لائسنس شیر رکھنے والوں کےخلاف کارروائیاں، 13 شیر برآمد، 5 افراد گرفتار
  • گوجرانوالہ: تھیم پارک میں وائلڈ لائف کی کارروائی، غیر قانونی طور پر رکھے گئے 4 نایاب چیتے برآمد
  • پنجاب بھر میں گھروں میں رکھے گئے شیر کے خلاف کریک ڈاؤن، 13 درندے تحویل میں، 5 گرفتاریاں
  • لاہور: بچوں پر حملہ کرنے والے شیر کو سفاری پارک منتقل کرنے کا حکم
  • لاہور: بغیر لائسنس شیر رکھنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا
  • لاہور میں دیوار پھلانگ کر راہ گیر بچوں اور خاتون پر شیر کا حملہ، فوٹیج سامنے آگئی
  • لاہور کے فارم ہاؤس کا شیر دیوار پھلانگ کر گلی میں آگیا، حملے میں 2 بچوں سمیت 3 زخمی
  • لاہور میں پالتو شیر کا حملہ، خاتون 2 بچوں سمیت زخمی
  • جھنگ، وائلڈ لائف پارک سے قیمتی 3 ہرن چوری کرلیے گئے