پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار چنکارہ ہرن کے غیرقانونی شکار پر 40 لاکھ روپے جرمانہ
اشاعت کی تاریخ: 17th, September 2025 GMT
رحیم یار خان:
پنجاب وائلڈ لائف کی تاریخ میں پہلی بار رحیم یار خان کی ایک عدالت نے چنکارہ ہرن کے غیر قانونی شکار کے الزام میں چار ملزمان کو مجموعی طور پر 40 لاکھ روپے جرمانہ اور ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے اور جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں چھ ماہ اضافی قید ہوگی۔
وائلڈ لائف رینجرز رحیم یار خان نے چنکارہ ہرن کے شکار کا مقدمہ 2023 میں صحرائے چولستان میں درج کرایا تھا اور مقدمے کی سماعت تحصیل خانپور کی سول عدالت میں چالان نمبر 06-WI/2023 کے تحت ہوئی جہاں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجرز مجاہد کلیم خان نے مقدمے کی پیروی کی۔
عدالت نے چاروں ملزمان سلیم سرگودھی، صادق منگریا، پنوں منگریا اور رفیق پرھیار کو غیر قانونی شکار کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ایک،ایک سال قید اور فی کس 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا، فیصلہ سنائے جانے کے بعد ملزمان کو گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا گیا۔
مجاہد کلیم خان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ چولستان پبلک وائلڈ لائف ریزرو میں غیر قانونی شکار کی روک تھام کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے کیونکہ اس سے مستقبل میں شکاریوں کے لیے ایک سخت پیغام جائے گا کہ اب ایسے جرائم برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
حکومت پنجاب نے 2021 میں وائلڈ لائف ایکٹ میں ترمیم کے ذریعے سزاؤں اور جرمانوں میں اضافہ کیا تھا، نئے قانون کے تحت کالے ہرن، چنکارہ، پاڑہ ہرن یا اڑیال کے غیر قانونی شکار پر ایک سے تین سال قید اور فی جانور کم از کم دو لاکھ روپے جرمانہ ہوسکتا ہے اور زیادہ سے زیادہ جرمانہ دس لاکھ روپے تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجرز بہاولپور ریجن سید علی عثمان بخاری نے کہا کہ وائلڈ لائف رینجرز چولستان کی جنگلی حیات کے تحفظ، افزائش اور مؤثر انتظام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
صحرائے چولستان پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا صحرا ہے جو جنگلی حیات کے اعتبار سے منفرد اہمیت رکھتا ہے، یہاں کالے ہرن، چنکارہ، نیل گائے، اڑیال اور مختلف اقسام کے پرندے پائے جاتے ہیں لیکن پچھلی کئی دہائیوں میں غیر قانونی شکار نے ان جانوروں کی تعداد کو شدید متاثر کیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: وائلڈ لائف رینجرز لاکھ روپے جرمانہ غیر قانونی شکار
پڑھیں:
تیندوا شہری آبادی میں داخل، مظفرآباد میں خوف و ہراس
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد اور گردونواح میں تیندوؤں کی آبادی میں اضافہ شہریوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجانے لگا ہے۔
پیر کے روز ایک تیندوے کا بچہ اچانک شہری آبادی میں گھس آیا جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر سے ریسکیو کی گئی زخمی مادہ تیندوا جاں بر نہ ہوسکی
عینی شاہدین کے مطابق تیندوا سب سے پہلے شہر کے پوش علاقے سینٹر پلیٹ میں واقع جناح ڈینٹل اسپتال کے احاطے میں دیکھا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو 1122 اور محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور فوری طور پر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔
تیندوا کئی گھنٹوں تک مختلف مقامات پر نظر آتا رہا اور ریسکیو ٹیموں کو متعدد بار چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
مزید پڑھیں: ہری پور: تیندوا آبادی میں گھس آیا، 4 بکریاں مار ڈالیں، علاقے میں خوف و ہراس
سرچ آپریشن میں پولیس اور وائلڈ لائف اہلکاروں کے ساتھ ساتھ مقامی رضاکار بھی شریک ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تیندوا کو بحفاظت قابو کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
آزاد کشمیر تیندوا جناح ڈینٹل اسپتال سرچ آپریشن سینٹر پلیٹ مظفرآباد وائلڈ لائف