ملک بھر میں 13 جولائی سے موسلادھار بارشوں کا امکان، دریاؤں میں سیلاب کا خدشہ
اشاعت کی تاریخ: 11th, July 2025 GMT
اسلام آباد:
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے 13 سے 17 جولائی کے لیے مون سون سسٹم کا الرٹ اور ہائیڈرولوجیکل آؤٹ لک جاری کر دیا۔
ملک کے مختلف حصوں میں نیا مون سون سسٹم معتدل سے لے کر بھاری شدت کی بارشوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ سسٹم کی شدت بحیرہ عرب سے ملنے والے نمی کی وجہ سے بڑھ سکتی ہے۔
مغربی لہر کے نتیجے میں تمام بڑے دریاؤں، خاص طور پر دریائے سندھ، کابل، جہلم (اوپر منگلا) اور چناب میں بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔
اس وقت تربیلا، تونسہ اور گڈو بیراج نچلے سیلاب کی سطح پر ہیں جبکہ کالاباغ اور چشمہ میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ تونسہ میں بھی درمیانے درجے کے سیلاب کی سطح بڑھنے کی توقع ہے۔
آنے والے ہفتے کے دوران دریائے سندھ کے اسٹیشنوں میں کم سے درمیانے درجے کے بہاؤ کا امکان ہے۔ مرالہ اور خانکی کے مقام پر دریائے چناب میں نچلی سطح پر سیلاب کی توقع ہے۔ نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں بھی سیلاب کی سطح نچلی سطح تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دریائے سوات اور دریائے پنجکوڑہ سے منسلک ندی نالوں میں بارش کی وجہ سے طغیانی متوقع ہے۔
بلوچستان میں جھل مگسی، کچھی، سبی، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور موسیٰ خیل سمیت شمال مشرقی اضلاع میں ندی نالوں میں تیز بہاؤ کا امکان ہے۔ جنوبی بلوچستان کے اضلاع جیسے خضدار، آواران، لسبیلہ اور قلات کے ندی نالوں میں مقامی سطح پر سیلاب کی توقع ہے۔
اس وقت تربیلا ڈیم میں 74 فیصد اور منگلا ڈیم میں 44 فیصد پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔
این ڈی ایم اے دریاؤں، ندی نالوں اور نالے کے قریب رہنے والے رہائشیوں کو مشورہ دیتا ہے کہ وہ پانی کی سطح میں اچانک اضافے کے لیے چوکس رہیں۔ خاص طور پر شدید بارش اور رات کے وقت سیلاب زدہ علاقوں میں کمیونٹیز کو انخلاء کے محفوظ راستوں کی نشاندہی کرنی چاہیے۔
گھریلو اشیاء، گاڑیوں اور مویشیوں کو بلند مقامات پر محفوظ رکھنا چاہیے، اور ہنگامی کٹس تیار کرنی چاہیے جن میں ضروری سامان بشمول خوراک، پانی اور ادویات 3 سے 5 دن کے لیے کافی ہوں۔ ضلعی انتظامیہ خاص طور پر شمال مشرقی اور وسطی پنجاب میں، شدید بارشوں کی وجہ سے جمع ہونے والے پانی کو منظم کرنے کے لیے ڈی واٹرنگ کا سامان تیار کرے۔
عوام سے پرزور اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ٹیلی ویژن، ریڈیو، موبائل الرٹس اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے نشر ہونے والی سرکاری سیلاب کی وارننگ کے ذریعے اپ ڈیٹ رہیں۔
تمام شہریوں کو یاد دہانی کرائی جاتی ہے کہ وہ کاز ویز، کم پلوں اور سیلاب زدہ سڑکوں کو عبور کرنے سے گریز کریں۔
این ڈی ایم اے صورتحال پر نظر رکھنے اور الرٹس کی بروقت ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ڈی ایم اے ندی نالوں سیلاب کی کے لیے کی سطح
پڑھیں:
اسلام آباد،راولپنڈی میں موسلادھار بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ
اسلام آباد (اوصاف نیوز)راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی۔
اسلام آباد کے سیکٹر ایف-6، جی-6، جی-7، ایف-8، ایف-9، آئی-8، بنی گالہ، ترامڑی اور بہارہ کہو سمیت مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔
راولپنڈی کے علاقے فیض آباد، ڈبل روڈ، کری روڈ، کھنہ پل، سکس روڈ اورسیٹلائٹ ٹائون، صادق آباد میں بھی بادل خوب برسے۔
موسمیاتی ادارے کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے مزید خنکی اور خوشگوار موسم کی نوید ہے۔
ملک کے مختلف حصوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اب تک 36 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جبکہ لاہور میں 26 ملی میٹر اور شیخوپورہ میں 23 ملی میٹر بارش ہوئی۔
مری میں 6 ملی میٹر اور منڈی بہاالدین میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بیشتر مقامات پر بارش کا سلسلہ آئندہ چند گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی آج بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ اور شیگر کے بہاؤ میں اضافہ جبکہ دریائے ہسپار، خنجراب، شمشال، برالدو، ہوشے اور سالتورومیں طغیانی کا خدشہ ہے۔ سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
گلگت، اسکردو، ہنزہ، استور، دیامر، گانچھے اور شگر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، مظفرآباد، نیلم ویلی، راولا کوٹ، ہویلی اور باغ میں بھی شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
چینی ایئرچیف کی سربراہ فضائیہ سے ملاقات، بھارت سے جنگ میں پاکستانی پائلٹس کے فیصلہ کن جواب کی تعریف