راولپنڈی میں جرگے کے فیصلے پر خاتون کا قتل،رکشہ ڈرائیور وعدہ معاف گواہ بن گیا
اشاعت کی تاریخ: 1st, August 2025 GMT
راولپنڈی:
جرگے کے فیصلے پر خاتون کے قتل کیس میں رکشہ ڈرائیور وعدہ معاف گواہ بن گیا جب کہ ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع کردی گئی۔
غیرت کے نام پر شادی شدہ خاتون سدرہ بی بی کے لرزہ خیز قتل کیس میں عدالت نے گرفتار 6 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع کر دی۔ کیس کی سماعت ڈیوٹی سول جج ثمرہ وحید نے کی، جہاں پولیس نے عدالت سے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے وہ تکیہ برآمد کرنا باقی ہے جو خاتون کو قتل کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔
عدالت نے پولیس کی درخواست جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے ملزمان مانی گل، عرب گل، ظفراللہ، عصمت اللہ، ضیا الرحمن اور صالح محمد عرف سلیم گل کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر واپس پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا اور انہیں 4 جولائی کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔
سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان کے سیاہ کپڑوں سے چہرہ ڈھانپنے پر استفسار کیا، جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ یہ ایک ہائی پروفائل کیس ہے اور چہروں کو میڈیا سے چھپانے کے لیے ڈھانپا گیا ہے۔ عدالت نے اس وضاحت کو مسترد کرتے ہوئے تمام ملزمان کے چہروں سے نقاب ہٹانے کا حکم دیا۔ علاوہ ازیں وکلائے صفائی کو مقدمے کی فائل کا مطالعہ کرنے کی اجازت بھی دی گئی۔
کیس میں اہم پیش رفت ہوئی، جس کے مطابق رکشہ ڈرائیور خیال محمد نے عدالت کے روبرو دفعہ 164 کے تحت اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے وعدہ معاف گواہ بننے پر آمادگی ظاہر کی۔ پولیس رپورٹ کے مطابق سدرہ بی بی کی لاش ملزم مانی گل کے لوڈر رکشے میں منتقل کی گئی، جب کہ خیال محمد نے ابتدائی طور پر مرکزی ملزمان کے ساتھ تعاون کیا۔
عدالت نے رکشہ ڈرائیور کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا جب کہ 6 دیگر ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ تفتیشی ٹیم نے بتایا کہ مزید تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں پر باریک بینی سے کام کیا جا رہا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: رکشہ ڈرائیور ملزمان کے عدالت نے
پڑھیں:
لاہور: ندا صالح اورنج لائن ٹرین کی پہلی خاتون ڈرائیور بن گئیں
لاہور میں اورنج لائن ٹرین کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون نے ڈرائیونگ سیٹ سنبھال لی ہے۔ ندا صالح کو 6 ماہ کی ٹیکنیکل تربیت کے بعد باقاعدہ طور پر اورنج لائن ٹرین کی ڈرائیور مقرر کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ندا صالح جیسی بیٹیاں ہم سب کا فخر ہیں اور یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری بیٹیاں کسی سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرتی رہے گی اور ندا صالح کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
مزید پڑھیں: برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی 6 کی پہلی خاتون سربراہ کون ہیں؟
دوسری جانب لاہور میں ٹرانسپورٹ کے میدان میں ایک اور پیشرفت سامنے آئی ہے۔ میٹرو بس، اورنج لائن اور الیکٹرک بس کے بعد اب شہر کی سڑکوں پر جلد بجلی سے چلنے والی ٹرام بھی رواں دواں ہو گی۔
3 باکسز پر مشتمل یہ ٹرام مکمل طور پر الیکٹرک ہو گی، جو صرف 10 منٹ چارج کے بعد 25 سے 27 کلومیٹر فاصلہ طے کر سکے گی۔ اس میں 250 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی اور اس کی اسمبلنگ علی ٹاؤن ڈپو میں جاری ہے۔ منصوبے کو پہلے مرحلے میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کیا جائے گا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
اورنج لائن ٹرین پہلی خاتون ڈرائیور لاہور ندا صالح