لڑاکا طیارہ بنانیوالی کمپنی کے ہزاروں ملازمین کی ہڑتال، پیداوار متاثر
اشاعت کی تاریخ: 4th, August 2025 GMT
امریکی دفاعی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے 3,200 سے زائد ملازمین نے کمپنی کی جانب سے پیش کردہ چار سالہ معاہدہ مسترد کرتے ہوئے پیر کے روز ہڑتال شروع کر دی ۔ یہ تمام ملازمین یونین انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف مشینسٹس اینڈ ایرو اسپیس ورکرز ڈسٹرکٹ 837 سے وابستہ ہیں اور ریاست میزوری کے شہر سینٹ لوئس اور الینوائےمیں واقع بوئنگ کی تنصیبات میں جنگی طیارے تیار کرتے ہیں۔
معاہدہ مسترد کرنے کی وجوہات
بوئنگ کی جانب سے جس معاہدے کی پیشکش کی گئی، اس میں اوسطاً 40 فیصد تنخواہوں میں اضافہ، 20 فیصد اجرت میں عمومی بڑھوتری، 5,000 ڈالر بونس، اضافی تعطیلات اور بیماری کی چھٹیوں کی سہولت شامل تھی۔ تاہم ملازمین نے اسے ناکافی قرار دیتے ہوئے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
یونین رہنما ٹام بولنگ نے کہا ہے کہ ہماری برادری ایک ایسے معاہدے کی مستحق ہے جو ان کی مہارت، قربانی اور قومی دفاع میں ان کے کردار کا مکمل ادراک کرے۔
بوئنگ کا ردعمل
کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ہڑتال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور پیداوار کو جاری رکھنے کے لیے متبادل پلان بھی موجود ہے، جس کے تحت غیر یونین ملازمین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
بوئنگ سینٹ لوئس کے نائب صدر ڈین گلیئن کا کہنا تھا ہمیں مایوسی ہوئی ہے کہ اتنے بہتر اجرتی فوائد کے باوجود ملازمین نے معاہدے کو مسترد کر دیا۔
بوئنگ کے سی ای او کیلی اورٹبرگ نے ہڑتال کے ممکنہ اثرات کو کم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پہلے بھی سات ہفتے طویل ہڑتال جیسے چیلنجز سے نمٹ چکے ہیں، اور اس بار بھی مکمل تیاری کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔
متاثرہ پروجیکٹس
ہڑتال کا اثر بوئنگ کے ان اہم منصوبوں پر پڑ سکتا ہے جن میں F-15 اور F/A-18 لڑاکا طیارے، T-7 تربیتی جہاز، اور MQ-25 فضائی ایندھن بردار ڈرون شامل ہیں۔ حال ہی میں کمپنی کو امریکی فضائیہ کے نئے F-47A لڑاکا طیارے کی تیاری کا معاہدہ بھی ملا ہے، جس کے تحت سینٹ لوئس میں پیداواری سہولیات میں توسیع کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ڈسٹرکٹ 751 کی جانب سے بھی ایسی ہی ایک ہڑتال کی گئی تھی، جو بعد ازاں ایک نئے معاہدے پر اختتام پذیر ہوئی، جس میں ملازمین کو 38 فیصد تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی گئی تھی۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
اٹک سے گیس اور کنڈینسیٹ کی پیداوار شروع
اٹک میں سوغری نارتھ 1کنویں سے گیس اور کنڈینسیٹ کی پیداوار شروع ہو گئی۔ترجمان او جی ڈی سی ایل کے مطابق سوغری نارتھ 1کنویں سے گیس اور کنڈینسیٹ کی پیداوار شروع ہو گئی ہے، سوغری نارتھ 1کنویں سے یومیہ ایک کروڑ 40 لاکھ مکعب فٹ گیس مل رہی ہے۔او جی ڈی سی ایل کے ترجمان نے بتایا کہ سوغری نارتھ 1 کنویں سے یومیہ 430 بیرل کنڈینسیٹ بھی حاصل ہو رہی ہے، کمپنی نے 14 کلو میٹر لمبی پائپ لائن ڈال کر گیس کو دکھنی پلانٹ سے منسلک کیا۔ترجمان او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ سوغری نارتھ 1 کنویں سے حاصل شدہ گیس کو ایس این جی پی ایل نیٹ ورک میں شامل کر دیا گیا ہے۔سوغری ایکسپلوریشن لائسنس میں او جی ڈی سی کاورکنگ انٹرسٹ 100 فیصد ہے، مقامی پیداوار سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ممکن ہو گی۔