بابراعظم کی ٹی 20 اسکواڈ میں واپسی کا امکان
اشاعت کی تاریخ: 5th, August 2025 GMT
کراچی:
پاکستان کرکٹ بورڈ نے فخر زمان کے فٹنس مسائل کی وجہ سے سابق پاکستانی کپتان بابراعظم کی ٹی 20 اسکواڈ میں واپسی پر غور شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق بابراعظم کی واپسی آئندہ سہ فریقی سیریز اور ایشیا کپ 2025 کے لیے متوقع ہے۔ فخر زمان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران چوٹ لگی تھی جس کے باعث وہ نہ صرف ٹی ٹوئنٹی بلکہ ون ڈے سیریز سے بھی باہر ہو چکے ہیں۔
پی سی بی نے فخر زمان کو فوری طور پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے جہاں وہ ری ہیب کے عمل سے گزریں گے۔ ایشیا کپ میں ان کی دستیابی غیر یقینی ہے، بورڈ ان کی انجری اور بحالی کے عمل پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، تاہم متبادل منصوبے بھی تیار کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر فخر مکمل فٹ نہ ہو سکے تو بابراعظم مضبوط امیدوار کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیے جا سکتے ہیں۔ تاہم بابراعظم کی واپسی کا انحصار ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں ان کی کارکردگی پر ہے، اگر وہ سلیکٹرز کو متاثر کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو ان کی ٹیم میں واپسی کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔
حال ہی میں بابراعظم نے محمد رضوان اور نسیم شاہ کے ہمراہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران ملاقات بھی کی تھی۔
ایشیا کپ کے لیے حتمی اسکواڈ کا اعلان اگست کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے۔ ایشیا کپ 2025 کا آغاز 9 ستمبر کو افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان گروپ بی کے مقابلے سے ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں کل آٹھ ٹیمیں دو گروپس میں تقسیم کی گئی ہیں۔ پاکستان اور بھارت کو یو اے ای اور عمان کے ساتھ گروپ اے میں رکھا گیا ہے، جب کہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، افغانستان، سری لنکا اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔
پاکستان اپنا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف کھیلے گا، جبکہ روایتی حریف بھارت کے خلاف بڑا ٹاکرا 14 ستمبر کو ہوگا۔ اپنا آخری گروپ میچ 17 ستمبر کو یو اے ای کے خلاف ہوگا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بابراعظم کی ایشیا کپ ستمبر کو کے خلاف
پڑھیں:
ایشیا کپ کے لیے بنگلادیش نے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کردیا
ڈھاکا:بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ایشیا کپ 2025 اور رواں ماہ کے آخر میں نیدرلینڈز کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 25 رکنی ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔
بنگلادیش اے ٹیم کے 5 کھلاڑی بھی ایشیا کپ اسکواڈ کا حصہ ہیں، لٹن داس ٹیم کی قیادت کریں گے۔
اسکواڈ میں سب سے نمایاں شمولیت وکٹ کیپر بیٹر نورالحسن کی ہے، جنہیں ایک عرصے بعد دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
آل راؤنڈر مہدی حسن میراز کو سری لنکا اور پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حالیہ ناقص فارم کے باوجود اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔
بی سی بی کے مطابق دستیاب کھلاڑی 6 اگست کو میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں فٹنس کیمپ میں رپورٹ کریں گے، جب کہ 15 اگست سے مہارتوں کی مشق کا آغاز ہوگا۔ کیمپ 20 اگست کو سلہٹ منتقل ہو جائے گا۔
نیدرلینڈز کی ٹیم 26 اگست کو بنگلہ دیش پہنچے گی۔ تین ٹی ٹوئنٹی میچز 30 اگست، یکم ستمبر اور 3 ستمبر کو سلہٹ میں کھیلے جائیں گے۔
ایشیا کپ 2025 اور نیدرلینڈز سیریز کے لیے بنگلہ دیش کا ابتدائی اسکواڈ:
لٹن داس (کپتان)، تنزید حسن تمیم، محمد نعیم شیخ، سومیہ سرکار، پرویز حسین ایمن، توحید ہری دؤی، جاکر علی انک، مہدی حسن مرزا، شمعیم حسین، نجم الحسن شانتو، رشاد حسین، مہدی حسن، تنویر اسلام، ناسم احمد، حسن محمود، تسکین احمد، تنزیم حسن ساکب، محمد سیف الدین، ناہید رانا، مستفیض الرحمان، شرف الاسلام، سید خالد احمد، نورالحسن سحر، مہیدل اسلام انکون، سیف حسن۔