راولپنڈی؛ غیرت کے نام پر شادی شدہ لڑکی کا قتل؛ ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ
اشاعت کی تاریخ: 5th, August 2025 GMT
راولپنڈی:
غیرت کے نام پر شادی شدہ لڑکی کے قتل کیس میں ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
پیرودھائی کے علاقے میں غیرت کے نام پر سدرہ بی بی قتل کیس میں پولیس نے عدالت سے تمام 6 گرفتار ملزمان کا مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ مانگ لیا جب کہ وکلائے صفائی کی جانب سے مسلسل تیسری بار جسمانی ریمانڈ کی شدید مخالفت کی گئی۔
دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان سے آلہ قتل تکیہ اور لاش لے جانے والا لوڈر رکشہ برآمد کرنا ہے۔ ملزمان بہت چالاک ہیں، تکیہ اور لوڈر رکشہ حوالے نہیں کر رہے ۔
وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ گھسا پٹا تیسری مرتبہ موقف ہے، جب کہ لوڈر رکشہ پولیس پاس موجود ہے۔ پولیس ملزم گھر سے سرخ رنگ کا لوڈر رکشہ لے گئی ہے ۔ تکیہ بھی پولیس نے پہلے دن لے لیا تھا۔ لوڈر رکشہ اور تکیہ پھر بھی بہانا ہے تو صرف شوہر اور رکشہ مالک کا ریمانڈ لے سکتے ہیں ۔ دیگر 4 ملزمان جن سے کوئی چیز ریکور نہیں کرنی، انہیں جیل بھیجا جائے۔
بعد ازاں ڈیوٹی سول جج شمع یاسین نے دلائل سن کر فیصلہ محفوظ کر لیا ، جو کچھ دیر بعد سنایا جائے گا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: لوڈر رکشہ
پڑھیں:
بہاولپور: شک کی بنیاد پر خاوند، سسر اور دیور نے خاتون کو قتل کردیا
بہاولپور میں شک کی بنیاد پر خاوند، سسر اور دیور نے مل کر خاتون کو پھندا لگا کر قتل کردیا۔
رپورٹ کے مطابق بہاولپور پولیس نے کہا کہ یہ افسوس ناک واقعہ ضلع بہاولپور کے قصبے قائم پور کے علاقےتلہڑ میں پیش آیا جہاں خاتون کے شوہر ، سسر اور دیور نےخاتون کو شک کی بنیاد پر پھندا لگا کر قتل کردیا۔
پولیس کا بتانا ہےکہ ملزمان قتل کے بعد خاتون کی تدفین کررہے تھےکہ خبر ملنے پر پولیس موقع پر بروقت پہنچ گئی اور کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو حراست میں لیا۔
بعد ازاں ایس ایچ او کی مدعیت میں ملزمان کےخلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیاجب کہ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔