لکی مروت میں دہشت گردوں کی فائرنگ، ایف سی اہلکار بیوی سمیت شہید
اشاعت کی تاریخ: 9th, August 2025 GMT
لکی مروت (نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایف سی اہلکار معراج الدین اور ان کی اہلیہ شہید ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ تتہ باشی خیل کے علاقے میں پیش آیا۔ معراج الدین اپنی بیوی کے ساتھ رکشے میں تترخیل سے گاؤں تتہ باشی خیل جا رہے تھے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کر دی۔ بتایا گیا ہے کہ معراج الدین بلوچستان میں بطور کلرک فرائض انجام دے رہے تھے۔
یہ واقعہ اس علاقے میں پیش آنے والا پہلا حملہ نہیں۔ اس سے قبل لکی مروت کے خیروخیل پکہ کے قریب بھی دہشت گردوں کی فائرنگ میں دو پولیس اہلکار، حکمت اللہ اور خان بہادر، شہید ہو گئے تھے۔ پولیس کے مطابق دونوں اہلکار ڈاک ڈیوٹی پر تھے اور موٹرسائیکل پر ڈاک لینے مختلف تھانوں جا رہے تھے۔ حکمت اللہ تھانہ پیزو جبکہ خان بہادر تھانہ شہباز خیل میں تعینات تھے۔ حملہ آور واقعے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
علاقے میں ان واقعات کے بعد خوف و ہراس کی فضا قائم ہے اور سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
Post Views: 7.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: دہشت گردوں کی لکی مروت
پڑھیں:
کراچی میں اندھی گولیاں لگنے سے خاتون سمیت دو زخمی
کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی 51 سی کے علاقے جنجال پورہ میں عرفان میڈیکل کے قریب گولی لگنے سے خاتون زخمی ہوئی۔ چھیپا ترجمان کے مطابق زخمی خاتون کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسکی شناخت 25 سالہ عائشہ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والے گولی لگنے کے نتیجے میں پیش آیا ہے تاہم خاتون کا بیان لیکر مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
ادھر اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں واقعے خالد آباد لال مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔ زخمی شخص کو چھیپا ایمبولنس کے زریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسکی شناخت 35 سالہ ثاقب ولد مختیار کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکی ہیں۔