موریطانیہ کے ساحل پر تارکینِ وطن کی کشتی الٹ گئی، 70 ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 31st, August 2025 GMT
بانجول/ایتھنز: مغربی افریقہ کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی ایک کشتی الٹنے کے نتیجے میں کم از کم 70 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 30 سے زائد لاپتہ ہیں۔ یہ حادثہ بدھ کی صبح پیش آیا جب کشتی گیمبیا سے روانہ ہوئی تھی اور اس میں زیادہ تر گیمبیا اور سینیگال کے شہری سوار تھے۔
گیمبیا کی وزارتِ خارجہ کے مطابق کشتی میں تقریباً 150 مسافر موجود تھے جن میں سے صرف 16 افراد کو زندہ بچایا جاسکا۔ موریطانیہ کی ریسکیو ٹیموں نے بدھ اور جمعرات کو 70 لاشیں برآمد کیں جبکہ عینی شاہدین کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 100 سے زائد ہوسکتی ہے۔
یہ کشتی یورپ پہنچنے کے لیے استعمال ہونے والے خطرناک راستے اٹلانٹک مائیگریشن روٹ پر رواں دواں تھی، جو افریقہ سے اسپین کے کینری آئی لینڈز تک جاتا ہے۔
یورپی یونین کے مطابق صرف گزشتہ سال 46 ہزار سے زائد غیر قانونی تارکینِ وطن کینری آئی لینڈز پہنچے، جبکہ 10 ہزار افراد اس جان لیوا سفر کے دوران ہلاک ہوئے، جو 2023 کے مقابلے میں 58 فیصد زیادہ ہے۔
گیمبیا کی حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی خطرناک ہجرتی کوششوں سے گریز کریں جو ہزاروں زندگیاں نگل چکی ہیں۔
ادھر یونان کے جزیرے رھوڈس کے ساحل پر ہفتے کی صبح ایک مرد اور ایک کمسن بچی کی لاش ملی۔ اطلاعات کے مطابق یہ دونوں افراد ایک سمگلروں کی کشتی پر سوار تھے جو انہیں ساحل کے قریب چھوڑ کر کھلے سمندر کی طرف لوٹ گئی۔ باقی دس مسافر زندہ ساحل تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔
یونانی کوسٹ گارڈ نے مزید 38 تارکین وطن کو قریبی علاقے سے گرفتار کیا ہے، یوں کل 41 افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے۔ تمام زندہ بچ جانے والوں کو بندرگاہی حکام کے حوالے کردیا گیا جبکہ لاشوں کو رھوڈس جنرل اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
یونانی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ شمالی افریقہ سے سمندر کے راستے آنے والے تارکینِ وطن کی پناہ گزینی کی درخواستوں کو تین ماہ کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کوہاٹ: ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، بچے سمیت 3 افراد قتل
ڈیرہ اسماعیل خان+ کوہاٹ (نامہ نگاران) کوہاٹ شہر کے علاقہ چشمہ جات کے قریب فائرنگ سے ایک راہگیر بچے سمیت دو افراد کو قتل کر دیا گیا۔ قتل ہونے والا شخص کرم پولیس کا اہلکار ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوہاٹ شہر کے علاقہ چشمہ جات کے قریب نامعلوم ملزموں کی جانب سے فائرنگ میں کرم پولیس کا اہلکار رحیم سکنہ جنگل خیل کوہاٹ اور ایک راہگیر بچہ نقیب اللہ سکنہ میاں گڑھی جو نہانے کے لئے چشمہ جات آیا ہوا تھا۔ لگ کر جان بحق ہوگئے۔ جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پنیالہ کے گائوں کٹہ خیل میں نامعلوم ملزموں نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل پنیالہ کی گائوں کٹہ خیل میں نامعلوم ملزموں نے مسجد کے اندر نماز ادا کرنیوالے نوجوان وحید اللہ ولد عبدالرشید سکنہ محلہ بیگ خیل کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔