جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے دوران دلچسپ صورتحال
اشاعت کی تاریخ: 19th, September 2025 GMT
—فائل فوٹو
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے دوران دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی۔
سماعت کے دوران وکیل فیصل ملک نے کہا کہ کیس کی مزید کارروائی سے قبل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی جائے۔ جس پر عدالت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو پیغام بھیجا ہے، وہ ابھی تیار نہیں ہوئے۔
وکیل صفائی نے کہا کہ ٹرائل کی کارروائی سے قبل وکلاء کا بانی سے ملنا ضروری ہے ان سے ہدایات لینی ہیں۔
پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ وکلاء صفائی سیاسی گفتگو کے بجائے عدالتی کارروائی کی طرف آئیں، ملزم سابق وزیراعظم ہے لیکن ان کے لیے قانون نہیں بدلا جاسکتا، فیئر ٹرائل کا ماڈل قانون کے اندر موجود ہے، ملزم ٹرائل سے مطمئن نہیں تو اسے چیلینج کرے۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ ہم ٹرائل کو ہائی جیک نہیں ہونے دیں گے، کیس کا ٹرائل وکلاء صفائی کی مرضی سے نہیں چلے گا، بانی پی ٹی آئی کو 3 پیغامات بھیجے گئے پیش ہوں، وہ تیار ہی نہیں ہو رہے۔
وکیل صفائی نے کہا کہ ہمارا سیدھا سا آرگیومنٹ ہے، ملزم کہاں ہے، ہم ٹرائل میں رخنہ نہیں ڈال رہے، اپنے موکل سے مشاورت چاہتے ہیں، ہم عدالت سے اپنا اور موکل کا بنیادی حق مانگ رہے ہیں، ہمیں کہا گیا ملزم کو ویڈیو لنک پر پیش کیا جائے گا، واٹس ایپ کال پر نہیں۔
وکیل صفائی نے بانی کو واٹس ایپ کال پر پیش کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ قانون میں ویڈیو لنک کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے، ویڈیو لنک کے حوالے سے بین الاقوامی نظیریں موجود ہیں، واٹس ایپ کال کو ویڈیو لنک تصور نہیں کیا جاسکتا۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ پنجاب حکومت کے نوٹیفکیشن میں کسی ویڈیو لنک سے متعلق کسی ڈیوائس یا اسکرین کا نہیں بتایا گیا، بانی پی ٹی آئی سابق وزیراعظم ہیں، ہمارے لیے قابل احترام ہیں، کسی سابق وزیراعظم کیلئے نیا ضابطہ فوجداری نہیں لکھا جاسکتا، آئین پاکستان کے مطابق قانون سب کیلئے برابر ہے، کسی کے اسٹیٹس سے قانون پر کوئی فرق نہیں پڑتا، ملزم ذاتی حیثیت یا ورچوئلی عدالت پیش ہو سکتا ہے، عدالت وکلاء صفائی کی شرائط پر نہیں چل سکتی۔
جس پر عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک حاضری کا مقصد وہ نظر آنے چاہئیں۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: بانی پی ٹی آئی ویڈیو لنک نے کہا کہ
پڑھیں:
جی ایچ کیو حملہ کیس کا جیل ٹرائل نوٹیفکیشن منسوخ، عمران خان ویڈیو لنک پر پیش ہونگے
سانحہ 9 مئی کے تمام 12 مقدمات کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی گئی، عدالت نے یکم اکتوبر کو جیل میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی شرکت کیلئے وڈیو لنک انتظامات کا حکم دے دیا۔ اسلام ٹائمز۔ حکومت پنجاب نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔ جی ایچ کیو حملہ کیس کی آئندہ سماعت یکم اکتوبر کو ہوگی، بانی پی ٹی آئی عمران خان ویڈیو لنک پر شریک ہوں گے۔ سانحہ 9 مئی کے تمام 12 مقدمات کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی گئی، عدالت نے یکم اکتوبر کو جیل میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی شرکت کیلئے ویڈیو لنک انتظامات کا حکم دے دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سماعت کی، جی ایچ کیو حملہ کیس میں یکم اکتوبر کیلئے 3 گواہان کی طلبی کے نوٹس جاری کیے گئے، عدالت نے کہا کہ تینوں گواہان کی عدالت میں پیشی یقینی بنائی جائے۔ عدالت نے کہا کہ نو مئی کے 11 مقدمات میں یکم اکتوبر کو بانی چیئرمین پی ٹی آئی میں چالان کی نقول تقسیم ہونگی۔
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی لاہور جیل سے ویڈیو لنک پر شریک ہونگے، ۔جی ایچ کیو حملہ کیس جیل ٹرائل 3 ماہ سے لٹکا ہوا تھا۔ آئندہ تاریخ یکم اکتوبر کو تمام ملزمان کے سمن طلبی جاری کردیے گئے اور تمام ملزمان کو یکم اکتوبر کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور پور کو بھی سمن جاری کردیا گیا، عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل، کنول شوزب وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود پیش نہیں ہوئے، فیصل آباد کورٹ سزاؤں پر عدالت نے 14 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔ عمر ایوب، شبلی فراز، کنول شوزب، زرتاج گل کو اشتہاری ملزمان قرار دینے کی قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔
ہوم ڈیپارٹمنٹ کا جی ایچ کیو جیل ٹرائل منسوخی کا نوٹیفیکیشن عدالت میں پیش کر دیا گیا، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء نے ہوم ڈیپارٹمنٹ نوٹیفیکیشن دینے کی درخواست دے دی۔ سرکاری پراسیکیوٹر اکرام آمین منہاس نے نوٹیفیکیشن عدالت میں پیش کیا، جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت جمعہ 19 ستمبر تک ملتوی کردی گئی، سانحہ 9 مئی کے دیگر 11 کیسز میں سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔