بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بڑی سہولت فراہم کردی گئی
اشاعت کی تاریخ: 25th, September 2025 GMT
پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے لینڈ ریکارڈز اور جائیداد منتقلی خدمات کی فراہمی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کی جانب سے صوبہ پنجاب سے متعقلہ اراضی ریکارڈ خدمات کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی پنجاب میں موجود اپنی اراضی کی فرد برائے ریکارڈ، فرد برائے لین دین/ فروخت، منظور شدہ انتقال کی نقل، ای رجسٹری، رجسٹری برائے خریدار اور رجسٹری فروخت کنندہ کی خدمات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ ابتدائی طور پر لندن سے ان خدمات کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ مرحلہ وار سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، سپین، امریکہ اور اٹلی میں مقیم پاکستانیوں کو بھی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈ ز اتھارٹی اکرام الحق کا کہنا ہے کہ جائیداد منتقلی کا طریقہ کار سادہ اور آسان ہو گا۔ اس طریقہ کار سے پاور آف اٹارنی کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔ فیس کی ادائیگی کے بعد الیکٹرانک رجسٹری کا ٹاسک سب رجسٹرار کے ذریعے وزارت خارجہ کے نامزد آفیسر کو بھجوانا ہو گا۔ تمام کوائف کی جانچ پڑتال اورنادرا سے براہ راست منسلک بائیومیٹرک تصدیق کے بعد ٹاسک واپس سب رجسٹرار کو بھیج دیا جائے گا۔ اس عمل سے ناصرف سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو سفر کی زحمت سے نجات ملے گی بلکہ دھوکہ دہی اور وقت کے ضیاع کا بھی خاتمہ ممکن ہو گا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
فیلڈ مارشل نے زبردست لیڈر شپ فراہم کی، دنیا ہماری بات سن رہی ہے: مریم نواز
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کے خلاف جنگ میں زبردست لیڈر شپ فراہم کی، اب پوری دنیا پاکستان کی بات سن رہی ہے۔لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ بھارت کے حملے کے بعد جس طرح پاکستان نے جواب دیا اس کا کریڈٹ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور پوری مسلح افواج کو جاتا ہے۔انھوں نے کہا کہ بھارت کو شکست دینے کے بعد دنیا اب پاکستان کو ایک تبدیل رویے کے ساتھ دیکھ رہی ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے زبردست لیڈر شپ فراہم کی، اب پوری دنیا پاکستان کی بات سن رہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مطابق پنجاب کی عوام کی طرف سے جو پیار ملا وہ کبھی سوچ بھی نہیں سکتی تھی، کارکردگی میں شہباز شریف کا ریکارڈ نہیں توڑا بلکہ میں ان کی ایکسٹینشن ہوں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ فخر کا مقام ہے کہ پنجاب اب گلوبل سطح پر جارہا ہے، پنجاب میں ڈیڑھ برس میں وہ کام ہوئے جنہیں اب گلوبل اسٹیج پر لے کر جا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب میں جرائم کی شرح نیچے آئی ہے، خواتین خود کو محفوظ تصور کر رہی ہیں، 51 فیصدخواتین اگر اپنا حصہ نہیں ڈالیں گی تو پاکستان ترقی کیسے کرے گا۔ایک سوال کے جواب میں مریم نواز کا کہنا تھا ہتک عزت کے قوانین بنادیے ہیں اب کسی کی پگڑی نہیں اچھلے گی۔