مریم نواز کا تاریخی اقدام، آئمہ مساجد کیلئے ماہانہ وظیفے کا اعلان، دنیا بھر میں خراجِ تحسین
اشاعت کی تاریخ: 28th, October 2025 GMT
قاری علی حسن—
جاپان سمیت دنیا بھر کے مذہبی و سماجی حلقوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس تاریخی فیصلے کو سراہا ہے، جس کے تحت پنجاب کی 65 ہزار مساجد کے آئمہ کرام کے لیے ماہانہ 10 ہزار روپے وظیفہ مقرر کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے اسلامک سینٹر تجوید القرآن جاپان کے چیئرمین قاری علی حسن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب کے کئی پس ماندہ علاقوں میں انتہائی تعلیم یافتہ اور صاحبِ علم آئمہ کرام انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں، ان میں سے اکثر کا وظیفہ یا تو چندے پر منحصر ہوتا ہے یا انہیں گندم و غلّے کی شکل میں معمولی اعانت دی جاتی ہے، جو ان کی مالی پسماندگی کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا یہ فیصلہ اگرچہ ان کے مسائل کا مکمل حل نہیں، مگر یہ آئمہ کرام کے لیے ایک بڑا سہارا اور قابلِ قدر سپورٹ ہے، جو ان کی خدمتِ دین کے عزم کو مزید مضبوط کرے گا۔
قاری علی حسن کے مطابق یہ اقدام مریم نواز شریف اور حکومتِ پنجاب کے دینی طبقات کے ساتھ مثبت تعلقات کی علامت ہے، دنیا بھر، بالخصوص جاپان، خلیجی ممالک اور یورپ میں موجود علماءنے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے مریم نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
مزید برآں حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اب مساجد کی تعمیر و مرمت کے لیے چندے کے بجائے انہیں سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) میں شامل کیا جائے گا، تاکہ عبادت گاہوں کے امور شفاف اور منظم انداز میں انجام دیے جا سکیں۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: مریم نواز
پڑھیں:
پنجاب حکومت کا 65 ہزار مساجد کے آئمہ کیلئے وظیفہ مقرر کرنے کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے صوبے بھر کی 65 ہزار مساجد کے آئمہ کرام کےلیے وظیفہ مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں 65 ہزار مساجد کے آئمہ کرام کےلیے وظیفہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ امام مسجد معاشرے کا قابل احترام اور صاحب تکریم فرد ہے، محلے میں چندہ اکٹھا کرکے امام مسجد کو ادائیگی غیر مناسب امر ہے۔ حکومت ضروریات کے لیے امام مسجد کی معاشی معاونت کرے گی۔
دوران اجلاس مساجد کی تعمیر اور مرمت کے پروجیکٹس سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے اور ان کی جلد تکمیل کے اقدامات کی ہدایت کی۔
اس موقع پر دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اجتماع کے لئے رائے ونڈ کی رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل کرلی گئی ہے، تبلیغی اجتماع کے لئے خصوصی بسیں بھی چلائی جائیں گی۔
مریم نواز نے ہدایت کی کہ رائے ونڈ اجتماع کےلیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔
اجلاس میں پنجاب میں سائبر کرائم سیل تشکیل دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال پر کارروائی یقینی بنائی جائے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ مذہبی حلقوں کی جانب سے حکومت کے اقدامات کی تحسین کی گئی ہے، تمام مساجد میں نماز جمعہ اور دیگر نمازیں باجماعت اداکی جارہی ہیں۔