پنجاب،میٹرک امتحانات 3 مارچ 2026سے شروع ہونگے، تعلیمی بورڈز کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 4th, November 2025 GMT
(نیوز ڈیسک) پنجاب بھر کے تمام تعلیمی بورڈز نے میٹرک امتحانات 2026 کا شیڈول جاری کردیا ہے۔
صوبے کے تمام بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے مطابق سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے پہلے سالانہ امتحانات آئندہ سال 3 مارچ سے شروع ہوں گے۔
امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی درخواستیں صرف آن لائن سسٹم کے ذریعے جمع کرائیں، کیونکہ کسی بھی صورت میں دستی فارم یا ہاتھ سے جمع کرائے گئے چالان قبول نہیں کیے جائیں گے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے اپنے متعلقہ بورڈز کی سرکاری ویب سائٹس سے تفصیلی رہنمائی حاصل کریں۔ تمام سکولوں کو پابند کیا گیا ہے کہ داخلہ فارم، پرنٹ شدہ کاپیاں اور بینک میں جمع شدہ فیس چالان متعلقہ بورڈز میں جمع کرائیں تاکہ کسی قسم کی تاخیر یا تکنیکی مسئلے سے بچا جا سکے۔
بورڈز حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات امتحانی نظام میں شفافیت، سہولت اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ اس سے نا صرف طلبہ اور سکول انتظامیہ کو آسانی ہوگی بلکہ پورے امتحانی عمل کو ڈیجیٹل نظام کے تحت زیادہ منظم اور مؤثر بنایا جا سکے گا۔
حکام کے مطابق امتحانات کے شیڈول اور داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخوں کی تفصیلات جلد تمام بورڈز کی ویب سائٹس پر دستیاب ہوں گی۔ طلبا اور والدین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی دشواری سے بچنے کے لیے آن لائن فارم مقررہ مدت کے اندر جمع کرائیں تاکہ رول نمبر سلپس اور دیگر امتحانی کارروائیاں بروقت مکمل کی جا سکیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے تمام نو تعلیمی بورڈز، بشمول لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، ساہیوال، ڈی جی خان اور سرگودھا، اس مشترکہ شیڈول پر عمل کریں گے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
روس کا پاکستانی طلباء کیلئے اسکالرشپ پروگرام کا اعلان
— فائل فوٹوروسی حکومت نے پاکستانی طلباء کے لیے اسکالرشپ پروگرام کے آغاز کا اعلان کر دیا۔
اس اسکالر شپ پروگرام کے آغاز کے اعلان کے بعد اب پاکستانی طلباء روس کی معروف یونیورسٹیوں میں بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی ڈگریوں کے حصول کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں موجود روسی سفارت خانے کے ترجمان ایگور کولیسنیکوف نے ’دی نیوز‘ کو بتایا کہ رشیئن سینٹر فار سائنس اینڈ کلچر پاکستان میں موجود واحد ادارہ ہے جو اسکالرشپ پروگرام کے تحت پاکستانی طلباء کو نامزد کرنے کا مجاز ہے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ اسکالرشپ ڈگری کی پوری مدت پر محیط ہے اور اس میں ماہانہ وظیفہ بھی شامل ہے یعنی طلباء کو داخلہ اور ٹیوشن فیس نہیں دینی پڑے لیکن سفر اور روز مرہ کے اخراجات خود برداشت کرنا ہوں گے۔
اس اسکالر شپ پروگرام کے لیے درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 15 جنوری 2026ء ہے۔ درخواستیں روسی فیڈریشن کے سرکاری تعلیمی پورٹل کے ذریعے آن لائن قبول کی جا رہی ہیں جہاں ممکنہ امیدواروں کو اپنے پسندیدہ شعبے اور ڈگری کا انتخاب کرکے متعلقہ تعلیمی دستاویزات جمع کروانے ہیں۔
جن طلباء کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا ان کو بعد میں میڈیکل اور فٹنس سرٹیفکیٹ اور ان سرٹیفیکیٹس کا مصدقہ روسی ترجمہ بھی فراہم کرنا ہوگا۔
انتخاب کا عمل تعلیمی قابلیت اور اور معاون محکموں کی جانچ پر مبنی ہوگا۔