یومِ شہدائے جموں کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اوروزیراعظم شہبازشریف کا پیغام
اشاعت کی تاریخ: 6th, November 2025 GMT
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اوروزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ بھارت کا غیر قانونی قبضہ آج بھی اہلِ کشمیر کے حقوق سلب کر رہا ہے، عالمی برادری کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے چشم پوشی نہ کرے،بھارت طویل عرصے سے بنیادی انسانی حقوق،حقِ خودارادیت اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہے یومِ شہدائے جموں کے موقع پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں صدرزرداری نے کہا کہ 6 نومبر1947 کا سانحہ برصغیر کی تاریخ کا بدترین قتلِ عام تھا۔ ڈوگرہ فوج،آر ایس ایس اور مسلح جتھوں نے جموں میں 2 لاکھ سے زائد مسلمانوں کو شہید کیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ نصف ملین سے زیادہ مسلمان جموں کے قتلِ عام کے بعد ہجرت پر مجبور ہوئے، جموں کا قتلِ عام جدید تاریخ کے سیاہ ترین ابواب میں سے ایک ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ عالمی برادری نے کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کو وہ توجہ نہیں دی جس کی وہ مستحق تھی، کشمیری عوام کی قربانیاں جموں وکشمیر کی نامکمل داستان کی یاد دہانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 اور 35-اے کی منسوخی آبادیاتی تبدیلی کے خطرناک منصوبے کا حصہ ہے، بھارتی اقدامات جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہیں، پاکستان جموں کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے،پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، ہم کشمیری عوام کے انصاف، وقار اور آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت طویل عرصے سے بنیادی انسانی حقوق،حقِ خودارادیت اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومبر 1947 میں بھارتی افواج اور انتہاپسندوں نے ہزاروں کشمیریوں کو تشدد کا نشانہ بنا کر شہید کیا تاکہ آبادی اور مذہبی تناسب کو تبدیل کیا جا سکے۔ شہباز شریف نے کہا کہ آج حکومتِ پاکستان اور عوامِ پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بلوچستان میں پائیدار امن کے عزم کا اعادہ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قومی اتحاد، استحکام اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے اور یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے محب وطن، باصلاحیت، باہمت اور ثابت قدم عوام ہی اس صوبے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صوبے کی سماجی اور معاشی ترقی کو یقینی بنانا، عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی یہی مشترکہ کاوشیں صوبے میں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے اور یہ کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ہر قسم کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی اور ملکی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہیں گی۔