طاقتور سمندری طوفان ویتنام کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا، ملک میں ایمرجنسی نافذ
اشاعت کی تاریخ: 7th, November 2025 GMT
HANOI, VIETNAM:
طاقتور سمندری طوفان ’ کلمیگی ‘ فلپائن میں تباہی مچانے کے بعد ویتنام کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا جس کے باعث ملک بھر میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
ویتنامی سرکاری میڈیا کے مطابق طوفان کے باعث ہواؤں کی رفتار 92 میل فی گھنٹہ (149 کلومیٹر فی گھنٹہ) تک ریکارڈ کی گئی جب کہ 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد فوجی اہلکار امدادی کارروائیوں کے لیے الرٹ کر دیے گئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ ملک کے 6 بڑے ہوائی اڈے بند کر دیے گئے ہیں اور سینکڑوں پروازیں منسوخ یا متاثر ہونے کا امکان ہے۔
ویتنام پہلے ہی ریکارڈ بارشوں اور سیلابوں سے نبرد آزما ہے اور اب اسے ایشیا کے اس سال کے طاقتور ترین طوفانوں میں سے ایک کا سامنا ہے۔
وزارتِ ماحولیات کے مطابق، طوفان نے ڈاک لک اور جیا لائی صوبوں میں ٹکرانے کے بعد شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
قومی موسمیاتی محکمے نے خبردار کیا ہے کہ سات صوبوں اور شہروں میں آئندہ چھ گھنٹوں کے دوران سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
مختلف علاقوں سے مکانات کی چھتیں اڑنے، درختوں کے گرنے اور ہوٹلوں کی شیشے کی کھڑکیاں ٹوٹنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
کوی نون کے علاقے میں مرکزی شاہراہوں پر درخت گر گئے جبکہ ڈاک لک صوبے کے دو قصبوں کے مکینوں نے اپنے گھروں کے منہدم یا زیرِ آب آنے کی اطلاعات دیتے ہوئے مدد کی اپیل کی ہے۔
ماہرین کے مطابق طوفان جنوبی بحیرہ چین میں 8 میٹر (26 فٹ) تک اونچی لہریں پیدا کر سکتا ہے، جس سے ساحلی علاقوں میں مزید تباہی کا اندیشہ ہے۔
ویتنامی حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور امدادی اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصان کو کم کیا جا سکے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پنجاب میں بارش کی پیشگوئی، کن علاقوں میں بادل برسنے کا امکان؟
لاہور:محکمہ موسمیات نے آج شام سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں ہلکی بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 5 نومبر تک پنجاب میں بارش کا امکان ہے، بارشیں آلودگی اور ایئرکوالٹی انڈکس کم ہونے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، تلہ گنگ، جہلم، سرگودھا، خوشاب، گجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بارشوں کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں برف باری کی پیشگوئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں واضح طور پر کمی واقع ہوگی جبکہ ممکنہ بارشوں سے اسموگ میں کمی ہوگی۔ اسموگ سے بچاؤ کے لیے ماسک کا استعمال کریں اور غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کے مطباق پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے، شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ کسان اپنی سرگرمیوں کو موسم کی صورتحال کے مطابق ترتیب دیں۔
ترجمان کے مطابق دوران سفر فوگ لائیٹس کا استعمال کریں، ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔