کارکن پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں: زرداری
اشاعت کی تاریخ: 14th, December 2025 GMT
لاہور (نامہ نگار ) صدر زرداری سے مختلف سیاسی شخصیات نے ملاقاتیں کیں جن میں گورنر پنجاب سلیم حیدر، پی پی رہنما عبدالقادر شاہین، مرتضیٰ محمود، علمدار قریشی، ملک مظہر اور نواب شیر وسیر شامل ہیں۔ زرداری نے مظفرگڑھ میں ضمنی الیکشن جیتنے پر علمدار قریشی کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن ہو رہے ہیں، کارکن تیاری کریں۔ پی پی کے رہنما اور کارکن عوام رابطہ مہم تیز کریں۔ عوامی دکھ درد کو ہم نے قریب سے دیکھا اور حل کرنے کی کوشش کی۔ سندھ کا ماڈل ہم تمام صوبوں میں لاگوکرنا چاہتے ہیں۔ سندھ کے ہیلتھ سسٹم کی ورلڈ بنک نے بھی تعریف کی ہے۔گورنر پنجاب اور صدر کی ملاقات میں باہمی دلچسپی و سیاسی امور پر گفتگو کی۔ صدر کو پنجاب کی سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی۔ پارٹی کے رہنماؤں نے پیپلزپارٹی کو پنجاب میں درپیش مسائل کے حوالے سے بھی آصف علی زرداری کو آگاہ کیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
کوئٹہ بلدیاتی انتخابات کیلئے 2 ہزار 870 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار
کوئٹہ(نیوز ڈیسک)الیکشن کمیشن نے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے 2 ہزار 870 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیئے۔
صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق انتخابات کیلئے 2 ہزار 870 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے، 329 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے 2 ہزار 541 امیدوار میدان میں ہیں، 641 میں سے 515 وارڈز میں امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا، 108 وارڈز میں صرف ایک امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، جبکہ 18 وارڈز میں کسی امیدوار کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے گئے۔
صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ 28 دسمبر کو ہوگی۔