بیداری مارچ کیلیے سندھ کی عوام باہر نکلے، صفدر عباسی
اشاعت کی تاریخ: 10th, January 2025 GMT
میرپورخاص (نمائندہ جسارت) گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے جنرل سیکرٹری صفدر عباسی نے کہا ہے کہ دریائے سندھ سے نکالے جانے والی کینالوں کے تمام عمل میں پیپلز پارٹی ملوث ہے، صدر زرداری کی جانب سے منظوری پر دستخط کے بعد معصوم بننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ راجہ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ صفدر عباسی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سندھ کو بنجر کرکے سندھ کی معیشت، زراعت کو تباہی کرنا چاہ رہی ہے جس سے نا صرف زراعت تباہ ہوگی بلکہ شہری علاقوں میں پانی سپلائی میں بھی کٹ لگ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کل سے بیداری مارچ شروع ہو رہا ہے، سندھ کی عوام کو باہر نکلنا ہوگا کیونکہ یہ اینٹی پاکستان اور اینٹی سندھ عمل ہے جس سے صوبوں میں نااتفاقی بڑھے گی۔ آج پاکستان میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ملک مکمل طور پر مفلوج ہوگیا ہے، حکمران قرض پر قرض لے کر عوام پر بوجھ ڈال رہے ہیں، 2024 کے بوگس انتخابات کے بعد سمجھ نہیں آرہی کہ ملک میں مارشل لاء لگا ہوا ہے یا ہائبرڈ نظام ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا، عدلیہ مکمل طور پر کمزور ہوچکی ہے، آئین کے اندر مرضی کا آئین بنایا گیا ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
متنازع نہروں کے معاملے پر پی پی کا وفد بات چیت کیلیے وزیراعظم ہاؤس پہنچ گیا
اسلام آباد:دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے متنازع منصوبے پر بات چیت کیلیے بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلزپارٹی کا وفد وزیراعظم ہاؤس پہنچ گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم سے ملاقات کیلئے پہنچے، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں اہم پیشرفت کا امکان ہے ۔
پیپلزپارٹی کے وفد میں راجہ پرویز اشرف، ندیم افضل چن، ہمایوں خان، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور شازیہ مری بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نئی نہروں کے معاملے پر سندھ حکومت کے تحفظات سے آگاہ کرے گی۔